پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی جلسے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،رانا ثناء اللہ،ملک میں جب بھی جمہوریت پٹڑی پر چلنی شروع ہوئی تو غیر جمہوری قوتیں متحرک ہوجاتی ہیں،پی ٹی آئی کے پاس دھاندلی کے ثبوت بھی نہیں ہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 11 مئی 2014 07:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مئی۔2014ء)صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی جلسے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،ملک میں جب بھی جمہوریت پٹڑی پر چلنی شروع ہوئی تو غیر جمہوری قوتیں متحرک ہوجاتی ہیں،پی ٹی آئی کے پاس دھاندلی کے ثبوت بھی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے کیا،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سڑکوں پر دھرنے دینے کے بجائے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنا چاہئے،آئین وقانون کے مطابق مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہئے،ڈی چوک مسئلے کا حل نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ نے نہ تو الیکشن میں حصہ لیا اور نہ ہی پارلیمنٹ کا حصہ ہیں وہ بے بنیاد مہم چلارہے ہیں،پی ٹی آئی کے پاس کوئی منشور ہے اور نہ ہی دھاندلی کے ثبوت ہیں صرف دھاندلی کے نام پر واویلا مچا رہے ہیں،پی ٹی آئی عدالت اور قانون کو تسلیم نہیں کرتے بلکہ ڈنڈے کے زور پر انصاف چاہتے ہیں،پی ٹی آئی کو کے پی کے میں دھاندلی نظر نہیں آتی صرف پنجاب میں دھاندلی نظر آرہی ہے،حکومت کو پی ٹی آئی سے کوئی خطرہ نہیں،احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق ہے۔