شیخ رشید کی جان کو شدید خطرہ ہے،وزارت داخلہ کا انتباہ،آگاہ کردیا،مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار وفاق اور پنجاب حکومت ہوگی، شیخ رشید ، لوگوں سے سیاسی مخالفت ضرورہے مگرکسی سے کوئی دشمنی نہیں، حکومت کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ ان کے اپنے پروردہ ہیں،میڈیا سے گفتگو

اتوار 11 مئی 2014 07:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مئی۔2014ء) وزارت داخلہ کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو خط ارسال کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ارسال کیے گئے خط میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور راول پنڈی میں موجود ایک فعال دہشت گرد گروپ شیخ رشید کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، ارسال کردہ خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ دو دن میں ان کے اوپر حملہ کیا جا سکتا ہے ادھرعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ان کی لوگوں سے سیاسی مخالفت ضرورہے مگرکسی سے کوئی دشمنی نہیں، اگر انھیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار وفاق اور صوبائی حکومت ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا ہے کہ دو تہائی مینڈیٹ کی حامل موجودہ حکومت کو اسمبلی کے اندر سے کوئی خطرہ نہیں، حکومت کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ ان کے اپنے پروردہ ہیں، حکومتی ٹیم نالائق وزرا پر مشتمل ہے، انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے جس قدر پھرتی دکھائی جارہی ہے وہ حقیقی نہیں۔

(جاری ہے)

یہ تمام کام 11 مئی کے احتجاج کی وجہ سے کئے جارہے ہیں۔

آج حکومت کو یاد آگیا ہے کہ سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالرز پڑے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لئے اسلام آباد میں لگائے گئے کنٹینرز میں عوام کا کروڑوں روپے کا سامان موجود ہے۔ حکومت سارے راستے بند کردے، وہ اور عمران خان ضرور پہنچیں گے۔ ان کی لوگوں سے سیاسی مخالفت ضرورہے مگرکسی سے کوئی دشمنی نہیں ، اگر انھیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار وفاق اور پنجاب حکومت ہوگی۔واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے شیخ رشید کو متنبہ کیا ہے کہ ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں اور ان پر آئندہ 2 روز میں حملہ کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے بہتر ہے کہ وہ آئندہ چند روز اپنی غیر ضروری نقل و حرکت کم کردیں۔