لاہور لائنز نے فیصل بنک قومی ٹی 20کپ2014جیت لیا، فیصل آباد وولزکو 3 وکٹوں سے شکست دیدی ، سعد نسیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ، 50ہزار کیش پرائز سے نوازا گیا،لائنز نے چیمپیئن لیگ(آئی پی ایل)کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا

پیر 17 فروری 2014 08:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء) لاہور لائنز نے فیصل بنک قومی ٹی 20کپ2014جیت لیا،فائنل میں اس نے فیصل آباد وولزکو 3 وکٹوں سے شکست دیکر یہ اعزاز حاسل کرنے کیساتھ ساتھ چیمپیئن لیگ(آئی پی ایل)کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا۔ فائنل میچ میں فیصل آباد وولز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فیصل آباد وولز نے مقررہ 20اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔

علی وقاص نے 52گیندوں پر 5چوکوں اور4چھکوں کی مدد سے 63 رنز،مصباح الحق نے دو چوکوں کی مدد سے 27 رنز خرم شہزاد نے ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز اور آصف نے ایک چھکے کی مدد سے 11 رنز بنائے۔اعزازچیمہ نے 29 رنز دے کر2، محمد حفیظ نے 20 رنز دے کر 2 وہاب ریاض نے 11 رنز دے کر2، عمران نے 28 رنز دے ایک اور آصف رضا نے 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جواب میں لاہور لائنز کی ٹیم نے مطلوبہ حدف مقررہ20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

سعد نسیم نے43گیندوں پر ایک چھکے اور 4چوکوں کی مدد سے 43 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، احمد شہزاد نے ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز ،ناصر جمشید نے تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز، عمر اکمل نے تین چوکوں کی مدد سے 14 رنزاور حفیظ نے 6 رنز بنائے۔ اسد علی نے32 رنز کے عوض3 وکٹیں حاصل کیں۔خرم شہزاد نے 9 رنز دے کر ایک اور احسان نے 33 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔لاہور لائینز کے سعد نسیم کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا ،اسے 50ہزار کیش پرائز سے نوازا گیا۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے اختتام پر سینیٹر مشاہد اللہمہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اورنقد انعامات تقسیم کئے اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک انتخاب عالم، پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے رکن شکیل شیخ ،میجر(ر) ندیم سڈل،نعیم گیلانی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ایونٹ میں ملک بھر سے سترہ ریجنزکی ٹیموں نے حصہ لیا۔ جن میں حیدر آباد ہاکس، کراچی ڈولفنز، لاڑکانہ کرکٹ ایسوسی ایشن بلز، کوئٹہ بیئرز، سیالکوٹ سٹالینز، فیڈرل ایریاز چیتا، ملتان ٹائیگرز، کراچی زیبراز، راولپنڈی ریمز، اسلام آباد لیپرڈز، فیصل آباد وولز، پشاور پینتھرز، لاہور ایگلز، بہاولپور سٹیگ، ڈیرہ مراد جمالی اور لاہور لائنز شامل تھیں ۔

متعلقہ عنوان :