ملک میں بنیادی ڈھانچے وتوانائی کے شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں،وزیراعظم نوازشریف،حکومت نے ریلوے کی بحالی کے منصوبے کا آغاز کردیا، میسرزجنرل الیکٹرک کمپنی کے و فد سے گفتگو

بدھ 19 فروری 2014 03:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بنیادی ڈھانچے اورتوانائی کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجوں ہیں۔ انہوں نے یہ بات میسرزجنرل الیکٹرک کمپنی کے پانچ رکنی وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جس نے کمپنی کے نائب صدر/سی ای او جان جی رائس کی قیادت میں منگل کو ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بنیادی ڈھانچے اورتوانائی کے منصوبوں بالخصوص بجلی کی پیداوار میں اضافہ، توانائی کے شعبہ کی استعداد کار بڑھانے اور بجلی کے شعبہ کو متنوع بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کے بارے میں سرکاری و نجی شعبہ کے اشتراک کار کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنرل الیکٹرک کمپنی پاکستان سے طویل وابستگی رکھتی ہے اور ملک کمپنی کے تجربہ اور مہارت سے استفادہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کمپنی نندی پور(525میگاواٹ) اور گدو(747میگاواٹ) سمیت بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبوں کی تکمیل پر سرگرمی سے کام کررہی ہے۔ وزیراعظم نے حکومت کے بجلی کے شعبے سے متعلق کئی بڑے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے جنرل الیکٹرک کمپنی کو بجلی کے دیگرمنصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جو اس وقت زیرغور ہیں۔ انہوں نے کمپنی کو چیچوکی ملیاں کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ، گرینج پاور لمیٹڈ کمبائنڈ سائیکل ، آئی پی پی اور شاہدرہ، فیصل آباد اور ملتان میں واقع ”جینکو “تھری پلانٹس کو از سر نو تقویت دینے جیسے مختلف منصوبوں کیلئے تعاون کرنے کی بھی دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ریلوے کی بحالی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے اس ضمن میں حکومت نے پاکستان ریلوے کیلئے بحالی پیکج کی بھی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کمپنی کو اس کاروباری منصوبے سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔جان رائس نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں اپنی طویل شراکت داری پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ساتھ ہم کلیدی انفراسٹرکچر منصوبہ جات کے فروغ کے حوالے سے اپنے پارٹنرکے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں جس سے موجودہ اور آئندہ کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور ملک کی اقتصادی ترقی میں معاونت ہوگی۔