پنجاب میں تمام ٹیکسٹائل ملوں کو غیر معینہ مدت کیلئے گیس بند کردی گئی، حالات کو دیکھتے ہوئے اور گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے، سوئی نادرن گیس انتظامیہ،گیس بندش سے انڈسٹری کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا ،غیر ممالک سے آئے ہوئے آرڈر بروقت نہ پہنچنے پر لاکھوں ڈالر نقصان اٹھانا پڑے گا، صنعتکار

پیر 17 فروری 2014 08:06

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)پنجاب میں تمام ٹیکسٹائل ملوں کو غیر معینہ مدت کیلئے گیس بند کردی گئی ،سوئی نادرن گیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم نے حالات کو دیکھتے ہوئے اور گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے جبکہ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس بندش سے انڈسٹری کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا اور غیر ممالک سے آئے ہوئے آرڈر بروقت نہ پہنچنے پر لاکھوں ڈالر نقصان اٹھانا پڑے گا،اس طرح لاکھوں محنت کش جو فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں وہ بے روزگار ہوجائیں گے،اس سلسلہ میں فیصل آباد کے صنعتکار جو انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں انہوں نے ہنگامی طور پر اپٹما،چیمبر آف کامرس اور دیگر ٹیکسٹائل سے متعلقہ تنظیموں کا ہنگامی اجلاس طلب کرلئے ہیں،دریں اثناء مختلف ورکر یونین کے نمائندوں نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اگر ملز مالکان نے اپنے مفاد کی خاطر انڈسٹری کو بند کرنے کی کوشش کی تو وہ ملز مالکان کا گھیراؤ کریں گے،انہوں نے مزید بتایا کہ ملز مالکان آئے روز اپنے مفادات کی خاطر ملوں کو بند کرنے کا بہانہ بنا کر حکومت سے مراعات حاصل کرتے رہتے ہیں جبکہ محنت کشوں کو بروقت تنخواہیں بھی ادا نہیں کرتے۔