پاکستان کے باشعور 18کروڑ عوام تخریبی اورانتشار کی سیاست کو یکسر مسترد کردیں گے:شہبازشریف،احتجاج کرنے والے بعض عناصر ملک میں گزشتہ 11ماہ کے دوران ہونے والی بے مثال ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنے کے درپے ہیں‘محب وطن عوام بے مقصد احتجاج کرنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے ، وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

اتوار 11 مئی 2014 07:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کہا ہے کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے ،اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ان حالات میں احتجاج کی سیاست کسی بھی لحاظ سے درست نہیں اورنہ ہی ملک احتجاجی سیاست کا متحمل ہوسکتا ہے۔احتجاج کرنے والے بعض عناصر ملک میں گذشتہ 11ماہ کے دوران ہونے والی بے مثال ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنے کے درپے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور 18کروڑ عوام تخریبی اورانتشار کی سیاست کو یکسر مسترد کردیں گے‘وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ایک وفد گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس نے یہاں ان سے ملاقات کی‘وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں 11ماہ کے دوران ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے شبانہ روز کام کیا ہے ،جس کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 15فیصد اضافہ ہوا ہے۔ٹیکس وصولیاں بہتر ہوئی ہیں۔مجموعی قومی پیداوار بڑھی ہے۔ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 7فیصد اضافہ بڑھ گیا ہے ۔زرمبادلہ کے ذخائر12ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں۔توانائی بحران کے حل کے لئے انتہائی تیزر فتاری کے ساتھ کام کیا جارہا ہے اورقلیل مدت میں 1700میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیاگیا ہے جبکہ 24870میگاواٹ بجلی کے 19منصوبوں پر کام کا آغاز کیاگیا ہے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے منصوبو ں پر بھی کام کا آغاز کیاہے- چند روز قبل پورٹ قاسم میں کوئلے سے 660 میگا واٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے جبکہ ایک روز قبل بہاولپور میں پاکستان میں پہلی بار سولر پا ور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے جس سے رواں سال نومبر ، دسمبر تک 100میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی -ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کول پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد رواں ماہ کے آ خر میں رکھا جا رہاہے -چین کی جانب سے توانائی ،انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں کے لئے 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کیاگیا ہے۔

حکومت کے ٹھوس اورجامع اقدامات کے باعث ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 11ماہ کے دوران وفاقی اور پنجاب حکومت پر ایک بھی پائی کی کرپشن کا الزام ہمارے بدترین مخالف بھی نہیں لگاسکے۔قومی وسائل امانت سمجھ کر عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی اورخوشحالی کے سفر کے مخالفین احتجاج کے ذریعے انتشار پیدا کر نے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،لیکن18کروڑ عوام جانتے ہیں کہ بے لوث خدمت کون کررہا ہے اورتخریبی سیاست کون؟ ۔

محب وطن اورباشعور عوام کسی بھی صورت میں بے مقصد احتجاج کرنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اورخوشحالی کیوں نہیں چاہتے اور وہ کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو روکنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم خود فیصلہ کرے گی کہ اس نے تخریبی سیاست کرنے والوں کا ساتھ دینا ہے کہ یامحنت اوردیانت کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے والوں کا۔جس طرح عوام نے 11مئی2013ء کے عام انتخابا ت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اسی طرح 11مئی 2014ء کووہ شعبدہ باز سیاستدانوں کے عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :