Live Updates

وزیر اعظم کامختلف اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطہ ،عید کی مبارکباد،ایران ،خلیجی خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار ،کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق وزیراعظم نے آذر بائیجان کے صدر الہام علیئیف ،بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ ،ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کی شہباز شریف کالبنان کے وزیراعظم نواف سلام ،ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف ،بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن کو بھی ٹیلی فون وزیراعظم نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی ،ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے بھی رابطہ کر کے مبارکباد، موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا سروسز چیفس ،گورنرز، وزرائے اعلیٰ ، سپیکر قومی اسمبلی ، اتحادی جماعتوں ،سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطہ کر کے عید کی مبارکباد پیش کی

اتوار 22 مارچ 2026 10:35

�اہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2026ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی، اس موقع پر ایران اور خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال اور جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے سروسز چیفس ،وزیر اعظم آزاد کشمیر ،گورنرز، وزرائے اعلیٰ ، سپیکر قومی اسمبلی ، اتحادی جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کے تبادلے کے لیے جمہوریہ آذر بائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے صدر علیئیف اور آذربائیجان کے برادر عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی۔ آذربائیجان کے صدر نے پاکستانی عوام کے لیے ان جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا۔ دونوں رہنمائوں نے امت کی صفوں میں اتحاد کی دعا بھی کی۔

دونوں رہنمائوں نے ایران اور خلیج میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا اور تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا۔

پاکستان آذربائیجان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر مملکت بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،اپنی گرمجوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے شاہ حمد اور بحرین کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد دی۔

شاہ حمد نے بھی وزیراعظم کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے امت کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری جنگ بالخصوص بحرین کے خلاف کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بحرین میں ہونے والے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمیوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے بحرین کے صبر اور تحمل کو سراہتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں بحرین اور اس کے عوام کے لیے پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بحرین کے بادشاہ کو خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بحرین کے بادشاہ کو یقین دلایا کہ پاکستان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم، حکومت اور عوام کو عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ داتو سری انور ابراہیم نے بھی نہایت خلوص سے عید کی مبارک باد پیش کی۔

امتِ مسلمہ کے لیے امن و ہم آہنگی کی دعا کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے امن کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لبنان کے وزیراعظم نواف سلام اور لبنان کے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔وزیراعظم نواف سلام نے وزیر اعظم شہباز شریف کے جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت جس کے نتیجے میں معصوم جانوں کا المناک نقصان ہوا، شہری زخمی اور بے گھر ہوئے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ان مشکل حالات میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لبنان کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کشیدگی کے فوری خاتمے پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔وزیراعظم نے ترکمان صدر، ترکمان قیادت اور برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔

ترکمان صدر نے بھی نہایت گرمجوشی سے ان جذبات کا جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، توانائی، روابط اور علاقائی ترقی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنمائوں نے جاری علاقائی اقدامات میں تعاون, بالخصوص باہمی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم طارق رحمن اور بنگلہ دیش کے برادر عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔

دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے جنوبی ایشیا میں ہونے والی علاقائی پیشرفت کے ساتھ ساتھ مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کشیدگی و تنازعات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے اقدامات پر زور دیا۔

وزیر اعظم رحمن نے وزیر اعظم شہباز شریف کی عید الفطر کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے لیے آئندہ دنوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد دی۔

گرمجوش اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر السیسی اور برادر عوامِ مصر کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی، صدر السیسی نے بھی وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمنائوں اور عید کی مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں مصر کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہا، خصوصاً مشرق وسطی میں قیامِ امن کے لیے اس کی نمایاں کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔دونوں رہنمائوں نے ایران اور خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور عیدالفطر کے مبارک موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔باہمی گرمجوش گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر ازبکستان اور برادر عوام کے لیے دلی نیک تمنائوں کا اظہار کیا جسے ازبک صدر نے نہایت خلوص کے ساتھ قبول کیا اور وزیر اعظم کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنمائوں نے گزشتہ ماہ صدر ازبکستان کے دور پاکستان کے انتہائی کامیاب نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان طے پانے والے اہم فیصلوں پر باقاعدہ پیشرفت سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔دونوں رہنمائوں نے ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ فوری طور پر کشیدگی میں کمی لائی جائے اور تمام تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کو فروغ دیا جائے۔

r />علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور بحری افواج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔وزیر اعظم نے سروسز چیفس کو عید کی مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے ان سکیورٹی فورسز کے سپاہیوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا جو عید کے دن بھی، اپنے اہل و عیال سے دور سرحدوں پر پاکستان کی حفاظت کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی، گورنرز، وزرا ئے اعلی اور سیاسی قائدین سے ٹیلیفون کر کے عید کی مبارکباد پیش کی ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، گورنر سندھ نہال ہاشمی، گورنر خیبر پختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کوعید کی مبارکباد کیلئے ٹیلی فونک رابطہکیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلی جسٹس (ر)یار محمد سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الفطر کی مبارکبادپیش کی وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان خالد مقبول صدیقی، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان، صدر بلوچستان عوامی پارٹی سردار خالد حسین مگسی، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان اور سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ق)چوہدری سالک حسین سے ٹیلیفونک گفتگو کر کے عید الفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات