قراردادمقاصد سے روگردانی کرکے ہم قیام پاکستان کے مقاصد کو سبوتاژکررہے ہیں ،جنرل(ر) حمیدگل ،مذاکرات اور جاری عدالتی کیسوں پرمیڈیا کے ٹاک شوز کے ذریعے ہیجان کی کیفیت پیداکرکے ان کی اہمیت کو ختم کرنے سازش کی جارہی ہے، حکومت فوری طورپر میڈیا کو پابندکرے کہ ان پر کسی قسم کے پروگرام نہ کئے جائیں، میثاق ریسرچ سنٹر میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کے ایک مباحثے میں گفتگو

پیر 17 فروری 2014 08:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیئرمین سابق آئی ایس آئی چیف جنرل(ر) حمیدگل نے کہا ہے کہ قراردادمقاصد سے روگردانی کرکے ہم قیام پاکستان کے مقاصد کو سبوتاژکررہے ہیں ،مذاکرات اور جاری عدالتی کیسوں پرمیڈیا کے ٹاک شوز کے ذریعے ہیجان کی کیفیت پیداکرکے ان کی اہمیت کو ختم کرنے سازش کی جارہی ہے حکومت فوری طورپر میڈیا کو پابندکرے کہ ان پر کسی قسم کے پروگرام نہ کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز میثاق ریسرچ سنٹر میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کے ایک مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا کہ دنیا میں کہیں بھی حکومت اور عسکریت پسندوں کے درمیان مذاکرات کے دوران میڈیا کو اتنی آزادی دی گئی ہو کہ وہ مذاکراتی کمیٹیوں یا عدالتوں میں چلنے والے کیسوں کے متعلقہ وکیلوں کو ٹی وی پربٹھاکر تمام معاملات پربحث مباحثے کرے ایسی سطحی سوچ اورطرزعمل کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی یا عدلیہ کی آزادی کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں میں اسے مذاکرات کے خلاف سازش سمجھتا ہوں انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ کیا دنیا میں اس کی کوئی ایک بھی مثال دی جا سکتی ہے کہ عسکریت پسندوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں اس طرح میڈیاکوکردارسونپاگیاہو؟اس لئے اگر حکومت مذاکرات اورعدلیہ کی آزادی میں مخلص ہے تواسے فوری طورپراس بارے میں قانون سازی کرنی چاہئے ورنہ مستقبل میں حالات خود حکومت کے کنٹرول سے باہرہوجائیں گے مزیدانہوں نے کہاکہ قراردادمقاصد میں ہماری مملکت کے تمام اصول متعین کردئے گئے ہیں ہم ان سے روگردانی کرکے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو سبوتاژکررہے ہیں حکومت کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی حقیقی اساس کو سامنے رکھ کر فیصلے کرے اس موقع پر ایکس سروس مین سوسائٹی کے مرکزی راہنما کرنل(ر)جاویداقبال اور تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین محمدعبداللہ گل نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :