بگ تھری کی مخالفت پر بھارتی بورڈ سمیت دیگر ممالک کی طرف سے دھمکیاں ملیں،ذکاء اشرف کا انکشاف،ابتداء میں5ممالک بگ تھری کے مخالف تھے،ذمہ دار پاکستان کو قرار دے دیاگیا،مجھے برطرف کرنا بگ تھری مخالفت کی کڑی ہے،کوئی سیاسی ایجنڈا ہے نہ کسی جماعت سے تعلق،ترجیح پاکستان ہے،سابق چےئرمین پی سی بی کا تقریب سے خطاب

پیر 17 فروری 2014 08:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)سابق چےئرمین پی سی بی چوہدری ذکاء اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ بگ تھری کی مخالفت کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کی طرف سے دھمکیاں ملی ہیں،ابتداء میں5ممالک بگ تھری کے خلاف تھے ذمہ دار صرف پاکستان کو قرار دے دیا گیا،میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں سب سے پہلی ترجیح پاکستان ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاہئے،میرا کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہے نہ کوئی سیاسی ایجنڈا،تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو لیکن سب سے پہلی ترجیح پاکستان ہے،کرکٹ کے معاملات میں سیاسی معاملات کو کبھی ترجیح نہیں دی،کرکٹ پوری ٹیم کو متحد کرتی ہے اور یہ پوری قوم کی آواز ہے،انہوں نے کہا کہ جب آئی سی سی اجلاس میں کہا گیا آئی سی سی نے دھمکی دی کہ اگر پی سی بی کا آئین نہ بدلہ تو پاکستان کو کونسل سے نکال دیں گے تو میں نے کہا کہ آئین بنانا حکومت کا کام ہے بورڈ کا نہیں،بورڈ کا کام کھلاڑیوں کی مینجمنٹ کرنا ہے،سابق چےئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اجلاس میں اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا،پاکستان کی عزت اور غیرت کا سوال تھا،انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بگ تھری کی سوچ بھارت نے شروع کی تھی،ابتداء میں5ممالک بگ تھری کے مخالف تھے لیکن آخر میں بگ تھری کی حمایت نہ کرنے پر اس کا ذمہ دار صرف پاکستان کو قرار دے دیا گیا اور بگ تھری کی مخالفت کرنے پر بھارتی کرکٹ حکام اور دیگر ممالک سے مجھے دھمکیاں ملی ہیں ،شروع میں ویسٹ انڈیز ،بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ پاکستان کے ساتھ تھے ،زمبابوے،بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ نے آئی سی سی سے فنڈ مانگے تھے،بگ تھری کی مخالفت کرنے کا ان میں اتنا حوصلہ نہیں،مجھے بگ تھری کی حمایت کرنے پر آئی سی سی کی صدارت کی بھی پیشکش ہوئی لیکن میں نے قبول نہیں کی،لیکن جنوبی افریقہ کو میچ کا لالچ دیکر خرید لیاگیا،بگ تھری فارمولے کو اگر کیلکولیٹ کیا جائے تو حمایت کرنے والے ممالک کو کچھ بھی نہیں ملتا ،وہ آئی سی سی کے سامنے فقیروں کی طرح ہیں ،انہوں نے کہا کہ شروع میں بگ تھری کی مخالفت کرنے پر سب نے تعریف کی اب سب تنقید کر رہے ہیں،سمجھ نہیں آتی کیا ماجرہ ہے،میں سمجھتا ہوں مجھے چےئرمین کے عہدے سے ہٹانا بھی بگ تھری مخالفت کی کڑی ہے،پی سی بی کے معاملات کے ساتھ ساتھ زرعی ترقیاتی بنک کے معاملات بھی گھسیٹا جارہا ہے،وزیراعظم سے ملاقات کیلئے وقت مانگا تھا لیکن وہ شاید مصروفیات میں تھے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پیسے کی نہیں عزت کی ضرورت ہے،ملک میں کرکٹ ہوگی تو پیسہ آئے گا،لیکن بھارت صرف پیسے کے پیچھے بھاگ رہا ہے،اسے عزت کی پرواہ نہیں۔

متعلقہ عنوان :