قومی کرکٹ ٹیم کا مفاد اولین ترجیح ہے ، نجم سیٹھی ، پاکستانی ٹیم ایشیا کپ اور ٹی 20میں ضرور فتح حاصل کرے گی ، ٹیم کے جیتنے سے ملک کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوتا ہے ، اگر بگ تھری کو ہمارا ووٹ چاہیے تو پھر اسے ہماری بات بھی سننا ہوگی ، تمام امور پر پی سی بی کے سابق اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے ، سابق چیئرمین اعجاز بٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس ، نجم سیٹھی کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے ، میڈیا کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرے ، تین سال نکتہ چینی کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا ،بگ تھری میں تینوں ممالک ” سن آف پگ ہیں “ اعجاز بٹ

بدھ 19 فروری 2014 03:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء) پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا مفاد اولین ترجیح ہے ، پاکستانی ٹیم ایشیا کپ اور ٹی 20 میں فتح حاصل کریگی ۔ منگل کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے ایک ساتھ پریس کانفرنس کی ۔ اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹیم کے جیتنے سے ملک کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوتا ہے ٹیم کا مورال بلند ہوتا ہے اس حوالے سے تمام اقدامات کئے جائینگے ۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر بگ تھری کو ہمارا ووٹ چاہیے تو پھر انہیں بھی پی سی بی کی بات سننی ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا کپ اور ٹی 20 میں قومی ٹیم فتح کے جھنڈے گاڑھے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بگ تھری کے معاملے پر اعجاز بٹ سے بھی تجاویز لی ہیں اور اعجاز بٹ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر قومی کرکٹ ٹیم کا مفاد اولین ترجیح ہے اور ان تمام امور پر پی سی بی کے سابق اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

اس موقع پر پی سی بی کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا کہ وہ نجم سیٹھی کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے اور ہر قسم کی معاونت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ بھی اس حوالے سے مثبت کردار ادا کریں ۔ اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ ان کی ذات پر بھی تین سال تک نکتہ چینی کی گئی مگر ہر نکتہ چینی خندہ پیشانی سے برداشت کی اور آئین و قانون کے مطابق احسن طریقے سے اپنا فریضہ سرانجام دیتا رہا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ کے لئے ضروری نہیں ہے کہ وہ بھی کرکٹر ہی ہو بلکہ معاملات کو صحیح طریقے سے چلانا چاہیے جب اعجاز بٹ سے بگ تھری کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ تینوں ملک ” سن آف پگ“ ہیں کیا کہا جاسکتا ہے ۔