Live Updates

سندھ کے سینئر وزیرکی جانب سے وزیرستان میں شہید ہونے والے 13 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش

قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،دہشتگرد دشمن ممالک کی پراکسی کے طور پر ہماری فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، مگر ہماری سیکیورٹی فورسز ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور ان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہی ہیں،شرجیل میمن فی الحال وفاق سے پیپلز پارٹی کو وفاق میں شمولیت کی کوئی آفر نہیں کی گئی،ایم کیو ایم کے سیاست کرنے کے حق کو تسلیم کرتے ہیں اگر وہ مثبت سیاست کریں گے تو پیپلز پارٹی ضرور سراہے گی، کسی بھی جماعت کو مائنس کرنا ہمارا مقصد نہیں۔ اقلیتوں کے لیے سب سے زیادہ کام پیپلز پارٹی نے کیا ہے،پریس کانفرنس

پیر 30 جون 2025 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے وزیرستان میں شہید ہونے والے 13 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد دشمن ممالک کی پراکسی کے طور پر ہماری فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، مگر ہماری سیکیورٹی فورسز ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور ان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہی ہیں۔

کراچی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نے جس انداز میں پوری پارلیمنٹ کی حمایت سے عالمی فورمز پر پاکستان کا مقف پیش کیا، وہ ایک تاریخی کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو نے ایک مثر سفارتی جنگ لڑی، بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ کامیابی سے لڑا۔ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھی انہوں نے سخت مقف اپنایا، جسے عالمی ثالثی عدالت نے تسلیم کیا، اور بھارت کو واضح پیغام دیا گیا کہ کسی بھی یکطرفہ اقدام کا سخت ردعمل دیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں گریڈ 1 سے 16 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد، گریڈ 17 سے 22 کے لیے 10 فیصد اور پینشن میں 8 فیصد اضافہ کیا، جو چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کی ہدایات کے مطابق مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کی کوشش ہے۔صحت کے شعبے میں سندھ کی ترقی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے لوگ علاج کے لیے سندھ آ رہے ہیں۔

توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت لاکھوں خاندانوں کو مفت سولر سسٹم مہیا کر رہی ہے، کیونکہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو جیسے ادارے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، اور کئی علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کو بھی سولرائز کیا جا رہا ہے اور حکومت کی ترجیح ہے کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے عوام کو متبادل سہولیات دی جائیں۔

وزیراعلی سندھ کی کوشش ہے کہ اس سال 1000 ای وی بسز منگوائی جائیں تاکہ عوام کو ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ سندھ بھر میں پینے کے پانی اور زرعی پانی کے مسائل پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے جبکہ ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تمام اضلاع میں معیاری سڑکوں کی تعمیر کی گئی ہے۔ تاہم سکھر-حیدرآباد موٹر وے منصوبے کے لیے رکھی گئی رقم ناکافی ہے، اور یہ رقم منصوبہ شروع کرنے کے لیے بھی پوری نہیں۔

سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں سی آئی اے کراچی نے 4 ہائی پروفائل "را" ایجنٹس گرفتار کیے، جبکہ مختلف کارروائیوں میں 27 ڈاکو مارے گئے۔ سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کے تین دہشتگردوں کو گرفتار کیا جن میں ایک کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ اس کے علاوہ 35 منشیات فروشوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ان تمام اقدامات کا مقصد صوبے میں جرائم پر مثر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے بڑا افسوس ہوا کہ میڈیا کے بڑے بڑے ادارے ایسی خبریں بغیر تصدیق کے چلا دیں، وفاقی حکومت کی جانب سے حال ہی میں کوئی بھی پیشکش نہیں کی گئی تھی، نہ پیپلز پارٹی کے یہاں ایسی کوئی بات زیر غور ہے، نہ ایسی کوئی دعوت آئی ہے نہ پیپلز پارٹی کوئی حامی بھر رہی ہے۔ میڈیا ہاسز کو بغیر کسی تصدیق کی خبر چلانے میں ذرا احتیاط برتنی کریں۔

ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو میچوئرٹی اور تحمل سے کام لینا چاہئے اور منفی سیاست کو چھوڑدینا چاہئے، پی ٹی آئی کے پاس کوئی انتخابی نشان نہیں تھا، نہ وہ جماعت کے طور پر انتخابات نہیں لڑی تھی،جو ریلیف مانگا ہی نہیں گیا وہ دے دیا گیا۔ عدالتیں قانون اور آئین کے مطابق چلیں گی، اگر آپ الیکشن نہیں لڑ رہے تو آپ کو نسشتیں کیسے مل سکتی ہیں۔

عمران خان کو چاہئے کہ منفی سیاست چھوڑ کر مثبت سیاست کریں۔ پی ٹی آئی کی ٹیم آج بھی مقامی اور بین الاقوامی طور پر پاکستان کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوات میں بہت افسوسناک واقعہ ہوا، کے پی حکومت کی ناکامی اور انتظامیہ کی نااہلی ضرور ہے، انسانی جانوں کا ضیاع المیہ تھا، اس پر بیٹھ کر پوائنٹ اسکورنگ کرنا افسوسناک ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات خوش آئند ہے اور یہ پورے پاکستان کی عزت ہے، پاکستان اور پاکستانی عوام کا مورال بلند ہوا یہ کریڈٹ ہماری افواج کو جاتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے 17 نشستوں پر بھی سیاست کی تھی، آج بھی جہاں پاکستان کے بقا، خوشحالی، بہتری کی بات ہوگی پیپلز پارٹی وہاں حمایت کرے گی، جہاں پاکستان کے مفادات کے خیال نہیں رکھا جائے گا وہاں پاکستان پیپلز پارٹی اپنا موقف واضح، مضبوط اور بہتر طور پر رکھے گی، نمبرز کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ۔

ہم بلیک میلنگ کی سیاست نہیں کرتے۔ کینالز کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے نہ حکومت چھوڑنے کی بات کی نہ کوئی اور دھمکی دی، اس عوامی مسئلے کو پیپلز پارٹی نے متعلقہ پلیٹ فارمز پر حل کروایا۔ پاکستان کی خاطر ہم نے وفاقی حکومت کڑوے فیصلے بھی قبول کئے ہیں، آئی ایم ایف کے معاملے میں وفاقی حکومت کے کڑوے فیصلوں کا بھی ہم نے ساتھ دیا ہے۔ کراچی میں بارشوں کے دوران بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میئر، ڈپٹی میئر اور عملہ متحرک رہا، جماعت اسلامی شکست خوردہ جماعت ہے، تاہم ان کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے ایم کیو ایم کے سیاست کرنے کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ مثبت سیاست کریں گے تو پیپلز پارٹی ضرور سراہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جماعت کو مائنس کرنا ہمارا مقصد نہیں۔ اقلیتوں کے لیے سب سے زیادہ کام پیپلز پارٹی نے کیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات