نواز شریف کو میڈیکل ٹیم اور ان کے ذاتی معالجوں کی سفارش پر پمز منتقل کیا گیا ، جب تک ڈاکٹرز کہیں گے انھیں ہسپتال میں رکھیں گے، وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید

پیر 30 جولائی 2018 21:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 جولائی 2018ء) نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو ایک میڈیکل ٹیم اور ان کے ذاتی معالجوں کی سفارش پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا اور جب تک ڈاکٹرز کہیں گے نواز شریف کو ہسپتال میں رکھیں گے۔

(جاری ہے)

پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کا پمز ہسپتال میں ڈاکٹروں کی اس ٹیم کی جانب سے علاج جاری ہے جنہوں نے انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بھی جیل والا قانون ہی لاگو ہو گا، ہسپتال کے کمرے میں جہاں نواز شریف کو منتقل کیا گیا ہے کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور وہاں پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف نے محمد نواز شریف سے ملاقات کے لیے نگران حکومت سے درخواست کی تھی لیکن جیل قوانین کے مطابق قیدی سے اس کے اہلخانہ جمعرات کے روز مل سکتے ہیں اس لیے محمد نواز شریف سے بھی اب جمعرات کو ہی ہسپتال میں ملا جا سکتا ہے۔