عمران خان کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوں گے، عمر ایوب خان

جمعہ 3 اگست 2018 13:12

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 3 اگست 2018ء) ہری پور سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی عمرایوب خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوں گے، ہری پور میں منصوبوں کا افتتاح عمران خان سے کروائیں گے، قومی اسمبلی میں انہیں اور صوبائی اسمبلی میں اکبرایوب خان کو پورے ملک میں ریکارڈ ووٹ دینے پر اہلیان ہری پور کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عوام نے جو احسان کیا ہے اس کو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے، مافیا جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہو گا۔

وہ جمعہ کو یونین کونسل جٹی پنڈ میںویلج کونسل کے دفتر کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان، ذوالفقار خان ایڈووکیٹ اور ضلعی صدر راجہ احتشام سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ ہری پور کے عوام نے جھوٹے دعوے وعدے گیس کے کھوکھلے پائپ پھینکنے ا ور ترقیاتی کاموں کے نعرے لگانے والوں کو یکسر مسترد کر کے ان کے خاندان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان کی آنے والی ہزار نسلیں بھی اس احسان کو فراموش نہیں کر سکتیں، ہری پور کے عوام نے انہیں بحیثیت غلام خرید لیا ہے، وہ ایک نمائندہ بن کر نہیں بلکہ عوام کا غلام بن کر خدمت کریں گے اور ان کی دہلیز پر آ کر مسائل حل کریں گے، انشاء الله دن رات محنت کر کے نتائج دیں گے، عوام نے اپنا حق ادا کر دیا ہے، اب ان کی آزمائش اور امتحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزارت عظمی کا حلف اٹھانے کے بعد دیگر مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، ملک میں احتساب کا عمل تیزی سے جاری ہے، انشاء الله ہری پور کے منشیات، انسانی سمگلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث مافیا کو جلد ہتھکڑیاں لگیں گی اور وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ عمر ایوب خان نے ویلج کونسل کی عالیشان عمارت کی تعمیر پر جٹی پنڈ کے لوگوں کو مبارک باد دی۔