وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی وزارتوں میں بے جا مداخلت ، وزیراعظم سمیت پارٹی میں بے چینی پھیل گئی

پارٹی ’’ بچاؤں یا بیور و کریٹ‘‘ وزیراعظم سوچوں کی دلدل میں پھنس گئے، ریاض حسین پیرزادہ کی مشروط رضامندی پر آئندہ دنوں میں وزیراعظم نے پرنسپل سیکرٹری کی قربانی دینے کی تیاری مکمل

منگل 9 مئی 2017 22:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء) وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی وزارتوں میں بے جا مداخلت سے ایک وزیر کے مستعفی اور دوسرے کی تیاری پر وزیراعظم سمیت پارٹی میں بے چینی پھیل گئی، پارٹی ’’ بچاؤں یا بیور و کریٹ‘‘ وزیراعظم سوچوں کی دلدل میں پھنس گئے، ریاض پیرزادہ کی جانب استعفیٰ واپسی بیورو کریٹ کی برخاستگی سے مشروط ہونے پر آئندہ دنوں میں وزیراعظم نے پرنسپل سیکرٹری کی قربانی دینے کی تیاری مکمل کر لی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی جانب وزارتوں میں بے جا مداخلت پر متعدد وزراء نے شکایات کے انبار لگا دیئے، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کے وزیر ریاض پیرزادہ کی جانب سے استعفیٰ دینے اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی جانب سے استعفیٰ کی تیاری پر وزیراعظم سمیت پوری پارٹی میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی، ذرائع نے بتایا کہ وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کو منانے اور استعفیٰ واپس لینے کی تمام تر کوششیں رائیگاں ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف چند دنوں میں ملاقات کریں گے، جس کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کا سیکیورٹی سٹاف اسلام آباد میں وفاقی وزیر کی رہائش گاہ کا دورہ کر چکا ہے، تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر نے استعفیٰ کی واپسی پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی برخاستگی یا معافی نامہ سے مشروط کر دی ہے، دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی جانب سے فواد حسن فواد کی جانب سے وزارت میں مداخلت کرنے استعفیٰ کی تیاری مکمل کر لی گئی تھی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور معاون خصوص وزیراعظم آصف کرمانی نے انہیں تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کروا دی، ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے متعدد وزراء نے وزیراعظم کو شکایات کے انبار لگا دیئے ہیں، تاہم وزیراعظم نواز شریف کی مصروفیات کے باعث ابھی معاملہ پر بحث نہیں ہو سکی، مگر وزیراعظم سمیت پارٹی میں بیورو کریسی کی جانب سے سیاسی معاملات میں مداخلت کرنے پر شدید تحفظات پائے جاتے ہیں جن کے باعث وزیراعظم نواز شریف سوچ کی دلدل میں پھنس گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں وزیراعظم پارٹی میں پھیلی بے چینی اور سیاسی وفاداری تبدیل نہ کرنے کے ڈر سے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔

(وقار/حسن رضا)

متعلقہ عنوان :