نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے ٹائم فریم لازمی ہے: چودھری پرویزالٰہی ،حکومت کو 6 ماہ قبل تمام پارٹیوں نے متفقہ اختیار دیا تھا اب نتیجہ کے منتظر ہیں، دعا ہے مذاکرات کامیاب ہوں ،فروری تک پارٹی کی تنظیم مکمل کرکے مارچ میں ونگز کنونشن ہوں گے: جائزہ تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 31 جنوری 2014 08:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ کمیٹی کیلئے ٹائم فریم لازمی ہے، حکومت کو 6 ماہ قبل تمام جماعتوں نے مذاکرات کیلئے متفقہ اختیار تھا اور اب سب نتیجہ کے منتظر ہیں، ہماری دعا ہے کہ طالبان کے ساتھ جن مذاکرات کا گذشتہ روز اعلان کیا گیا ہے وہ کامیاب ہوں، پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم کا کام فروری تک مکمل کر لیا جائے گا اور مارچ میں تمام ونگز کے کنونشن منعقد ہوں گے۔

وہ یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں پارٹی کے صوبائی ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریوں کے نمائندہ تنظیمی امور کے اجلاس میں خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین، سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ، شیخ عمر حیات، عالمگیر ایڈووکیٹ، میاں منیر، سجاد بلوچ، افضال تارڑ، شہزاد چیمہ، ذوالفقار پپن، انجینئر شہزادالٰہی، جیمز مسیح، سیمل کامران، ماجدہ زیدی، خدیجہ فاروقی اور آمنہ الفت بھی موجود تھیں۔

میڈیا کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کے بارے میں تنقیدی سوالات کے جواب میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہماری دعا ہے کہ مذاکراتی ٹیم اپنے مقصد میں کامیاب ہو، وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں جو کمیٹی بنائی ہے اسے موقع دیا جانا چاہئے، 6 ماہ قبل آل پارٹیز کانفرنس کے ذریعے بھی تمام جماعتوں نے وزیراعظم کو متفقہ طور پر اختیار دیا تھا لیکن ابھی تک کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا، بہتر تھا کہ اب بھی حکومت کوئی ٹائم فریم دے دیتی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ملک کا سکون تباہ کر دیا ہے، پوری قوم مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے جرائم سے تنگ آ چکی ہے ملک غیر یقینی صورتحال سے باہر آئے گا تو معیشت بھی ٹھیک ہو گی۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے ہر ونگ کی تنظیم اور اس سلسلہ میں چودھری ظہیر الدین اور محمد بشارت راجہ کے ونگز کے صوبائی صدور کے ہمراہ مختلف اضلاع کے دوروں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مختلف ونگز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ ایام میں پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہو گی اور اسے عوام میں مزید مقبول بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :