Episode46 - Allah Mohabbat Hai By Haya Aisham

قسط نمبر46 - اللہ محبت ہے - حیا ایشم

محبت احساس کا روح کا اور دعا کا رشتہ ہے۔ اکثر زندگی ہم سے ہمارے اپنوں کے بچھڑ جانے کی آزمائش لیتی ہے، ہمیں جن سے بہت محبت ہو.... جن کے بنا زندگی کا تصور بھی سوہان روح ہو.... جب وہ اچانک ہم سے دور چلے جائیں.... تو ایسے ہی لگتا ہے جیسے ہم بھری دنیا میں تنہا رہ گئے.... بے سرو سامان ہو گئے.... دل چاہتا ہے اپنی زندگی بھی دے کر انہیں واپس لے آئیں…ان کے ساتھ گزارا ہر ہر پل جیسے بار بار رلاتا ہے....
کبھی ان سے منسلک …کسی یاد کی ہنسی .... لبوں کو بے دھیانی میں چھو جائے… تو … حقیقت کی دنیا...... جیسے ٹوٹ کر رلا دیتی ہے۔ ان کی یادیں زندہ کہانیاں بنیں.... ہماری آنکھوں میں لائیو…ری پلے ہوتی ہیں۔ ہر چہرے میں ان کا چہرہ اُبھرتا ہے..... ہر آواز میں ان کی آواز محسوس ہوتی ہے..... ہر آہٹ میں ان کی آہٹ ….ہمارے اندر سے جیسے بے آواز سسکیاں… اور… آہیں نکلتی ہیں۔

(جاری ہے)

اور بے بسی کا وہ عالم ہوتا ہے… کہ نہ کہہ سکتے ہیں…نہ سہہ سکتے ہیں...مگر …زندگی .....زندگی تو چلتی ہے ..کہ زندگی کا نام تو چلنا ہے....

دنیا کے سامنے خود کو جوڑ جوڑ کر چلتے ہیں.. ..مگر اندر کی شکست و ریخت سے صرف ہم آشنا ہوتے ہیں... یا... وہ... ہماری شہ رگ سے بھی قریب ترین ..ہمارا رب رحمان و رحیم..!بیشک... ہر زخم مرہم... جب اللہ محرم!
بچھڑ جانے کا یقین لاشعور کو آتا ہی نہیں 
جب بھی دیکھوں خواب میں، اُسے زندہ دیکھوں 
سماعت میں آج بھی فقط وہ آواز بسی ہے 
ہرصدا… صدا اُس کی لگے، اُسے بولتا دیکھوں 
روتے ہوئے بھی ایک مسکراہٹ سی آ جاتی ہے 
اپنے آنسووٴوں میں جب اسے ہنستا دیکھوں 
کئی بارٹھٹھک کر،رک کر، پلٹ کر…کھوجا 
کسی شخص میں اُس کا چہرہ جب دمکت ادیکھوں 
یقینِ ہجر آئے بھی تو آئے کیسے حیا
ساتھ نہیں ہے…ہر پل اُسے ہمراہ دیکھوں!
کسی اپنے پیارے کی اچانک موت کا دکھ بہت عجب ہوتا ہے ایسے ......جیسے ......جیسے کوئی دل سینے سے نکال کر کھینچ کر لے جائے......
اور...... آپ ...... آپ اس نکالنے والے کے ہاتھ تک نہ پکڑ سکیں...نہ جانے والے کو روک سکیں .. اپنے ہی ہاتھوں سے اس پیارے کو تنہا ......منوں مٹی کے حوالے کر آئیں…جس کو شاید کبھی اندھیرے میں سونے کی عادت بھی نہیں تھی..... یقین و بے یقینی کے سفر میں...... گزرے وقت کو کسی کاش کی آرزو میں...... اس جاں لیوا لمحے کو ......واپس لے آنے کی جستجو میں......اور پھر تھک کر......حقیقت کو دیکھنے میں کیسا لگتا ہے...کیسا لگتا ہے ......جب اس شخص کا چہرہ...
اسکی باتیں... اس کے ساتھ گزارے گئے لمحے... سب آنکھوں میں واپس بار بار آئیں...ہر آہٹ میں اسکی آہٹ کا گمان ہو ...ہر آواز اس کی آواز لگے.. بہت مشکل ہوتا ہے ...بہت مشکل... یہ احساس...کہ اب وہ کبھی و اپس نہیں آئے گا .. یہ بے بسی... ..بھرے مجمعے میں جب اچانک کوئی یاد آپ کو تنہا کر دے.... کہ آنسو روکنا مشکل ہو جائیں، اور آپ ......خود پر کنٹرول کیئے ......خود کو صبر کی تلقین کیئے......
گھٹ گھٹ سانس لیں.. کیسا لگتا ہے …
کیوں ناں آج سب کے لئے جو اس مشکل میں اس وقت ہیں، کبھی بھی تھے یا کبھی بھی ہوں گے.. ان سب کے لئے بھی جو ہمارے بعد یہ درد جھیلیں گے .. ان سب کے لیئے دعا کریں .. چاہے وہ دنیا کے کسی بھی خطے میں ہوں ۔۔کہیں بھی ... ہمارے اپنے ہوں یا غیر ..مگر یہ درد .. یہ درد جو اثاثہ بھی ہے.. اسکا ثبوت کہ ہم محبت کر سکتے ہیں..
یہ درد .. یہ درد... مشترکہ ہے..!جو اس درد سے گزرا … یا تو وہ جان سکتا ہے … یا صحیح معنوں میں ہمارااللہ…!
اللہ ان سب کے لیئے بے انتہا آسانیاں فرما دے جو اپنے پیاروں کو تیری امانت، تجھے سونپنے کے بعد اپنے درد سے نبرد آزما ہیں! ، وہ امانت جو تیری تھی اسکو بہت اور بہت محبت سے اپنی آغوش رحمت میں بھر لے، یہ سمجھنے کی توفیق دے کہ ہم بھی تیرے سفر کے راہی ہیں!ہمارے ہجر کے زخموں پر اپنے صبر، اپنی محبت کا مرہم رکھ دے اللہ! ہمیں اس کی آشنائی اور اس کی تیاری کی توفیق دے، جسے لے لیا وہ تیرا تھا جسے چھوڑ دیا وہ بھی تیرا ہی ہے، اس دل کے ٹکڑے کی محبت بھی تو نے ہی دل میں رکھی ، اور جو درد دیا وہ بھی تیرا ہی ہے ، یہ درد سنبھالنے والا بھی تو ہی ہے ..
جب سب تو ہی ہے تو بس اب تو ہی آسانی کر دے، صبر بھر دے، رحم کر دے، آنکھوں میں مچلتے ان آنسوووٴں کے بدلے دل میں اپنا سکوں بھر دے، تجھ تک واپس پلٹنے کا ہمارا سفر بھی آسان کر دے،یا ارحم الرحمین یا اللہ تو ہی سب کے لئے کافی ہے تو ہی سب کے لئے کافی و شافی ہو جا۔الحمد للہ سمجھنے والوں کے لیئے انا للہ وانا الیہ راجعون کے مطلب میں زندگی کی حقیقت، اسکی قدر و امانت اس کی جوابدہی کا راز نہاں ہے۔ جلد یا بدیر ایک دن ہم سب مر جائیں گے اللہ پاک مرنے سے پہلے ہم سب پر زندگی کی حقیقت اس کا راز منکشف کر دیں اور ہمیں توفیق دیں کہ ہم اس عطا کو مکمل دیانتداری اور محبت سے نبھائیں، اللہ پاک جو چلے گئے ان تمام مرحومین کو بہت محبت سے اپنی آغوشِ مغفرت اور محبت میں بھر لیں اور سب کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ہم جو منتظر ہیں ہمیں صبرِجمیل عطا فرمائے..
اللہ سب کے درد پر اپنے قرب و عطا کا مرہم رکھ دے اللھم آمین۔
سنو..!
بھلانا آسان نہیں ہوتا
میری ایک بات مانو گے؟
ایک کام کرنا تم.. بہت مصروف ہو جانا
کسی سے کچھ نہیں کہنا
کوئی پوچھے بھی تو تم، بہانہ اچھا بنا دینا
کبھی تنہا نکل جانا، شہر کے ویرانوں میں
کبھی آباد کر لینا، کوئی گوشہ خیالوں میں
کبھی ہنسنا کبھی رونا، کبھی ساری رات نہ سونا
کبھی آہٹ اگر کچھ ہو، اچانک چونک جانا تم
سنو!
وہ میں نہیں ..
لیکن .. ہاں میری یاد وہ ہو گی
اسے ہی تھام لینا تم، اسے بانہوں میں بھر لینا
سینے میں چھپا لینا
پھر یکدم مسکرانا تم، نہ خود کو آزمانا تم
چھلک جائیں اگر کچھ اشک، تو ان میں کھلکھلانا تم!
سنو!
تم پر مان ہے بہت .. میری ایک بات مانو گے؟
بھلانا ضروری نہیں ہوتا
محبت قرب ہے بیشک، جو روحوں میں بستی ہے
محبت وصل ہے بیشک، جو ہجراں میں چھلکتی ہے
یہ کیف ہے مہک سی ہے، اگر بتیوں سی سلگتی ہے
محبت کو اگر جانو، یہ دعائے یار جیسی ہے
جب بے اختیار ہو جانا، اپنے دست وا کرنا
کچھ اشک بہانا تم، رب کو سب بتانا تم
محبت کو دعا دینا، محبت سانس جیسی ہے
اسے ہر سانس جی لینا
سنو!
بھلانا آسان نہیں ہوتا
انوکھا کام کر جانا، تم ایک راز ہو جانا
محبت حیاتِ جاودانی ہے، اک ادائے مہربانی ہے
محبت میں نہیں مرتے، سنو تم بوجھ نہیں ڈھونا
تم پل پل امر ہونا
سنو!
محبت شکوہ نہیں ہوتی، محبت قبضہ نہیں ہوتی
یہ متاعِ حیات ہے جاناں، محبت ارزاں نہیں ہوتی
محبت خاموش ہوتی ہے، صبرِ جمیل کی مانند
اک بہتی جھیل کی مانند
کبھی یہ ماہتاب ہوتی ہے، کبھی پیمانہء ظرف ہوتی ہے
کبھی چھلک بھی اگر جائے، توآبِ زمزم سی ہوتی ہے
بہت مقدس سی ہوتی ہے
کبھی یہ حجر بھی لگے، تو اسے چوم لینا تم
اسے کعبہ بنا لینا، اس کا طواف کرنا تم
سنو!
اس پر حرف نہیں دھرنا، اسے الزام مت دینا
یہ ظالم نہیں ہوتی، یہ محرومی نہیں ہوتی
یہ معصوم ہوتی ہے، بہت دلکش سی ہوتی ہے
محبت کو کچھ نہیں کہنا
انوکھا کام کر جانا، محبت کو نبھا لینا
سنو!
ایک سچا سچ کہوں تم سے، خواہ کیسی بھی سختی ہو
محبت آسان ہوتی ہے، محبت رحیم ہوتی ہے
محبت رحمان ہوتی ہے
چاہے جیسی بھی پستی ہو، محبت سبحان ہوتی ہے
دل کیسا ہی شکستہ ہو، محبت ارمان ہوتی ہے
محبت سجدہ سی ہوتی ہے، انا کے باطل جزیروں ہر
محبت واحد کنارہ ہے، ہوس کے ظالم طوفانوں میں
 محبت وقت ہوتی ہے، محبت ربط ہوتی ہے
اسے نہ توڑ دینا تم، نہ خود کو چھوڑ دینا تم
سنو!
تمہیں بیشک اجازت ہے، دل چاہے تو بھلا دینا
مگر ..
کہا ناں .. تم متاعِ حیات ہو جاناں
تم پر مان ہے بہت
 میری ایک بات مانو گے؟ مجھ پر احسان جانو گے
خود کو سپردِ خدا کرکے، محبت کو نبھا لینا! 
تم ہر پل مسکرا لینا، محبت کو نبھا لینا!

Chapters / Baab of Allah Mohabbat Hai By Haya Aisham