تیر و ترکش

منگل 9 اپریل 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#نوازشریف کی جلد صحت یابی کے لیے مولانا فضل الرحمن کی دعا۔
مولانا کی دعائیں آج کل فوری قبولیت کی بجائے جمع ہورہی ہیں شاید۔
#احتساب عدالت سے وہیں جائیں گے جہاں پہلے گئے تھے، آصف زرداری
بندے کو اپنے کیے کے نتائج کا پتا ہی ہوتا ہے ناں!
#جی ڈی اے نے سندھ حکومت گرانے کی مخالفت کردی۔
کیوں جی خرم شیرزماں اور حلیم عادل شیخ صاحب ہن آرام اے؟
#جہاں جاتے ہیں لوگ اچھی سڑکیں مانگتے ہیں، کمانڈر سدرن کمانڈ عاصم سلیم باجوہ
شریف خاندان نے لوگوں کی عادتیں خراب کردی ہیں سڑکیں بنابناکر۔


#بھارت اپنے دوسرے طیارے کے متعلق بھی سچ بتائے، ڈی جی آئی ایس پی آر
کچھ ہمسائیگی کا ہی خیال کرلیں، کیوں بھارت کی ”بے عزتی“ خراب کرنے پر تُلے ہوئے ہیں آپ؟
#معیشت ڈیڑھ سال میں مستحکم ہوگی، اسد عمر
تاریخ کوئی بھی دے دیں، اللہ صحت تندرستی رکھے، آہی جانی ہے پھر آپ کیا کریں گے؟
#گزشتہ دنوں ملاقاتیں اور بات چیت تو بہت خوشگوار اور حوصلہ افزا رہی، عملی طور پر کیا ہوتا ہے، یہ آنے والا وقت بتائے گا، صدر وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کے بعد مولانا محمد حنیف جالندھری کا ردعمل
پہلے یہ بتائیں جانے والا وقت جو کچھ بتا گیا، اس سے کیا سیکھا آپ نے؟
#دوائیں مہنگی کرنے کا فیصلہ لیگی حکومت نے کیا، ہم صرف عمل کررہے ہیں، وفاقی وزیر صحت
اگر لیگی حکومت کے فیصلوں پر ہی عمل کرنا تھا تو پھر آپ کو حکومت میں لانے کا کیا مقصد تھا؟
#زرداری کا سراج الحق کو فون، رابطے بڑھانے پر اتفاق۔

(جاری ہے)


سراج بھائی! رابطے حد سے بڑھ جائیں تو غم ملتے ہیں۔
#عوام دو نہیں ایک روٹی کھائیں، فواد چودھری
آپ کی حکومت رہی تو ایک روٹی کے بھی لالے پڑ جائیں گے عوام کو۔
#پی پی اور نواز لیگ تحریک چلانے میں سنجیدہ نہیں، مولانا فضل الرحمن
دیکھیے گا کہیں ان دونوں کی عدم سنجیدگی آپ کی سنجیدگی کو بھی متاثر نہ کردے۔
#ملک کو کرپشن کی دلدل سے نکالیں گے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی
سنا ہے آپ کے تین وفاقی اور پنجاب کے پانچ وزیر بھی اس دلدل میں اتر چکے ہیں، ان کا کیا کرنا ہے؟
#تجربے میں اسحاق ڈار سچن ٹنڈولکر اور اسد عمر کلب کرکٹر ہیں، سابق گورنر سندھ محمد زبیر
زبیر صاحب ذرا ریکارڈ دیکھ لیں، ٹنڈولکر کی اکثر بڑی بڑی اننگز انڈیا کو جتوانے میں ناکام ہی رہی ہیں۔


#لاتوں مکوں سے حکومت گرانے پر یقین نہیں رکھتے، امیر جماعت اسلامی
یہ بات امیر جماعت اسلامی نے زرداری صاحب کو فون پر بتائی ہے۔
#حرام کا مال آنے کے بعد سیاست دان بزدل ہوجاتے ہیں، شیخ رشیداحمد
دیکھیں ناں جی تجربہ بول رہا ہے!
#جیالو! میرے بچوں بلاول، بختاور اور آصفہ کا خیال رکھنا، آصف زرداری
اگر آپ نے جیالوں کا خیال رکھا ہوتا تو یہ بیان دینا ہی نہ پڑتا آپ کو!
#وزیراعظم عمران خان کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر پورا اعتماد ہے، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب
یہ بیان دے کر آپ نے وزیراعظم پر اعتماد کرنے والوں کو چھیڑنے کی کوشش کی ہے ناں؟
#وزیراعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان کے ہر شہر میں گراوٴنڈز آباد کیے جائیں، نعیم الحق
گرمیاں آگئی ہیں، لوڈشیڈنگ نے گھروں کو ویران اور گراوٴنڈز کو آباد کردینا ہے خاطر جمع رکھیں۔


#رمضان میں اشیائے خورونوش مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کا فیصلہ
اس فیصلے کا مطلب ہے کہ رمضان سے پہلے ہی اشیائے خورونوش کی فروخت مہنگی کردی جائے۔
#حکومت پانچ سال چلی تو ملک موہن جودڑو بن جائے گا، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ
جیسے آپ نے سندھ کو بنایا ہے بڑی محنت سے۔
#عوام کے پاس پی ایس پی کے سوا کوئی آپشن نہیں، مصطفی کمال
اور حیرت کی بات عوام کو اس کا بالکل بھی پتا نہیں۔


#حکومت گرانا ن لیگ اور پی پی کے بس کی بات نہیں، پی ٹی آئی
اس لیے یہ کام ہمیں خود ہی کرنا پڑے گا۔
#اٹھارہویں ترمیم چھیڑی تو حکومت کو لات مارکر ختم کردوں گا، بلاول
کتنے مزاحیہ ہوگئے ہیں آپ ٹرین مارچ کے بعد۔
#عمران اپنی کابینہ میں چور ڈاکو ڈھونڈیں، حمزہ شہباز
کیونکہ ہمارے بہت سے ساتھی وہاں ہیں۔
#تبدیلی سے تباہی بھی آتی ہے، لوگ مارکیٹ پر پیسہ لگائیں، وزیر خزانہ
او بھائی صاحب! ایک تو آپ ذرا دھیان سے بولا کریں اور دوسرا یہ بتائیں مارکیٹ رہنے کون سی دی ہے آپ کی تباہی والی تبدیلی نے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :