جنوبی افریقہ کے بعد سری لنکن بورڈ نے بھی آئی سی سی میں بگ تھری منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا ،پاکستان اس معاملے میں تنہا رہ گیا ،فیصلہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ، تمام ارکان نے اس غیر مشروط طور پر اس کی حمایت کردی ، آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں فیوچر ٹور پروگرام کو ختم کرنے کی تجویزمنظور کی گئی تھی ، اب ان ممالک کے درمیان سیریز صرف باہمی مشاورت سے ہی ہوگی، سیکرٹری سری لنکن کرکٹ بورڈ

بدھ 19 فروری 2014 03:04

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء) جنوبی افریقا کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی میں بگ تھری منصوبے کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جس کے بعد پاکستان اس معاملے پر اب اکیلا ہوگیا ہے۔ کولمبو میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں 8 فروری کو سنگا پور میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پیش کی جانے والی قراردادوں پرتفصیل سے غورکیاگیا جس کے بعد اجلاس میں شریک تمام ارکان اس نتیجے پر پہنچے کہ سنگا پور میں آئی سی سی کے انتظامی اور مالی معاملات کے حوالے سے پیش کی جانے والی ترمیم شدہ قرارداد ان کے موقف کے عین مطابق ہے اس لئے بورڈ اس قرارداد کی غیر مشروط حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ سری لنکا کے سیکریٹری نشانتھا رانا تنگا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں فیوچر ٹور پروگرام کو ختم کرنے کی تجویزمنظور کی گئی تھی اور اب سے ممالک کے درمیان سیریز صرف باہمی مشاورت سے ہی ہوگی ، اس سلسلے میں ہمیں بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ باہمی دوروں کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سری لنکن بورڈ کو آئندہ 7 برسوں میں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیل کر 60 ملین ڈالر کی آمدنی ہوگی، جو لوگ اصولوں کی بات کرتے ہیں وہ ہمیں پیسے نہیں دیں گے اور ہمیں ملک میں کرکٹ کے معاملات کو چلانے کے لئے ان تینوں ملکوں کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ہوں گے.واضح رہے کہ بگ تھری معاملے پر پہلے جنوبی افریقا نے پاکستان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا اور اب سری لنکا نے بھی بگ تھری کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد پاکستان آئی سی سی میں اکیلا رہ گیا ہے۔