تیر و ترکش

بدھ 17 اپریل 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#نیب نے شہبازشریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو طلب کرلیا۔
کسی ”شریف“ نے ہی تو فورتھ شیڈول کے فارم منظور کیے تھے ناں!
#ہر مسئلے پر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، چودھری پرویزالٰہی
یعنی آپ اپنے کھڑے رہنے کے لیے مسئلے ختم نہیں ہونے دیں گے حکومت کے۔
#جو بیوروکریٹ کام نہیں کرے گا گھر جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب
حضور! گھر سیاست دان جایا کرتے ہیں، بیوروکریٹ تو افسر بکارِ خاص لگتے ہیں۔


#مجھے ایم کیو ایم سے کوئی نہیں نکال سکتا، ڈاکٹر فاروق ستار
آپ کو نکالا تو کسی نے نہیں، بس آپ کو پی آئی بی میں چھوڑکر باقی ساری ایم کیو ایم بہادرآباد، لندن اور ڈیفنس چلی گئی ہے۔
#حکومت کی اپنی سیٹی بجنے والی ہے، نواز لیگ
فی الحال تو آپ کا باجا بج رہا ہے۔

(جاری ہے)


#کراچی سرکلر ریلوے پر پاکستان کے جواب کا انتظار ہے، جاپانی سفیر
بس پھر پاکستان کی طرف سے جواب ہی سمجھیں!
#سیاست دان نہ ہوتا تو انسانوں کی فلاح کے لیے کام کررہا ہوتا، بلاول
چلیں! یہ تو تسلیم کیا کہ آپ کی سیاست دانی انسانوں کی فلاح کے لیے نہیں۔


#مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد نوازشریف کا طبی معاینہ، دل کی دھڑکن نارمل نہیں، مزید علاج کے لیے مشاورت۔
مولانا کی خود طبیعت خراب ہوگئی اس ملاقات کے بعد، لگتا ہے دونوں دلوں کی بے تابی زرداری صاحب کو بھی انگیخت کرکے رہے گی۔
#خورشید شاہ کی درخواست پر شہبازشریف کا بلاول بھٹو کو اپنا ایک چیمبر دینے کا فیصلہ۔
اب بتا!
#جب قوم ساتھ کھڑی ہوتو ہر مسئلے کا حل نکل آتا ہے، آرمی چیف
اب تو سمجھ جائیں نام کے مقتدرین!
#شریف خاندان کے خلاف نئے مقدمات دائر ہوں گے، وزیراعظم
پرانے مقدمات سے ”مقاصد“ حاصل نہیں ہوئے ناں!
#اب مذاکرات نئی بھارتی حکومت سے ہوں گے، فواد چودھری
اگر نئی بھارتی حکومت نے کہہ دیا کہ اب مذاکرات نئی پاکستانی حکومت سے ہوں گے تو پھر کیا ہوگا؟
#نواب اسلم رئیسانی 64 برس کی عمر میں یونیورسٹی داخل۔


 55برس کے اکثر سیاست دانوں کو نواز صاحب کی پیروی کی ضرورت ہے۔
#ملک کی ساری ذمہ داری حکمرانوں پر نہیں، مصطفی کمال
اس لیے حکمرانوں کو کبھی ساری ذمہ داری ملی بھی نہیں ملک کی۔
#فواد چودھری جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے ہیں، حنا ربانی کھر
پیپلزپارٹی میں بھی کچھ عرصہ رہے ہیں ناں چودھری صاحب!
#وزیراعظم کا 72 گھنٹے میں دواوٴں کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کا حکم۔


یہ حکم وزیراعظم صاحب نے 10 اپریل کو دیا تھا، جو ہنوز تشنہٴ تکمیل ہے، ہور سناوٴ!
#گزشتہ حکومت کی نج کاری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی، وفاقی وزیر نج کاری میاں محمد سومرو
پھر گزشتہ حکومت تبدیل کیوں کی گئی؟
#حکومت ہر مدرسے کے ساتھ اسکول تعمیر کرے، چیف جسٹس
حالانکہ ہر اسکول کے ساتھ مدرسہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔
#پی پی نے لسانیت کے بیج بوئے، ایم کیو ایم
آپ نے بھی تو پھل کھائے ہیں پی پی کے بوئے ہوئے بیجوں کے!
#ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان فارغ، نئے ایم ڈی کے انتخاب کے لیے کمیٹی تشکیل۔


اس کا مطلب فواد چودھری صاحب کی وزارت کہیں نہیں جانے والی!
#نئے پاکستان میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں، صدرِ مملکت عارف علوی
اس لیے ایوانِ صدر میں مشاعرے پر صرف 36 لاکھ خرچ ہوئے ہیں۔
#آئی ایم ایف کے ساتھ اصولی اتفاق ہوگیا، اسد عمر
اصولی کو چھوڑیں، اس وقت ضرورت وصولی کی ہے جناب!
#پاکستان کے معاشی حالات مزید خراب ہوں گے، آئی ایم ایف
آپ کے چنگل میں جو پھنس جائے اس کے حالات کب اچھے ہوئے ہیں؟
#شیخ رشید کا لال حویلی یونیورسٹی کو عطیہ کرنے کا اعلان
ہم نے تو سنا تھا کہ لال حویلی اوقاف کی ملکیت ہے۔


#سندھ حکومت کراچی کو اپنا کیوں نہیں سمجھتی، سپریم کورٹ
سندھ حکومت اپنا سمجھتی کس کو ہے؟ چاہے لاڑکانہ اور سکھر کا چکر لگا کر دیکھ لیں!
#حکومت وزیراعظم کے حکم پر چلتی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
اس اطلاع دینے کی ڈیوٹی لگانے والوں کا شکریہ!
#حکومت گرانا مسائل کا حل نہیں، ہمیں بھی 5 سال دیے جائیں، شاہ محمود قریشی
لگتا ہے دال میں کچھ کالا پڑنا شروع ہوگیا ہے جو آپ کو اس طرح کا بیان دینا پڑا۔


#مہنگائی میں اضافے کی رفتار کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
او بھائی! ریکارڈ توڑ حکومت ہے، کوئی مذاق ہے؟
#200بندے الٹے لٹکاتے تو پیسے مل جاتے، فواد چودھری
الٹے کیا صرف 10 لوگوں کو سیدھا ہی لٹکا دیں تو پیسے مل جائیں گے!
#برآمدات کم، مہنگائی بڑھ گئی، مشیر تجارت۔ اگلے ڈیڑھ سال بھاری گزریں گے، وزیر ریونیو
اس طرح کی خبریں فیصل واوٴڈا تک نہیں پہنچتیں شاید!
#لاہور ہائی کورٹ: حنیف عباسی کی ضمانت، وزیراعلیٰ بزدار کی پیشی۔
اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :