بھارت میں سام سنگ کی جانب سے تعمیر کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی موبائل مینوفیکچرنگ فیکٹری کا افتتاح کر دیا گیا

جنوبی کوریائی صدر نے نریندر مودی نے مشترکہ طور پر فیکٹری کا افتتاح کیا، فیکٹری سے 4لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا جبکہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو گی

پیر 9 جولائی 2018 23:40

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 9 جولائی 2018ء) دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فونز فیکٹری بھارت میں کھل گئی۔ جنوبی کوریائی صدر نے بھارت میں سام سنگ کی سب سے بڑی مینوفیکچرنگ فیکٹری کا افتتاح کردیا،اس موقع پر نریندر مودی بھی وہاں موجود تھے۔فیکٹری سے 4لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا جبکہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فونز فیکٹری نے بھارت میں کام کرنا شروع کردیا۔اس موقع پر جنوبی کوریائی صدر خود بھارت تشریف لائے اور انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں سام سنگ کے سب سے بڑے مینو فیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کیا۔

32ایکڑ پر پھیلی ہوئی یہ فیکٹری دہلی کے باہر نوڈیا کے علاقے میں قائم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس فیکٹری کے کام کرنے سے امید کی جارہی ہے کہ 2020تک سام سنگ اپنی مصنوعات کی تعداد دوہری کرنے میں کامیاب ہو جائے گا اور سام سنگ کی پیداوار 68 ملین سے بڑھ کر 120 ملین موبائل سالانہ تک پہنچ جائے گی۔اس حوالے سے اعدادوشمار کے مطابق اب سام سنگ کے کل 6 مینوفیکچرنگ یونٹ دنیا بھر میں کام کررہے ہیں جو ہرایک سیکنڈ میں صارفین کے لیے 2 موبائل تیار کررہے ہیں۔

اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں کوریائی ٹیکنالوجی اور انڈیا کی افردای قوت پر یقین ہے۔ہمیں یقین ہے کہ ہم دنیا کا بہترین سمارٹ فون تیار کر سکیں گے۔

خبر کے مطابق سام سنگ اس پراجیکٹ میں 715 ملین ڈالر کی انویسٹمنٹ کرے گا جس کے نتیجے میں 4 لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی اور لاکھوں لوگوں کے روزگار کا مسئلہ حل ہوگا۔یاد رہے کہ بھارت دنیا میں چین کے بعد دنیا کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔اس کے ٹوٹل سمارٹ فون صارفین کی تعداد 30 کروڑ سے زائد ہے۔اس یونٹ کے آغاز کے بعد سمارٹ فون کی کھپت کے سلسے میں طلب اور رسد کے فرق میں کمی واقع ہو گی اور بھارتی شہری مقامی طور پر تیار کئیے گئے دنیا کے جدید سمارٹ فون استعمال کرسکیں گے۔