عام انتخابات سے قبل ہی الیکشن کمیشن انتظامی بحران کا شکار

اگلے انتخابات ڈیپوٹیشن پر تعینات ناتجربہ کار افسران کے ہاتھوں کرائے جانے کا امکان انتخابات سے چند ماہ قبل چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سمیت گریڈ 21کے 7اہم آفیسران ریٹائرڈ ہوجائینگے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن،الیکشن، ڈی جی لا اورڈی جی ایڈمن کی نشستیں رواں سال خالی پر جائینگی

منگل 9 مئی 2017 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء) عام انتخابات 2018 سے قبل ہی الیکشن کمیشن انتظامی بحران کا شکار ہوگیاہے ، انتخابات سے چند ماہ قبل چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سمیت گریڈ 21کے 7اہم آفیسران ریٹائرڈ ہوجائینگے، سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنر رواں سال جون اور بلوچستان کے اگلے سال جنوری میں ریٹائرڈ جبکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بھی تاحال مستقل تعیناتی نہیں ہوسکی ہے ،مرکزی سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن،الیکشن، ڈی جی لا اورڈی جی ایڈمن کی نشستیں رواں سال خالی پر جائینگی،الیکشن کمیشن کی جانب سے افسران کو مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے کے فیصلے کے بعد اگلے انتخابات ڈیپوٹیشن پر تعینات ہونے والے ناتجربہ کار افسران کے ہاتھوں کرائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اگلے عام انتخابات سے قبل ہی کمیشن کو انتظامی طور پر ایک بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کمیشن کے گریڈ 21کے تجربہ کار افسران کی بڑی تعداد اگلے الیکشن سے قبل ہی ریٹائرڈ ہو رہی ہے اور ان اہم پوسٹوں کو پر کرنے کیلئے کمیشن کے پاس تجربہ کار اور اچھی شہرت اور قابل افسران کا شدید فقدان ہے ذرائع کے مطابق اس وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں گریڈ 22کے صرف ایک سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد ہیں جبکہ گریڈ 21مجموعی طور پر 7افسران کا م کر رہے ہیں جو اگلے عام انتخابات سے قبل ہی ریٹائرڈ ہوجائیں گے ذرائع کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ تنویز ذکی ماہ جون 2017میں ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نعیم مجید جعفرجنوری 2018میں ریٹائرڈ ہو جائیں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں پیر مقبول احمد اور پنجاب میں شریف اللہ قائمقام صوبائی الیکشن کمشنر کی حیثیت سے دوہری ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور ان عہدوں پر بھی مستقل صوبائی الیکشن کمشنر کی تعیناتیاں نہیں ہوئی ہیں ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ڈائریکٹر جنرل الیکشن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایڈمن کی اہم پوسٹیں بھی خالی ہیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل لاء محمد ارشد اور ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن بریگیڈئیر (ر) عباس علی خان بھی رواں مہینے میں ریٹائرڈ ہوجائیں گے ذرائع کے مطابق جائنٹ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عطاء الرحمن جنہیں ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات کے مکمل ہونے تک ایک سال کی توسیع دی گئی تھی بھی جون2017میں ریٹائرڈ ہوجائیں گے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس گریڈ 20میں کام کرنے والے افسران کی تعداد9ہے جن میں بھی اکثریتی ریٹائرڈ ہو رہے ہیں اور ان افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس اہم عہدوں پر تعیناتی کیلئے مطلوبہ تجربے ،قابلیت اور نیشنل منجمنٹ کورس مکمل کرنے والے افسران کی شدید کمی ہے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کو مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ بعض افسران نے پہلے ہی الیکشن کمیشن سے توسیع نہ لینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے ایسی صورتحال میں الیکشن کمیشن کو دیگر محکموں سے ڈیپوٹیشن پر ناتجربہ کار افسران تعینات کرنے ہونگے اس سلسلے میں جب الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایاکہ افسران کی ریٹائرمنٹ اور تبادلے معمول کا حصہ ہے اور الیکشن کمیشن کے پاس ان اہم عہدوں پر تعیناتی کیلئے قابل اور اہل افسران کی بڑی تعداد موجود ہے انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن اگلے عام انتخابات کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے اوران افسران کی ریٹائرمنٹ سے الیکشن کے معاملات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔

۔۔۔۔۔۔۔اعجاز خان