قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے اقبال سٹیڈیم میں انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ہرا کر انٹر لوپ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ سیریز جیت لی

پیر 17 فروری 2014 08:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء) پاکستان کی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے اقبال سٹیڈیم میں انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ہرا انٹر لوپ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ سیریز جیت لی ہے ۔ اقبال سٹیڈیم میں بلائنڈ کرکٹ ٹی 20 میچ میں انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے جبکہ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 16 اوورز میں یہ ہدف حاصل کر لیا ۔

اس موقع پر ڈی سی او نور الامین مینگل اور ایم این اے رانا محمدافضل خاں مہمانان خصوصی تھے جبکہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر میاں زبیرانور ‘ ڈی او سپورٹس طارق نذیر ‘ پریزیڈنٹ ورلڈ برائنڈ کرکٹ کونسل /چیئرمین پاکستان برائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ اور بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس کرکٹ میچ میں سنچری مکمل کرنے پر زاہد محمود مین آف دی میچ قرار پائے جسے ڈی سی او کی طرف سے 50 ہزار روپے کا نقد انعام دیا گیا اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی طرف سے بھی دس ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ۔

اس قبل لاہور میں منعقدہ کرکٹ میچ بھی پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے جیتا جبکہ تیسرا میچ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ میچ (آج ) 17 فروری کو اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ڈی سی او نے اظہار خیال کرتے ہوئے دونوں ممالک کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کی طرف سے بہترین کھیل پیش کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلے میں آئندہ بھی بھر پور تعاون کیا جائے گا ۔

ایم این اے رانا محمد افضل خاں نے کہا کہ انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی فیصل آباد آمد خوش آئند اقدام ہے جس کی بدولت نہ صرف بلائنڈ کرکٹ مزید فروغ حاصل ہو گا بلکہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات بھی مزید پروان چڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عزم پختہ اور جذبے جواں ہوں تو کوئی جسمانی معذروی انسانی ترقی میں آڑے نہیں آتی ۔جس کا عملی مظاہرہ دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کرکے کیا ہے ۔ انہوں نے مین آف دی میچ کھلاڑی اور ٹیموں کو مبارکباد بھی دی ۔سید سلطان شاہ نے میچ انعقاد میں تعاون اور بہترین انتظامات پر ڈی سی او نور الامین مینگل اور انٹر لوپ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :