افغانستان میں جنگجووں کا خواتین کے ٹریننگ سینٹر پر حملہ، 3 افراد جاں بحق،7 زخمی

جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے،حملے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، ٹریننگ سینٹر میں موجود 63 خواتین کو بروقت کارروائی کرکے بچا لیا گیا

اتوار 29 جولائی 2018 19:41

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء) افغانستان کے شہر جلال آباد میں جنگجوں نے خواتین کے مڈوائف ٹریننگ سینٹر پر حملہ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔

(جاری ہے)

افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ننگرہار کے صوبائی دارالحکومت جلال آباد میں جنگجوں نے اچانک خواتین کے ایک ٹریننگ سینٹر پر حملہ کردیا جس میں ایک ڈرائیور اور 2سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے۔

حملے کے وقت ٹریننگ سینٹر میں موجود 63 خواتین کو بروقت کارروائی کرکے بچا لیا گیا۔سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں میں جھڑپ کئی گھنٹے تک جاری رہی۔ ایک خودکش بمبار نے حملے سے قبل دھماکا بھی کیا۔ علاقے میں متعدد دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ طالبان نے حملے کی تردید کی ہے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔