پی ٹی آئی نے مرکز اور پنجاب میں حکومتیں تشکیل دینے کے لیے نمبر گیم مکمل کر لی

فواد چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 31 جولائی 2018 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعوٰی کیا ہے کہ ان کی جماعت نے مرکز اور پنجاب میں حکومتیں تشکیل دینے کے لیے نمبر گیم مکمل کر لی ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) مرکز اور پنجاب میں ان کی اتحادی حکومت کا حصہ ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے منتخب آزاد امیدواروں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مزاکرات جاری ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اگر کسی سیاسی جماعت کو دھاندلی کا کوئی شک ہے تو پی ٹی آئی ان حلقوں کو کھولنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اتفاق رائے سے بنایا گیا تھا اور اب وہ انتخابی عمل پر اپنے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔