Live Updates

پیپلزپارٹی آرمی چیف کی تصاویر لگانے سے مقبول نہیں ہوسکتی، کراچی کو اس کا حق دیا جائے

کراچی میں پانی بحران سمیت دیگر مسائل حل کئے جائیں، کےالیکٹرک کو رائٹ آف کلیم کے نام پر 76ارب روپے وصولی کی اجازت دی گئی تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 مئی 2025 19:41

پیپلزپارٹی آرمی چیف کی تصاویر لگانے سے مقبول نہیں ہوسکتی، کراچی کو ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 24 مئی 2025ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر اور اسرائیل غزہ میں بدترین جارحیت اور دہشت گردی کر رہا ہے، امریکی صدر پر ہر گز اعتماد نہیں کیا جا سکتا، وہ بھارت کے حامی اور غزہ میں فلسطینیوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں، پاک فوج اور ائیر فورس نے جس طرح بھارت کے خلاف مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح اسرائیل کے خلاف بھی عملی اقدامات کیے جائیں، جماعت اسلامی شعبہ میڈیکل کے تحت 31مئی کو اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں ”ڈاکٹروں کا مارچ“ ہوگا، یکم جون کو حیدر آباد میں عظیم الشان و تاریخی”بھارت و اسرائیل مردہ بادجلسہ عام“کیا جائے گا۔

ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران غیرت وحمیت کا مظاہرہ کریں اور فلسطین کی مدد کریں، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت غذائی اجناس فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آرمی چیف کی تصاویر لگانے سے مقبول نہیں ہو سکتی، کراچی کو اس کا حق دے، پانی بحران سمیت دیگر مسائل حل کرے، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سپریم کورٹ کے حکم اور آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات و وسائل فراہم کرے، کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومتی گٹھ جوڑ سے کراچی کے عوام کی خون پیسنے کی کمائی لوٹی جارہی ہے، کے الیکٹرک کو رائٹ آف کلیم کے نام پر 76ارب روپے وصولی کی اجازت دی گئی تو جماعت اسلامی وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرے گی، کے الیکٹرک لائسنس منسوخ اور فارنزک آڈٹ کرایا جائے، کراچی کو کے الیکٹرک کی مہنگی بجلی کے بجائے نیشنل گرڈ سے سستی اور بلا تعطل بجلی دی جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگانے کے بجائے وڈیروں و جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے، حکمران طبقہ آئی ایم ایف کے کہنے کے باوجود اپنی مراعات اور سہولیات کم نہیں کرتا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، بھارت چھپ کر وار کرنے کا عادی ہے وہ ہمیں اندرونی طور پر کمزور اور تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے، ہمیں بھارت کے خلاف میدان ِ جنگ کی تیاری بھی کرنی ہے اور ملک میں امن و امان بھی یقینی بنایا جائے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے تسلیم کیا جائے اور دشمن کو موقع فراہم نہ کیا جائے، وزیرستان دھرنے کے مطالبات جائز ہیں ان کو منظور اور عوام کو اعتماد میں لیا جائے، خضدار میں بچوں کو بھارت نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے، پورا بلوچستان پاک بھارت جنگ میں فوج کے ساتھ رہا اور ہم نے فلسطین کے مسئلے پر کال دی تو بھی پورے بلوچستان نے حمایت کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، اسرائیل بد مست ہاتھی بناہوا ہے اور غزہ کی ناکابندی برقرار رکھی ہوئی ہے غذائی اجناس پہنچنا مشکل ہوگئی ہیں۔ غزہ میں شدید قحط سالی ہے، یہ اس دور میں ہورہا ہے جب انسان چاند پر پہنچ رہا ہے۔ دوسری جانب غزہ میں بھوک سے فلسطینی بچے شہید ہورہے ہیں،فلسطین میں دوائیاں نہیں ہیں اور بچوں کی بغیر انجکشن کے سرجری کی جارہی ہے۔

عوامی سطح پر یورپ، افریقہ اور آسٹریلیا میں بھی غزہ کی حمایت میں آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں، برطانیہ میں سروے کے مطابق 50 فیصد لوگ فلسطین کے حق میں ہیں اور اسرائیل کے خلاف ہیں۔ پاکستان میں بھی پورے ملک میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑے بڑے مارچ ہوئے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار مالاکنڈ کی خواتین نے بھی مارچ میں بھرپور شرکت کی۔

پاکستان میں موجود بڑی پارٹیوں میں سے کسی ایک نے بھی غزہ کی حمایت اور امریکہ کی مذمت نہیں کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے سالانہ تنخواہ دار کو ٹیکس فری اور باقی پر سے بھی ٹیکس کو ریوائز ہونا چاہیے۔ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی اور پیٹرولیم کی لیوی مزید کم ہونی چاہئے۔ بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس اور چھوٹے کاشت کاروں کو ٹیکس فری کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ساڑھے تین کروڑ آبادی کا شہر ہے لیکن اس کی گنتی درست نہیں کی گئی۔ کے الیکٹرک مافیا نے اپنی پیداوار کم اور بجلی کی قیمت اور لوڈ شیڈنگ کو بڑھایا ہے۔ کے الیکٹرک پورے پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہی ہے۔ نیپرا کے قانون کے تحت اگر کوئی بجلی کے بل جمع کرواتا ہے تو اس کی بجلی منقطع نہیں کی جاسکتی لیکن کے الیکٹرک پورے پورے علاقے کی بجلی بند کردیتی ہے۔

کراچی کا ہر شہری پانی و بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات کررہاہے۔ پورے شہر میں ٹینکر مافیا سرگرم ہے شہریوں کو گھروں کی لائنوں میں پانی نہیں مل رہا ہے۔کراچی کے عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کے خلاف جگہ جگہ احتجاج اور مظاہرے کر رہے ہیں۔ کراچی کے منتخب بلدیاتی نمائندے بھی کراچی کے جائز و قانونی حق اور بلدیاتی اداروں کو اختیار ات و وسائل کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کرنے اور سڑکوں پر نکلنے کے لیے مجبور ہو گئے ہیں۔

اس موقع پر امیر کراچی منعم ظفر خان،نائب امراء کراچی مسلم پرویز،محمد اسحاق خان،راجا عارف سلطان، نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، پبلک ایڈ کمیٹی کے سکریٹری نجیب ایوبی، نائب صدر عمران شاہد،سینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات