خوشاب والو! ووٹ تقسیم نہیں کرنا بلکہ مل کرایک لوٹی اورلوٹے کو شکست دینی ہے

دھاندلی کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر اور لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہوا ہے، یہ دھاندلی کیا دھاندلا بھی کرلیں انہیں شکست دیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 8 جولائی 2022 19:54

خوشاب والو! ووٹ تقسیم نہیں کرنا بلکہ مل کرایک لوٹی اورلوٹے کو شکست دینی ہے
خوشاب (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 جولائی 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر اور لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہوا ہے، یہ دھاندلی کیا دھاندلا بھی کرلیں انہیں شکست دیں گے،ووٹ تقسیم نہیں کرنا صرف بلے پر مہر لگانی ہے، ہر پولنگ اسٹیشن پر نوجوان دھاندلی ناکام بنانے کیلئے پہرہ دیں ۔

انہوں نے خوشاب میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں سب سے پہلے میرے ساتھ وعدہ کرنا ہے کہ خوشاب میں ایک لوٹا اور ایک لوٹی کو شکست دینے کی ذمہ داری لینی ہے، یہ لوگ جو آپ سے ووٹ لیتے ہیں، پھر ضمیر کا سودا کرتے ہیں، ضمیر کی قیمت لگاتے ہیں، اپنی قوم آئین اور دین سے بھی غداری کرتے ہیں، یہ جنگ عمران خان کی نہیں، یہ سب کی جنگ ہے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، ہم نے جو سازش ہوئی تھی امریکا نے یہاں کے میر جعفر اور میر صادق کو ساتھ ملا کر 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت گرائی، ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر بٹھا دیا، 22کروڑ لوگوں کی توہین کی۔

(جاری ہے)

میری زندگی کا زیادہ تر حصہ کرکٹ کی وجہ سے مغرب میں گزرا، وہاں ضمانت والے انسان کو چپڑاسی کی نوکری نہیں دی جاتی، ہمارے یہاں کرپٹ ترین، جوتے پالش کرنے والے کو وزیراعظم بنا دیا، کیا شہباز شریف کو وزیراعظم، حمزہ ککڑی کو وزیراعلیٰ ، آصف زرداری اور ڈیزل کو مانتے ہیں۔ قوم انہیں کبھی تسلیم نہیں کرے گی، جتنی مرضی ایف آئی آرز کاٹیں، میرے اوپر 15ایف آئی آرز کاٹی گئیں ، دہشتگردی کے مقدمات بنائے گئے، ایاز میر پر تشدد کیا گیا، عمران ریاض کو جیل میں ڈالا گیا، ایک ٹیلیفون جس کا کوئی نمبر نہیں آتا، وہاں سے دھمکیاں آتی ہیں، وہاں سے ڈرایا اور خوف دلایا جاتا ہے، لاہور میں بیٹھے آدمی کا مشن ہے کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دیں، لاہور والے کو بتادوں ، تم اپنے آپ لو ذلیل کرو گے، جتنی مرضی دھاندلی کراؤ، جب 17جولائی کو ضمنی الیکشن کے نتائج آئیں گے تو حمزہ ککڑی کو واپس بھگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی برطانیہ کے وزیراعظم کو اپنی جماعت نے برطرف کردیا ہے، مولانا رومی سے کسی نے پوچھا کہ انسان مرتے ہیں،قوم کیسے مرتی ہے؟ مولانا رومی نے کہاکہ جب اچھے برے کی تمیز ختم ہوجائے قوم مرجاتی ہے، سوئٹزرلینڈ وسائل نہ ہونے کے باوجود دنیا کا خوشحال ملک ہے، فرق یہ ہے پیارے رسولﷺ نے 15سو سال قبل فرما دیا کہ جو طاقتور چوروں کو نہیں پکڑتی وہ تباہ ہوجاتی ہے، چھوٹے چور تو جیلوں میں چلے جاتے ہیں، قرآن میں اللہ پاک کہتا ہے کہ زمین میں نکل کر دیکھو میرا حکم نہ ماننے والی کتنی قومیں تباہ ہوئیں،اللہ نے سارے انسانوں کو حکم دیا کہ سچ حق کے ساتھ اور بدی کے خلاف جہاد کرنی ہے، جب ایک معاشرہ بڑے ڈاکوؤں کو اوپر بٹھا دیتا ہے تو وہ معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، شہبازشریف جیسا کرپٹ، نوازشریف جیسا بھگوڑا، زرداری جو تیس سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، فضل الرحمان جو بات اسلام کی کرتا ہے اور ضمیر ڈیزل کے پرمٹ پر بیچتا ہے، یاد رکھیں پھر ملک تباہی کی طرف جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن فیصلہ کرے گا کہ کیا ہم خودمختار قوم ہیں، یا ان چوروں کی قیادت قبول کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ لاالہ الااللہ کا مطلب ہے کہ اللہ تیرے سوا مسلمان کسی کے سامنے نہیں جھکتا،مورتیوں کے سامنے اور مٹی کے بتوں کے سامنے جھکنا ہی شرک نہیں، بلکہ سب سے بڑا بت خوف کا ہے، خوف کے بت کی وجہ سے انسان غلام بن جاتا ہے، کلمے کی طاقت سے انسان میں غیرت آجاتی ہے، یہ اوپر بیٹھے لوگ دہشت پھیلا رہے ہیں، خوف پھیلا رہے ہیں، کہ ہم ان کو قبول کرلیں، لیکن شہبازشریف چیری بلاسم، حمزہ ککڑی، زرداری اور ڈیزل تم سب سن لو پاکستان کے لوگ کبھی تمہیں تسلیم نہیں کریں گے، ہم وہ لوگ ہیں جو نبی پاک ﷺ کے نام پر جان دینے کیلئے تیار ہیں، ہم امریکا کی کبھی غلامی قبول نہیں کریں گے، لیکن شہبازشریف زرداری جن کا پیسا باہر ہے، باہر بڑے بڑے محلات ہیں، یہ اپنے پیسے کے غلام ہیں، ہمارا ایک سربراہ جب امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیک گیا اور ہم نے امریکی جنگ میں شرکت، تو 80ہزار لوگوں کی جانیں قربان ہوئیں، 35لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی، ہم نے امریکا کی مدد کی لیکن امریکا ہمارے اوپر چار سو ڈرون اٹیک کررہا تھا ، جب نوازاور زرداری سربراہ تھے۔

کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں تھا کیونکہ یہ امریکیوں کے غلام ہیں ،امریکا نے میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر سازش کی، جب انگریزوں نے مسلمانوں کی حکمرانی ختم کی تو بنگال میں میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر سراج الدولہ کے ساتھ مل کر شکست دی، اسی طرح ٹیپو سلطان کو بھی میر جعفر اور میر صادق کے ذریعے شکست دی گئی۔ اب یہ غدار چوروں کو اوپر لے کر آئے ہیں، یہ چور کبھی پاکستان کے قوم کیلئے کھڑے نہیں ہوں گے، یہ الیکشن نہیں بلکہ حقیقی آزادی کی جدوجہد اور جہاد ہے۔

ایک ایک نوجوان نے ذمہ داری لینی ہے، شیف برادران نے زندگی میں کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی، سارا ٹبر جھوٹ بولتا ہے، بیٹی کہتی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے، اس نے یہ بات 2014 میں کہی لیکن 2016 میں انکشاف ہوا کہ لندن کے مہنگے علاقے میں چار بڑے محلات مریم بی بی کے نام پر ہیں۔ انہوں نے الیکشن میں دھاندلی کرنی ہے، ان کے ساتھ لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہوا ہے، دوسرا چیف الیکشن کمشنر بیٹھا ہوا، آج ہی دیکھا کہ اس کی بیوی کو کسٹم میں ایک بڑا عہدہ دے کر نواز دیا ہے جہاں بڑا پیسا بن سکتا ہے، یہ دھاندلا بھی کرلیں ہم ان کو شکست دیں گے، ہر پولنگ اسٹیشن پر دس دس دلیر نوجوان کھڑے ہوں اور پہرہ دیں ، ہم ان کا دھاندلا ناکام بنائیں گے ، میر اپیغا م ہے ووٹ تقسیم نہیں کرنا بلکہ صرف بلے کو مہر لگانی ہے، خوشاب پر مجھے ایسے ہی فخر ہونا چاہیے جیسے جیت کے بعد میانوالی پر فخر ہوتا ہے۔


خوشاب میں شائع ہونے والی مزید خبریں