پاکستان مخالف تقاریر ،عدالتی نوٹسز کے باوجودپیش نہ ہونے پر بانی ایم کیو ایم کے وارنٹ گرفتاری جاری

منگل 9 مئی 2017 22:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے پاکستان مخالف تقاریر کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ کے قائد کے خلاف درج مقدمے میں عدالتی نوٹسز کے باوجودپیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر قائد ایم کیو ایم کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نمبر l کے جج نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے جولائی 2015ء میں پاکستان مخالف تقاریر کیں جس پر ان کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کرایا گیا مگر بار بار عدالتی نوٹسز کے باوجود قائد ایم کیو ایم پولیس تفتیش میں شامل ہو رہے ہیں نہ ہی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے قائد بیرون ملک ہیں ،عدالتی حکم کے مطابق ان کے رہائشی پتوں پر نوٹسز بھجوائے گئے مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔جس پر فاضل عدالت نے عدالتی نوٹسز نظر انداز کرنے پر قائد ایم کیو ایم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔