تیر و ترکش

بدھ 27 فروری 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، پاکستان جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
اس طرح کا حق اب زیادہ دیر محفوظ رکھنا ضروری نہیں۔
#پاکستان کا غیرملکی قرض تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ
اب تو اس طرح کی رپورٹیں پڑھ کر تبصرہ کرنے کا وقت نہیں ہوتا کپتان کے پاس۔
#بڑی سیاسی جماعتیں مصلحت کا شکار ہوگئیں، مولانا فضل الرحمن
وہ دونوں تو دمڑی اور چمڑی بچانے کی فکر میں ہیں۔


#پاکستان تحریکِ انصاف عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں، وزیر معدنیات پنجاب حافظ عمار یاسر
آپ کے استعفے کی واپسی پی ٹی آئی کی ان کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
#سنگاپور کے انویسٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر علی زیدی
انہیں روکا کس نے ہے؟
#مودی امن کو ایک موقع دیں، وزیراعظم عمران خان
لاتوں کے بھوت بھلا باتوں سے کب مانتے ہیں۔

(جاری ہے)


#عمران خان جیسا کہیں گے ویسا کروں گا، فواد چودھری
اب تک جو کیا ہے وہ کس نے کہا تھا آپ کو ؟
#اس بار ہمارا جواب مختلف ہوگا بھارت کو حیران کردیں گے، ترجمان پاک فوج
جی او شیرا!
#حکومت نااہل اور کرپٹ لوگوں کے حوالے کردی گئی، شاہدخاقان عباسی
کس کا اعتبار کریں؟ اس طرح کے بیان زرداری نوازشریف کے متعلق، نوازشریف زرداری کے بارے میں اور عمران خان دونوں کے متعلق دے چکے ہیں۔


#سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، میاں ثاقب نثار
اللہ آپ کو اپنے ارادے پر قائم رکھے۔
#ملک بھر میں جائیداد کی خرید وفروخت کا کاروبار منجمد
ملک بھر میں کاروبار چل کون سا رہا ہے؟
#عمران خان فون اٹھائیں، مودی سے بات کریں، محبوبہ مفتی
مودی جی کے پاس ایزی لوڈ کی سہولت نہیں کیا؟
#بھارت نے ترجمان پاک فوج کی میڈیا کانفرنس دکھانے پر اپنے 13 چینلوں کو نوٹس دے دیا۔


ترجمان پاک فوج کی حیران کردینے والی بات نے پریشان ہی اتناکردیا بھارتی حکومت کو!
#متحدہ قومی موومنٹ ایک حقیقت ہے، آرگنائزر ایم کیو ایم ظفرصدیقی
ایک کیوں اب تو چار پانچ حقیقتیں بن چکی ہیں متحدہ کی!
#نوازشریف کو کچھ ہوا تو حکومت نہیں بچے گی، سیدخورشیدشاہ
شاہ جی کیا ہوگیا آپ کو، اتنی محبت؟!
#نیب کو قانون، ضابطہ اور طریقہ کار پر عمل کرنا چاہیے، سابق وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک
اٹھارویں ترمیم کے وقت نیب قوانین دیکھ لیے ہوتے تو آج آپ کو اس طرح کی درخواست نہ کرنا پڑتی۔


#پی ٹی آئی ارکان پارلیمان کو خاموشی سے 24 ارب کے فنڈ جاری
تھا جو ناخوب بتدریج وہی خوب ہوا۔
#امریکا طالبان مذاکرات کا آغاز، پاکستان کے شکرگزار ہیں، زلمے خلیل زاد
خالی خولی شکریے سے کام نہیں چلے گا زلمے صاحب، امریکی محاورہ بھی تو ہے ناں دنیا میں کوئی فری لنچ نہیں ہوتا۔
#افغانستان میں امن، ٹرمپ اور عمران ایک صفحے پر ہیں۔

پاکستانی سفیر
صفحے کا رنگ خاکی ہے یا بنفشی یہ نہیں بتایا سفیر صاحب نے۔
#ڈیل! ذرا اشارہ کردوں تو بہت سوں کی جگ ہنسائی ہو۔ چودھری نثار
اتنی نہ بڑھا پاکیٴ داماں کی حکایت
#نعیم الحق کو کچھ پتا نہیں ہوتا، وفاقی وزیر اطلاعات
کبھی کبھی تو لگتا ہے کہ ساری حکومت کو ہی کچھ پتا نہیں ہوتا۔
#ریما بنت سلطان بندر امریکا میں سعودی عرب کی سفیر تعینات
وہاں کوئی میرا تو نہیں ناں؟
#پیپلزپارٹی کی احتجاجی تحریک کا حصہ بننے سے ن لیگ انکاری
اکیلے اکیلے مار کھانے کا مزہ ہی کچھ اور ہے۔


#مقتول مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دلائیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ
گویا مزدور کے بچے کی تعلیم کے لیے باپ کا مقتول ہونا ضروری ہے۔
#قائداعظم نے اسرائیل کو ناسور قرار دیا تھا، سراج الحق
قائد بہت مہذب تھے جو انہوں نے ”نا“ لگا دیا۔
#نعیم الحق رہیں گے ،فواد چودھری کابینہ سے چلے جائیں گے، مشاہداللہ خان
چودھری صاحب کے جانے سے آپ بھی سکھ کا سانس لیں گے ایوانِ بالا میں۔
#سندھ میں تحریکِ انصاف تین دھڑوں میں بٹ گئی۔
صرف سندھ میں؟!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :