نیپال،لاپتہ مسافر طیارے کی تلاش روک دی گئی

پیر 17 فروری 2014 08:09

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)نیپال کے مغربی علاقے میں لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کی تلاش کا عمل خراب موسم اور اندھیرے کی وجہ سے روک دیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام کاکہناہے کہ نیپال ایئر لائنز کے اس ہوائی جہاز پر 18 افراد سوار ہیں اور اس نے پوکھرا ایئرپورٹ سے اتوار کی دوپہر پرواز کی تھی اور جس کے بعد اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا۔

نیپالی فوج کے جوان اس علاقے میں موجود ہیں جہاں طیارے کو آخری بار دیکھا گیا تھا۔نیپال کے شہری ہوا بازی محکمہ کے افسران وملیش لال کرن نے بی بی سی کو بتایا کہ طیارے کی تلاش میں جو دو ہیلی کاپٹر بھیجے گئے تھے انہوں نے بھی رات ہونے کی وجہ سے تلاشی کا کام روک دیا ہے۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کو تلاش کرنے کے لیے فضائی نگرانی پیر کو بھی جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

نیپال ایئر لائنز سے ملنے والی معلومات کے مطابق دو انجنوں والا ٹوئن اوٹر طیارہ جملہ نامی شہر جا رہا تھا اور اس پر ایک بچے سمیت 15 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔نیپال ایئر لائنز کے ترجمان رام ہری شرما نے بتایا کہ طیارے میں سوال 14 مسافر نیپال کے ہیں جبکہ ایک کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق ڈنمارک سے ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’بھیرو‘ ایئر پورٹ نے دوپہر ایک بج کر چار منٹ پر عملے سے اس بات کی تو پتہ چلا کہ طیارہ راستے سے بھٹک رہا ہے اور ایسا خراب موسم کی وجہ سے ہوا۔

اس حادثے کے بعد ایک بار پھر نیپال میں ہوائی جہازوں کی حفاظت کے معاملے پر تشویش بڑھ گئی ہے۔نیپال کی معیشت میں سیاحت کا اہم کردار ہے لیکن گزشتہ چند برسوں کے دوران وہاں فضائی حادثوں میں اضافہ ہوا ہے۔