مریم نواز دل کے عارضے میں مبتلا ملتان کی 5 سالہ بچی امان فاطمہ کیلئے مسیحا بن گئیں

غریب والدین کی درخواست پر مریم نواز نے بچی کو لاہور بلوا کر ذاتی خرچے پر آپریشن کروایا والدین وزیراعظم نوازشریف اور مریم نوازکیلئے دعاگو

منگل 9 مئی 2017 22:31

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء)وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی دختر اول مریم نواز ملتان کی پانچ سالہ ننھی بچی امان فاطمہ کیلئے مسیحا بن گئیں،ملتان کے غریب والدین کی درخواست پر مریم نواز نے بچی کو لاہور بلوا کر ذاتی خرچے پر آپریشن کروایا۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں جہانگیر آباد کے رہائشی غریب محنت کش امانت علی کی 5 سالہ بیٹی امان فاطمہ دل کے عارضے میں مبتلا تھی جبکہ ملتان میں اس کے علاج کی سہولت میسر نہ تھی۔

(جاری ہے)

ننھی امان کے والد کی درخواست پر دختر اول مریم نواز نے بچی کو والدین سمیت لاہور بلوایا اور شریف میڈیکل کمپلیکس میں ننھی امان فاطمہ کو علاج کیلئے داخل کروایا۔ امان کے دل میں سوراخ تھا جس کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔علاج پر 9 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے جودختر اول مریم نواز کی جانب سے ادا کئے گئے۔ پانچ سال کی ننھی امان فاطمہ اب تیزی سے صحت یاب ہورہی ہے۔ امان کے والدین اس کا آپریشن کروانے پر میاں نواز شریف اورمریم نواز کو بھیگی آنکھوں کے ساتھ دعاگوہ ہیں۔