کوہ سلیمان اور دیائے سندھ ڈاکوؤں کی طویل اور محفوظ آماجگاہوں کا ذمہ دار کون؟

جمعرات 10 جون 2021

Saeed Mazari

سعید مزاری

نہ تعلیم، نہ روزگار، اوپر سے قبائلیت کی یلغار، اور جب  قانون نافذ کرنے والے  اور انتظامی ادارے  بھی ہوں سیاسی مصلحت کے شکار تو پھر  پنجاب سے سندھ تک ڈاکوؤں کی کیوں نہ ہو للکار،ڈیرہ غازی خان  کی پہاڑوں سے لے کر سندھ کے دریائی علاقوں تک ہر فرد ہے عدم تحفط کا شکار۔
وطن عزیز کے نقشے پر نظر دوڑائیں تو عین وسط میں جنوبی پنجاب  کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور اور رحیمیار خان  کے علاقے دکھائی دیتے ہیں ، جبکہ ان سے متصل  صوبہ سندھ کے اضلاع کشمور، گھوٹکی اور مشرق کی جانب کوہ سلیمان کے  پہاڑی سلسلے کے دوسری طرف بلوچستان کے اضلاع   بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور ڈیرہ مراد جمالی واقعہ ہیں ۔


گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں ڈاکوؤں کے خطرناک ترین گینگ بھی  جنوبی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے ملحقہ علاقوں سے سامنے آئے،ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی کل آبادی لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ ہے اور یہاں پر سب سے زیادہ تعداد بلوچ قبائل کی ہے، لغاری، مزاری، بزدار، کھوسہ، گورچانی یہاں کے مشہور و معروف اور بااثر قبائل شمار کیے جاتے ہیں ،ان قبائل کے بیشتر سردار ناصرف سیاسی طور پر انتہائی متحرک ہیں بلکہ تقریباً قیام پاکستان سے اب تک ان قبائل کے نامور سردار صوبائی اور وفاقی حکومتوں میں اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز  چلے آ رہے ہیں ،
ماضی میں صدر مملکت سردار فاروق لغاری، نگران وزیراعظم میر بلخ شیر مزاری، وزیراعلیٰ پنجاب سردار سیف کھوسہ، غلام مصطفیٰ کھر،  ذوالفقار خان کھوسہ، سابق ڈپٹی سپیکر سردار شوکت مزاری، سردار شیرعلی خان گورچانی، حالیہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار، ڈپٹی سپیکر پنجاب میر دوست محمد مزاری جیسی شخصیات کا تعلق بھی ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے ہے۔

(جاری ہے)

ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا محل وقوع جہاں جغرافیائی لحاظ سے اہم ہے وہاں دفاعی اعتبار سے بھی اس خطے کی اہمیت سے انکار ناممکن ہے، مشرق میں  میں دشمن ملک بھارت کی اس خطے پر نظر ہے، بھارت پاکستان کو ایک اور زخم دینے کیلئےاسی راستے سے بلوچستان میں رسائی کا خواہشمند ہے،سیاسی، جغرافیائی اور دفاعی لحاط سے اس قدر اہم خطہ  تعمیر و ترقی کے حوالے سے روز اول ہی سے حکومتوں  کی عدم توجہی  کا شکار رہا ہے، ڈیرہ بگٹی  ، بارکھان اور ڈیرہ مراد جمالی ہوں یا پھر سندھ  کے  علاقے  کشمور، جیکب آباد، شکار پور اور گھوٹکی  ، یہ تمام علاقے تعلیم، روزگار سمیت زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہیں ،  لوگوں کا گزر اوقات  کا ذریعہ گلہ بانی، کاشت کاری یا  پھر محنت مزدوری ہے، قانون کی عمل داری تو درکنار اس کا تصور بھی ان علاقوں میں موجود نہیں ہے، بظاہر پولیس ، عدالتیں  اور دیگر انتظامی ادارے تو موجود ہیں تاہم عملی طور پر ان سب کا اثر رسوخ کہیں موجود نہیں ہے، اصل حکومت ان علاقوں کے سرداروں ، وڈیروں اور سیاسی لوگوں کی ہے۔


کوہ سلیمان کے قبائلی علاقوں میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے بارڈر ملٹری پولیس، رینجرز اور بلوچ لیویز تعینات ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان ، راجن پور، مظفر گڑھ ، سمیت سندھ کے میدانی علاقوں میں پولیس جرائم پر قابو پانے کیلئے موجود ہے،  تاہم  جرائم پیشہ گروہوں کے ارکان کی  آپس میں قبائلی رشتہ داریوں، سیاسی اثر رسوخ اور وسائل کی کمی کے باعث یہ تمام اداروں کو  شہریوں کو تحفظ دینے میں خاطر خواہ کامیابی  نہیں مل پا رہی، ان علاقوں میں جرائم کی شرح میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ جہاں قبائلی سرداری نظام ، غربت ، جہالت کو قرار دیا جا سکتاہے وہاں پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں چھپی کالی بھیڑیں بھی امن کی راہ مین بڑی رکاوٹ ہیں ، ڈیرہ غازی خان،راجن پور، رحیمیار خان، کشمور، گھوٹکی اور شکار پور سمیت اس خطے میں موجود تمام جرائم پیشہ عناصر کو جدید ترین اسلحے کی سپلائی کوہ سلیمان کے راستے سے ہوتی ہے،   جبکہ دریائے سندھ کے درمیان موجود جزیرہ نما کچے کے علاقے خطرناک گروہوں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں، ڈاکوؤں کے گروہوں نے کچے کے علاوہ بھی ہرعلاقے  اور ادارے میں  اپنے سہولت کار بنا رکھے ہیں جو انہیں پل پل کی خبر پہنچاتے رہتے ہیں۔


حال ہی میں صوبہ سندھ کے علاقہ شکار پوراور کشمور میں مسلح ڈاکوؤں کیجانب سے دس افراد کے قتل، اغوا اور جنوبی پنجاب کے ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کی وحشیانہ کارروائیوں نے ایکبار پھر ملک بھر میں  ہر شخص کو تشویش سے دوچار کردیا ہےسندھ  میں ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے بکریاں چوری کرنے کیخلاف مزاحمت پر ایک ہی خاندان کے دس افراد کو بے دردی سے قتل کردیا اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز ویڈیو بھی شیئر کردی، جبکہ شکار پور میں ڈاکوؤں نے بے گناہ لوگوں کو اغوا کرلیا، آپریسن کیلئے جانیوالی پولیس کی بکتر بند گاڑی قابو کر لی اور کئی جوانوں کو شہید اور زخمی کردیا، اسی طرح  ڈیرہ غازی خان کے بدنام ترین لادی گینگ کی ایک سفاکانہ ویڈیو نے جہاں انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیئے وہاں اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے بڑوں کو بھی  ایسے وحشیانہ گروہوں کا سر کچلنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنے کیلئےمجبور کردیا، لادی گینگ کے ارکان نے مخبری کے شبہ  اغوا کے بعد اعضاء کاٹ دیئے اور اس وحشیانہ اقدام کی ویڈیو بنا وائرل بھی کی گئی، لاقانونیت کا یہ سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری و ساری ہے، جنوبی پنجاب کے اہم ترین ڈیرہ غازی خان ریجن  سے سندھ کے وسط تک پھیلے دریائی کچے کے علاقوں میں اس وقت مختلف ناموں سے چھوٹے بڑے پچاس سے زائد جرائم پیشہ گروہ سرگرم ہیں ، جو اہم شاہراہوں پر ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں، اغوا برائے تاوان، قتل،  بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں، ان جرائم پیشہ گروہوں کا آپس میں مضبوط ربط ہے، یہ گروہ ایک دوسرے کو اسلحہ  فراہمی کے ساتھ ساتھ افرادی قوت اور مشکل وقت میں پناہ سمیت ہر طرح کی مدد بھی باہم پہنچاتے ہیں، جنوبی پنجاب میں منظم جرم کی یہ داستان 1996 میں حافظ ریاض بسرا کے جھنگوی گروپ کے قیام سے  شروع ہوئی، بظاہر یہ گروپ ایک مذہبی گروہ کے طور پر سامنے آیا جو ناموس اہلبیت اور ناموس صحابہ کے نام پر اپنے مخالف عقیدے کے حامل افراد کو سبق سکھانے کیلئے وجود میں لایا گیا تھا، لیکن بعد ازاں اس گروہ نے خطرناک ترین ڈکیت اور دہشتگرد گینگ کی شکل اختیار کرلی، ایک وقت آیا کہ ریاض بسرا کا نام مسلکی اختلاف رکھنے والوں سمیت بڑےکاروباری حضرات سمیت  عام شہریوں کیلئےبھی خوف کی علامت بن گیا، جھنگوی گروپ کے بعد پھر آئے روز ایک نیا گروہ سامنے آنے لگا،  1998 میں ضلع مظفر گڑھ کے علاقوں علی پور اور اردگرد میں قتل، راہزنی اور اغوا برائے تاوان جیسی وارداتوں میں ملوث ایک اور گروہ سامنے آ گیا جو بوسن گینگ کے نام سے جانا گیا، بوسن گینگ کو اصل شہرت 2001 میں حاصل ہوئی جب پولیس کو کچے میں مجود اس کے ٹھکانوں کے خاتمے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس آپریشن مین بوسن گینگ کے مسلح ارکان نے پولیس کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا کر پچھاڑ دیا تھا، بوسن گینگ اس خطے کا وہ پہلا ڈکیت گروہ تھا جس نے  دریائے سندھ کے کچے کے علاقوں  اور کوہ سلیمان  کی گھاٹیوں میں موجود چھوٹے چھوٹے جرائم پیشہ گروہوں کو اپنے ساتھ ملا کر مظفر گڑھ ، ڈیری غازی خان، راجن پور ، رحیمیار خان سمیت جیکب آباد ، گھوٹکی اور بلوچستان میں علیحدگی پسندوں  تک نامور جرائم پیشہ لوگوں سے تعلقات استوار کرلیے اور اپنا مضبوط نیٹ ورک بنا لیا۔


بوسن گینگ، مریدا نوہکانی گینگ، راجن پور کے کچے میں موجود بابا لونگ گینگ، ضلع رحیمیار خان اور گھوٹکی کے کچے کے علاقوں میں موجود بھنڈر گینگ، شر گینگ، کوش گینگ کے ارکان  پنجاب ، سندھ میں وارداتیں کرتے اور وارداتوں سے حاصل آمدن آپس میں تقسیم کرلیتے، ان گینگز نے خود کو محفوط رکھنے کیلئے اور مخبری کیلئے  بی ایم پی  اور پولیس  افسران، سیاستدانوں، سرداروں ، وڈیروں  سمیت مخصوص افراد سے تعلقات بنا لیے، جو انہیں نا صرف اہم معلومات فراہم کرتے بلکہ قانونی  کارروائیوں اور وارداتوں کے بعد  اور مکمل سہولت کاری فراہم کرتے ہیں، بلوچستان کے علیحدگی پسند گروہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں موجود ان خطرناک گروہوں کوملکی و غیر ملکی جدید ترین  اسلحہ  فراہم کرتے ہیں، جو مبینہ طور پر بی ایم پی  اور محکمہ پولیس میں موجود ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے ذریعے ان تک پہنچائی جاتی  ہے، وارداتوں کے دوران لوٹ مار اور اغوا برائے تاوان سے حاصل ہونیوالے اسباب کی تقسیم کے دوران ان گروہوں میں آپس کی لڑائیاں بھی ہوتی ہیں، ایسی ہی لڑائی کی وجہ سے راجن پور کے کچے میں موجود بابا لونگ گینگ نے بوسن گینگ کے ارکان کو دھوکے سے بلوا کر اور کھانے میں نشہ آور شئے دے کر پولیس کے ہاتھوں مروا دیا، بابا لونگ گینگ  کا مرکز راجن پور کی تحصیل روجھان کا دریائی علاقہ کچہ جمال اور اس سے ملحقہ علاقے تھے، جبکہ بابا لونگ گینگ انڈس ہائی وے، کے ایل پی روڈ پر لوٹ مار کے ساتھ ساتھ رحیمیار خان، کشمور، راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور تک اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی وارداتیں کرتا رہا،  بابا لونگ گروہ کی کارروائیوں سے متاثر،  پولیس اور مقامی وڈیروں کی زیادتیوں سے تنگ آ کرغلام رسول باکرانی نامی شخص نے ایک مقامی ہوٹل کی بیراگیری چھوڑ کربابا لونگ کے ڈکیت گروہ میں شمولیت اختیار کرلی، بظاہر ایک عام شخص دکھائی دینے والا غلام رسول باکرانی انتہائی کم عرصے میں بابا لونگ گینگ کا اہم ترین رکن بن گیا اور چھوٹو کے نام سے معروف ہو گیا، بابا لونگ کا گروپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوا تو پھر اسی گروپ کے کچھ لوگوں کو ملا کر اور علاقے مزید جرئم پیشہ افراد کو اپنے پاس اکٹھا کرکے غلام رسول باکرانی عرف چھوٹو نے اپنا الگ گینگ بنا لیا، جو بعد ازاں مشہور معروف چھوٹو گینگ کے نام سے نا صرف راجن پور اور رحیمیار خان کے علاقوں میں دہشت کی علامت  سمجھا جانے لگا بلکہ اس گروہ  نے اپنی کارروائیوں کا دائرہ پورے پنجاب سمیت سندھ اور بلوچستان تک پھیلا دیا، چھوٹو گینگ کا نام پہلی بار اس وقت سامنے آیا جب  2005 میں اس گینگ نے سی پیک پر کام کرنے والے 5 چینی انجینئروں کو اغوا کرلیا،  اس وقت ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شوکت مزاری نے صوبائی حکومت کی درخواست پر ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے چینی انجینئروں کو تاوان کے بدلے باحفاظت رہا کروا لیا،  اس واقعے بعد چھوٹو گینگ کو شیہہ مل گئی اور اس نے بڑی بڑی کارروائیاں  ڈالنا شروع کردیں، 2005 میں چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس نے ایک بڑے آپریشن کی تیاری کی لیکن جب آپریشن کا وقت آیا تو روجھان سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی سردار نے اس آپریشن کی مخالفت کی اور اس وقت مقامی حکومت میں ہونے کے باعث اس سردار کی مداخلت اور مخالفت کے باعث آپریشن ملتوی کردیا گیا۔


چھوٹو گینگ نے بوسن اور بابا لونگ گینگ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ڈیرہ غازی کے لادی گینگ اور مریدا نوہکانی گینگ سے تعلقات قائم کرلیے، لادی گینگ جو دراصل ڈیرہ غازی خان کے کھوسہ  قبیلے کے بگڑے ہوئے نوجوانوں کا گروہ تھا ان کا مرکز کوہ سلیمان  پر واقعے تمن کھوسہ، تمن لغاری ، تمن بزدار  کے علاقے تھے، عام تاثر پایا جاتا ہے کہ اس گروہ کو تمن کھوسہ کے سرداروں ، وڈیروں اور مقامی ایم پی ایز اور ایم این ایز کی سرپرستی حاصل رہی ہے، یہ لوگ اس گروہ کو ڈی جی سیمنٹ فیکٹری ، اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں اور کمپنیوں سے بھتہ وصولی، سیاسی و سماجی مخالفین کو سبق سکھانے، افسران کو ڈرانے دھمکانے اور علاقے کے بڑے بڑے تاجروں  اور بڑی برادریوں پر اثر انداز ہونے کیلئے استعمال کرتے ہیں ، مریدا نوہکانی گینگ اور لادی گینگ میں کئی بار آمنا سامنا بھی ہوا ہے، مریدا نوہکانی گینگ اب عملی طور پر تقریباً ختم ہو چکا ہے، کیونکہ اس گینگ کے اکثر ارکان قبائلی دشمنیوں ، پولیس مقابلوں اور آپس کے اختلافات کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں لادی گینگ کا اصل سربراہ مبینہ طور پر ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا اور اس کے اور بھی کئی ارکان مبینہ پولیس مقابلوں اوراختلافات کے سبب اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں  اس لیے موجودہ لادی گینگ دراصل وہی لادی گینگ نہیں بلکہ یہ چاکرانی گینگ ہے جسے خدا بخش چاکرانی لیڈ کرہاہے، اور یہ گروہ کم و بیش 47 افراد پر مشتمل ہے، جس مین سے 17 افراد انتہائی مطلوب ڈکیت ہیں، اس گینگ پر جب بھی کوئی مشکل وقت آتا ہے تو یہ یا تو کوہ سلیمان کی پہاڑوں مین چھپ جاتے ہیں جہاں انہیں علیحدگی پسند فراریوں کی امداد میسر ہو جاتی ہے یا پھر یہ راجن پور، رحیمیار خان، اور سندھ کے کچے کے علاقوں میں جا کر چھپ جاتے ہیں اور حالات ٹھیک ہونے پر دوبارہ اپنی کمین گاہوں میں واپس لوٹ آتے ہیں۔

لادی گینگ کے خلاف جاری حالیہ آپریشن کے دوران بھی یہی معلومات آ رہی ہیں کہ اس کے بیشتر ارکان آپریشن شروع ہونے سے قبل ہی اپنے ٹھکانوں سے فرار ہوچکے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کو اس آپریشن میں خاطر خواہ کامیابی ملنے کے بہت کم امکان ہیں۔ ماضی میں بابا لونگ گین گ کے خلاف متعدد آپریشنز کیے گئے جن میں مجموعی طور پر پولیس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پھر چھوٹو گینگ کے خلاف کم و بیش 12 آپریشن کیے گئے لیکن ہر بار زیادہ نقصان مقامی افراد اور پولیس کا ہی ہوتا رہا، راجن پور ، مظفر گڑھ  اور رحیمیار خان پولیس نے آپریشنوں میں درجنوں پولیس اہلکار اور افسران شہید کروائے،  بالآخر 2016 میں 24 پولیس اہلکاروں کی رہائی کیلئے پاک فوج کو آپریشن کرنا پڑا، اس آپریشن کے دوران چھوٹو گینگ کا سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو نے اپنے 13 ساتھیوں سمیت گرفتاری دی، اور پھر پولیس کے مغوی اہلکاروں نے رہائی پائی،  چھوٹو گینگ سے متعلق ایک جے آئی ٹی بنی ، جے آئی ٹی کی چھوٹو گینگ سے متعلق تحقیقات میں انتہائی ہولناک انکشافات سامنے آئے کہ اس گینگ کو پولیس کے چند اعلیٰ افسران، اہلکاروں اور مقامی چند سرداروں اور وڈیروں نے کس طرح استعمال کیا، اور کس طرح اس گروہ کی سہولت کاری کی گئی۔

چھوٹو گینگ پر بننے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں باقاعدہ طور پر محکمہ پولیس  کے ملازمین سمیت دیگر سہولت کاروں کے نام بھی دیئے اور چھوٹو گینگ کے پورے نیٹ ورک  کو ایکسپوز کیا اس رپورٹ میں علاقے کے نامور سیاستدان اور اُس وقت کی حکومت میں موجود افراد کے نام بھی سامنے آئے تھے، لیکن بدقسمتی سے چھوٹو گینگ کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی،  اس کا نقصان یہ ہوا کہ چھوٹو کا گینگ ختم نہ ہوا بلکہ اس کے باقیات  فقط تین ماہ بعد ہی لٹھانی، عمرانی، بنوں، عطاء اللہ پٹ، لُنڈ اور دولانی گینگ کی شکل میں سامنے آ گئے،  اور آج تک یہ گینگ پورے علاقے میں سرگرم ہیں،  چند روز قبل بھی لٹھانی گینگ نے روجھان کے کچے سے دو پولیس اہلکاروں  کو اغوا کرلیا، جنہیں بازیاب کروانے کیلئے بظاہر علاقے مین آپریشن کیا گیا جبکہ حقیقت میں اہلکاروں کو چھڑوانے کیلئے ڈاکوؤں سے بااثر شخصیات کے ذریعے مزاکرات کیے گئے اور ان مذاکرات کے نتیجے میں پولیس نے پہلے بھورل لٹھانی نامی ڈاکوؤں کے ساتھی کو رہا کیا جس کے بدلے میں ڈاکوؤں نے دونوں اہلکاروں کو رہا کیا۔

کچھ ذرائع سے یہ بھی خبریں موصول ہو3ئی ہیں کہ اہلکاروں کے اغوا کا سارا معاملہ ہی ایک طے شدہ منصوبے کے تحت ہی عمل مین لایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس افسران اور لٹھانی گینگ کے مابین بھورل کی رہائی کے حوالے سے تمام معاملات پہلے ہی  لاکھوں روپے کے نذرانے کے عوض طے پا چکے تھے، ڈوکوؤں اور ڈیل کرنے والے پولیس کے ذمہ داران کی باہمی رضامندی سے دونوں اہلکاروں کا اغوا کیا گیا اور بعد ازاں اسے جواز بنا کر بھورل لٹھانی کی رہائی کیلئے راہ ہموار کی گئی۔

اسی طرح کشمور میں چاکرانی قبیلے کے دس افراد کے قاتل ڈاکوؤن کے خلاف آپریشن چل رہا ہے اس آپریشن کی حقیقت بھی یہی ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں سے مقابلے کیلئے دس افراد کی جانیں گنوانے والے چاکرانی برادری ہی کو آگے کردیا، اور خود ان سے پیچھے اپنے کیمپوں میں بیٹھ کر آپریشن کی فرضی ویڈیوز اور خبریں جاری کرکے کارکردگی دکھائی جارہی ہے۔ شکار پور میں تیغانی ، تنگوانی، سمیت دیگر اقوام کےجو ڈاکو سرگرم ہیں ڈیرہ غازی خان ، راجن پور، کشمور کی طرح یہاں کے کچے کے علاقوں میں بھی آپریشن کا فیصلہ کیا گیا جو گزشتہ کئی روز سے جاری ہے لیکن پولیس دعوؤں  برعکس  وہاں پرپنجاب پولیس کی طرح سندھ پولیس کوبھی کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو رہی، ڈاکوؤں سےکہیں زیادہ نقصان سندھ پولیس کا ہو رہا ہے،باخبر ذرائع کے مطابق شکار پور میں ڈاکووں کی معانت کیلئے لُنڈ گینگ، عطاءاللہ پٹ  گینگ اور فراریوں کے ارکان علاقے میں جود ہیں موجود ہیں ،جبکہ انہیں مقامی سرداروں اور وڈیروں سمیت اپنے قبائل کے لوگوں کی طرف سے بھی پولیس کے مقابلے میں امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

شکار پور میں ڈاکووں اور ان کی سرپرستی کے حوالے سے بیس صفحات پر مشتمل ایک جامع رپورٹ  سابق ایس ایس پی شکار پور ڈاکٹر رضوان نے بناکر کر اعلیٰ افسران کو دی، اس رپورٹ میں ڈاکتر رضوان نے ناصرف ڈاکووں کی نشاندہی کی بلکہ مکمل ثبوتوں اور فون کال ریکارڈ کی تفصیل کے ساتھ ان ڈاکووں کے سہولیت کاروں کو بھی بے نقاب کیا، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ اس رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ناصرف ڈاکوؤں کا قلع قمع کیا جاتا بلکہ ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی نشان عبرت بنایا جاتا لیکن اس کے برعکس ہوا یہ کہ ڈاکٹر رضوان کو سندھ حکومت کی جانب سے ناصرف پریشان کیا گیا بلکہ انہیں وہاں سے بھی ہٹا دیا گیا۔

ڈاکٹر رضوان نے اپنی رپورٹ مین واضح لکھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ حکومت کے چند وزراء و مشیران اور ان کے عزیز و اقارب شکارپور میں ڈاکوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ رپورٹ نے سندھ میں کھلبلی مچا دی اور انجام کے طور پر ڈاکٹر رضوان کو ہی ہٹا دیا گیا۔
ڈاکو خواہ کسی بھی علاقے مین ہوں ان کا خاتمہ تب تک ممکن نہیں جب تک کہ ان ڈاکوؤں کو رسد پہنچانے والے، پل پل کی خبر پہنچانے والے، پناہ دہنے والے ان کی سرپرستی کرنیوالے اور ان کو ہر طرح کی سہولت باہم پہنچانے والے افراد خواہ وہ کوئی بھی ہوں ، کسی بھی محکمہ میں کسی بھی عہدے پر فائز ہوں کا خاتمہ نہ کیا جائے۔

ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے عدالتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے کیونکہ اثر دیکھا گیا ہے کہ جرائم پیشہ بڑے بڑے لوگوں کو کسی نا کسی طرح عدالتون سے بھی ریلیف مل جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ اور مضبوط ہو جاتے ہین اور مزید بدامنی کا باعث بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت کو ان علاقوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے حکومت کو چاہیئے کہ جہاں سہولیات زندگی کی کمی، روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات کا فقدان ہے اور اس وجہ سے لوگوں میں تشدد پسندی فروغ پا رہی ہے تو ان علاقوں میں تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ ان علاقون کے لوگ احساس محرومی کا شکار ہو کر جرائم کا راستہ اپنانے کی بجائے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات سے فائدہ اٹھا کر ایک اچھے شہری اور معاشرے کیلئے کارآمد انسان بن سکیں۔


ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :