نامہ اعمال !!!

جمعہ 29 مارچ 2019

Ayesha Noor

عائشہ نور

ہماری معاشی صورتحال ابھی تک اطمینان بخش نہیں ہے۔ ڈالر , سونا , بجلی , گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے کیونکہ  حکومت  بیل آوٹ پیکج لینےکےلیے آئی ایم ایف کی عائد کردہ شرائط پوری کرنےکےلیے اقدامات کررہی ہے۔ برسرِ اقتدار آنےسے قبل عمران خان نےقوم کو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا یقین دلایا تھا مگر عملاً صورتحال اس کے برعکس  ہے۔

  آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنسٹو ریمریز اور وزیر خزانہ اسدعمر کے درمیان ملاقات کےبعد پاکستان کےلے 12بلین ڈالرکا بیل آوٹ پیکج جلد فائنل ہونےکی توقع ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور آئی ایم ایف ایکچینج ریٹ پالیسی پر مذاکرات کررہےہیں۔
اسٹیٹ بینک  نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی باراتنی بڑی تعداد میں کرنسی نوٹ چھاپے ہیں  اور  مہنگائی میں ریکارڈ اضافے کی وارننگ بھی جاری کی  ہے۔

(جاری ہے)

مگر یہ سب کچھ نظراندازکرتےہوئے گزشتہ دنوں پنجاب اسمبلی کے اراکین نے اپنے لیے مراعات میں اضافے کا بل پاس کرلیا تھا , جس میں وزیراعلیٰ کو تاحیات گھر کی سہولت اور اراکین اسمبلی کی تنخواہ 83 ہزار سے بڑھا کر 2لاکھ کرنے تجویز شامل تھی ۔ یہ تو بھلا ہو وزیراعظم عمران خان کا کہ گورنر پنجاب کو مسودے پر دستخط کرنے سے روک دیا۔ مگر یہ معاملہ اب بھی لٹکا ہوا ہے کیونکہ یہ اب دوبارہ پنجاب  اسمبلی کی قائم کردہ نظرثانی کمیٹی میں واپس جائے گا اور پھر نظرثانی کمیٹی گورنر  سےاتفاق کربھی لیتی ہےتوبھی منسوخی کےلیےبل  دوبارہ پنجاب اسمبلی میں ہی پیش ہوگااورمسودے کی قسمت کا فیصلہ انہی اراکین پنجاب اسمبلی کے ہاتھوں ہوگا۔

مگر حکومتی اور حزبِ اختلاف کے اراکین کی اکثریت بل کی منسوخی کے حق میں نہیں ہے۔ اگربل منسوخ نہ ہواتو وزیراعظم کےلیے یہ معاملہ سبکی کاباعث بنےگا ۔
 مرکزمیں وزیراعظم عمران خان نے اراکین پارلیمنٹ کو ترقیاتی فنڈز کے اجراء  کی منظوری دے دی ہے۔  وزیراعظم عمران خان  برسراقتدار آنے سے قبل اراکین پارلیمنٹ کو ترقیاتی فنڈز دینےکے خلاف تھے۔

حصولِ اقتدار کے بعد ایسا یوٹرن یقیناً ناقابلِ فہم ہے ۔ یاد رہے کہ اراکینِ پارلیمنٹ کو ترقیاتی فنڈزکااجراء   پارلیمانی نظام میں کرپشن کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ عمران خان کو چاہیے تھا کہ وہ بلدیاتی حکومتوں  کے نظام کو مضبوط بناتے اور ترقیاتی فنڈز بلدیاتی اداروں کو جاری کیے جاتے ۔ پارلیمانی نظام میں پارلیمان صرف قانون سازی کرتی ہے اور اراکینِ پارلیمان کو صرف تنخواہ دی جاتی ہے۔

یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایسا یوٹرن کیوں لیا؟؟؟
اگر نظام کوٹھیک کرنےاور اصلاحات کےلیے موجودہ حکومت تاحال کوئی قابلِ ذکر اصلاحاتی بل پارلیمان میں پیش نہیں کرسکی ہے۔
19 جنوری کو ہونے والے سانحہ ساہیوال کے بعد پنجاب پولیس میں اصلاحات کا فیصلہ ہوا تھا اور ایک کمیٹی بنی تھی۔ مگر  پنجاب پولیس میں اصلاحات کےلیے ابھی تک  کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

اس کے برعکس سی ٹی ڈی کے اس گھناؤنے جرم پر پردہ ڈالنے کےلیے کرائم سین غائب اور سارے ثبوت مٹا دئیے گئے ہیں ۔ یہ ہی نہیں  خفیہ ہاتھوں نے فرانزک ایکسپرٹ سے ملی بھگت کے ذریعے ڈی وی آر کی ہارڈ ڈرائیو تبدیل کرادی تاکہ یہ معلوم نہ ہوسکے
 کہ کس نے  کس کو کب کال کرکے کیا احکامات دئیے تھے ؟ 14فروری کو  لاہورہائی  کورٹ نے سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری   30 روز میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کاحکم جاری کیاتھا ۔

ایک ماہ گزر گیا  مگر رزلٹ صفر ۔  وزیراعظم عمران خان  نے برسراقتدار آنے قبل عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔  جب سانحہ ساہیوال پرشدید  عوامی ردعمل سامنےآیاتووزیراعظم نےمعاملےکافوری نوٹس بھی لیا  ۔  اس کےباوجود سانحہ ساہیوال کیوں دبادیاگیا ؟ جبکہ قوم پرامید تھی کہ نئےپاکستان میں سانحہ ساہیوال کوایک مثال بنایا جائے  گااورذمہ داران کوقرارواقعی سزاہوگی۔

مگراس برعکس نئےپاکستان میں بھی سانحہ ساہیوال میں انصاف ہوتا  دکھائی نہیں دےرہاہے۔
   سپریم کورٹ نے ملک ریاض کی جانب سے 460 ارب روپے7سالوں کی اقساط میں دینےکی  پیشکش قبول کی ہے۔  ملک ریاض نے کھربوں کی کرپشن کررکھی ہے  اور جو رقم ملک ریاض نے  دینے کی پیشکش کی ہے وہ تو آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ اس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے کوئی بندہ 100روپے کی چوری کرے مگر 25 روپے واپس کرکے باقی 75 روپے خود ہڑپ کرجائے۔

  لہٰذا پلی بارگین کے قانون کا ایسا متبادل لانے کی ضرورت ہے کہ ریکوری %100ہوسکے اور اس کے ساتھ ہی کم ازکم 10 برس قید کی سزا بھی ھو۔  نیب کا احتسابی  عمل کمزور اور سست روی کاشکارہے  جوکہ ملزمان کے خلاف تحقیقات , گرفتاری , فردِ جرم , سزا اور پھر ضمانت کے  ایک نہ ختم ہونے والے گھن چکرپرمشتمل ہے اور ریکوری تاحال صفر ہے۔  جس کی وجہ اکثر ایک مبینہ این آراو میڈیا پرزیربحث رہتا ہے۔ 

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :