ڈیرن سیمی کی جگہ دنیش رامدین ویسٹ انڈین ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر، تجربہ کار آل راوٴ نڈر بدستور ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے، کپتانی چھن جانے کا غصہ، ویسٹ انڈین ڈیرن سیمی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ، اپنی تمام تر توجہ ٹی 20 کرکٹ میں دونگا، ایک روزہ کرکٹ میں بھی ٹیم کیلئے کھیلوں گا ، ڈیرن سیمی

اتوار 11 مئی 2014 07:27

برج ٹاؤن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مئی۔2014ء) ڈیرن سیمی کی جگہ دنیش رامدین کو ویسٹ انڈین ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنادیاگیا، تجربہ کار آل راوٴ نڈر بدستور ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے۔اس طرح اب تینوں فارمیٹس میں ویسٹ انڈیز کے مختلف کپتان مقرر ہوگئے، اس سے قبل ڈیوائن براوو کو سیمی کی جگہ ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی، دنیش رامدین کی بطور کپتان پہلی ذمے داری نیوزی لینڈ کیخلاف 8 جون سے شروع ہونے والی ہوم سیریز ہوگی۔

بورڈ کے آفیشل نے ٹویٹر پر دنیش رامدین کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے انھیں مبارکباد بھی پیش کی، 30 سالہ ڈیرن سیمی کو2010 میں کرس گیل کے معاہدے نہ سائن کیے جانے کے معاملے پر ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی تھی، ان کی زیرقیادت ویسٹ انڈین ٹیم نے 12 میں سے 4 ٹیسٹ میچز جیتے۔

(جاری ہے)

ادھرویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھن جانے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو ہی خیرباد کہہ دیا۔

گزشتہ روز ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ڈیرن سیمی کی جگہ وکٹ کیپر دنیش رامدین نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ نئے کپتان کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ڈیرن سیمی اتنے دلبرداشتہ ہوئے کہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ تیس سالہ سیمی کو 2010 میں کرس گیل کے معاہدے نہ ہونے کے معاملے پر کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

ان کی زیر قیادت ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 12 میں سے چار ٹیسٹ میچز جیتے تھے۔ طویل فارمیٹ کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیرن کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی تمام تر توجہ ٹی 20 کرکٹ میں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک روزہ کرکٹ میں بھی ٹیم کے لیے دستیاب ہونگے۔تجربہ کار آل راوٴنڈر ڈیرن سیمی نے ٹیسٹ کیرئیر میں 38 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں 5 نصف اور ایک سنچری سمیت 1323 رنز سکور کیے جبکہ انہیں 84 شکار کرنے کا موقع حاصل ہوا۔

متعلقہ عنوان :