اشتہار برائے گمشدہ جماعت اسلامی

ہفتہ 23 نومبر 2019

Syed Sardar Ahmed Pirzada

سید سردار احمد پیرزادہ

جماعت اسلامی اپنے سائز اور تاثر کے اعتبار سے کبھی بھی عوامی جماعت نہیں رہی لیکن اس کمی کے باوجود بھی جماعت اسلامی کا سیاسی رعب صف اول کی سیاسی جماعتوں جیسا تھا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا بیان یا ایکشن حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی کا باعث بنتا اور ووٹ نہ دینے کے باوجود بھی عوام اِن کی طرف متوجہ ضرور ہوتے۔ گویا ماضی کی جماعت اسلامی بے حد کم ووٹ بینک کے ساتھ بھی معاشرے پر ایک بڑا اثر ڈالنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔

مثلاً قادیانیوں کے خلاف تحریک اور افغان جہاد کو چھوڑ کر بھی چند دیگر اہم واقعات کو یاد کریں تو پاکستان کی ہسٹری بتاتی ہے کہ جماعت اسلامی کے کئی مطالبات کو پاکستان کے چوہدری محمد علی کے 1956ء کے پہلے آئین میں شامل کرکے اسمبلی سے پاس کروایا گیا۔

(جاری ہے)


 اس موقع پر جماعت اسلامی کے بانی اور اُس وقت کے امیر مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی نے اس آئین کی تائید کی اور اسے اسلام کی فتح قرار دیا۔

جماعت اسلامی نے 1958ء میں مسلم لیگ کے عبدالقیوم خان اور سابق وزیراعظم اور نظام اسلامی پارٹی کے چوہدری محمد علی کے ساتھ مل کر ایک سیاسی اتحاد بنایا جس نے صدر سکندر مرزا کی حکومت کو بہت کمزور کیا اور ملک مارشل لاء کے ہاتھوں میں چلا گیا۔
 جماعت اسلامی 1970ء میں پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی لیگ کے خلاف انتخابات میں شامل ہوئی لیکن انتخابات سے چند روز قبل نوابزادہ نصر اللہ خان نے اتحاد کو چھوڑ دیا۔

اس سیاسی مایوسی کے موقع پر جماعت اسلامی نے آگے بڑھ کر اتحاد کی قیادت سنبھالی اور پیپلز پارٹی اور عوامی لیگ کے خلاف مشکل مہم بڑی شدومد سے چلائی۔ ریکارڈ گواہ ہے کہ مشرقی پاکستان میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی کسی سیاسی جماعت نے جماعت اسلامی سے بڑھ کر عملی کام نہیں کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے عروج کے دنوں میں جماعت اسلامی کے اُس وقت کے امیر میاں طفیل محمد نے 1973ء میں پیپلز پارٹی کی اخلاقی کرپشن کے خلاف فوج کو اپیل کی کہ وہ بھٹو حکومت کا تختہ الٹے۔

اسی خواہش کو آگے بڑھاتے ہوئے جماعت اسلامی ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف چلنے والی تحریک نظام مصطفی کی قیادت میں شامل ہوئی جس کی تکمیل جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء پر ہوئی۔
 مارچ 1977ء کے انتخابات میں وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی دھاندلی کے خلاف مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کو سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا کہا۔

اس موقع پر سعودی عرب نے مولانا مودودی کی رہائی کے لیے اہم کردار بھی ادا کیا۔ کہتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کو اقتدار سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی نے بھٹو مخالف تحریک پی این اے کو سب سے اہم معاونت فراہم کی اور بھٹو کی پھانسی سے ایک رات قبل 90 منٹ تک جنرل ضیاء الحق سے ملاقات بھی کی۔ اُس وقت کے بی بی سی کے مشہور عالم صحافی اوون بینٹ جونز کے مطابق ”جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت تھی جو جنرل ضیاء الحق کی بھرپور مدد کرتی تھی۔

اِس کے انعام کے طور پر اُس دور میں جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنوں اور ہمدردوں کو نوکریاں دی گئیں“۔
 بینظیر بھٹو حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا اور بینظیر بھٹو کی حکومت کے خاتمے کے لیے لانگ مارچ کا اعلان کیا۔ انہوں نے 27 اکتوبر 1996ء کو لانگ مارچ کا آغاز کیا اور صرف ایک ہفتے کے بعد پیپلز پارٹی کے اپنے صدر فاروق احمد خان لغاری نے آٹھویں آئینی ترمیم کا استعمال کرتے ہوئے بینظیر حکومت کو برخواست کردیا۔

جماعت اسلامی نے 1997ء کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا لیکن پارلیمانی نمائندگی نہ ہونے کے باوجود بھی سیاسی میدان میں بڑی متحرک رہی جس کی بڑی مثال وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی دعوت پر بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے پاکستان کے دورے کے موقع پر جماعت اسلامی کا شدید احتجاج تھا۔
 جماعت اسلامی نے نواز شریف کے خلاف جنرل مشرف کے مارشل لاء کو خوش آمدید بھی کہا تھا۔

جنرل مشرف کے مارشل لاء کے دوران بننے والے مذہبی سیاسی اتحاد ایم ایم اے میں جماعت اسلامی کو حسب سابق اہم کردار ملا۔ جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد نے لال مسجد کے متاثرین سے یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں اپنی نشست سے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ کہتے ہیں کہ نظریہ پاکستان کی اصطلاح کی سرکاری دستاویزات میں شمولیت کا سہرا بھی جماعت اسلامی کے سرجاتا ہے۔

اس کام کے لیے جماعت اسلامی کے سرگرم ہم خیال اُس وقت کے صف اول کے بیوروکریٹ اور بعد میں پاکستان کے وزیراعظم بننے والے چوہدری محمد علی نے خاص سہولت کار کے فرائض ادا کئے۔ اسی طرح پاکستان کی سیاست میں دھرنا نامی جدید احتجاج کے موجد بھی جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد ہی تھے۔ انہوں نے دھرنے کی رونمائی یا دھرنائی سیاست کی مارکیٹنگ کا آغاز جنرل مشرف کے خلاف تحریک سے کیا۔

 
جماعت اسلامی کے تینوں امیروں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی، میاں طفیل محمد اور قاضی حسین احمد کی امارت کے دوران جماعت اسلامی حکمرانوں کے دلوں میں چبھی ایسی پھانس تھی جسے وہ نہ نکال سکتے تھے نہ چھوڑ سکتے تھے۔ اِن کے بعد جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل سید منور حسن جماعت کے نئے امیر منتخب ہوئے۔ سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے ان کی کارکردگی اچھی تھی لیکن امارت سنبھالنے کے بعد ان کے حوالے سے تین خبریں ہی قابل ذکر کہی جاسکتی ہیں۔

ان میں سے پہلی یہ کہ وہ جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوگئے۔ دوسری یہ کہ وہ جماعت اسلامی کی اب تک کی ہسٹری میں پہلے مرکزی امیر تھے جنہیں جماعت اسلامی کے اراکین نے اپنے ووٹ کا استعمال کرکے جماعت اسلامی کی امارت سے فارغ کیا۔ تیسری یہ کہ سید منور حسن نے اپنی امارت کے دوران پاکستانی فوج کے خلاف ایسا بیان دیا جو جماعت اسلامی کی گزشتہ پالیسیوں کے برعکس تھا۔

ان کا یہ بیان جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ہمدردوں کے نزدیک بھی غیرمنطقی اور باعث تشویش تھا۔
 جب سراج الحق نے جماعت اسلامی کے امیر کی حیثیت سے چارج سنبھالا تو جماعت اسلامی والوں کا کہنا تھا کہ ان کے آنے سے قاضی حسین احمد کی یاد تازہ ہو جائے گی لیکن لگتا ہے ”جو گیا وہ پھر نہ آیا“۔ سراج الحق کے اب تک کے دور میں قاضی حسین احمد کا عکس تو نظر نہ آیا لیکن سراج الحق بھی کہیں چلے گئے۔

جماعت اسلامی کے امیر مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی سے لے کر قاضی حسین احمد تک 62 برسوں کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال، کشمیر اور خارجہ پالیسی کے امور اور اصلاحی تحریکوں وغیرہ میں جماعت اسلامی کا بیانیہ حکمرانوں کے لیے سردرد بن جاتا تھا اور وہ اس پر سنجیدگی سے سوچ بچار کرتے تھے۔ قاضی حسین احمد کے بعد اب جماعت اسلامی ماضی کی یادوں کے بل بوتے پر کھڑی رہنے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے یا اب خود کچھ نہ کرتے ہوئے اپنے آباؤ اجداد کے شاندار کارناموں کی ٹم ٹم گاڑی پر ہی سفر کرنے کی عادی ہوگئی ہے۔

 گزشتہ 10 برسوں میں ملک کے سیاسی، خارجی اور اصلاحی میدانوں میں بیشمار اتار چڑھاؤ آئے مگر جماعت اسلامی کا اِن امور پر کوئی نمایاں وزن نظر نہیں آیا۔ جماعت اسلامی کی پالیسیوں کی حمایت یا اختلاف کرتے ہوئے دونوں صورتوں میں دو سوال پیدا ہوتے ہیں کہ کیا جماعت اسلامی کہیں گم ہوگئی ہے یا اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے اور مستقبل میں اُسے الوداع کہنے کا وقت قریب ہے؟ اس مضمون کے دوسرے حصے میں موجودہ حالات کے تحت جماعت اسلامی کے مستقبل کے بارے میں تجزیہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ فی الحال مضمون کے اِس پہلے حصے کو گمشدہ جماعت اسلامی کی تلاش پر ختم کرتے ہیں۔ 

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :