چیف جسٹس کاپی ٹی آئی کے نومنتخب رکن اسمبلی کے ڈیرے پر ہوائی فائرنگ ،پولیس پر تشدد کا ازخود نوٹس

رکن اسمبلی ندیم بارا کو چوبیس گھنٹوں میں گرفتار کرنیکا حکم ،نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے ‘جسٹس ثاقب نثار عدلیہ سے افسران اس لیے دئیے تاکہ صاف شفاف الیکشن ہوسکیں،سپری کورٹ نے سرگودھا میں آر او کیساتھ بد تمیزی کا بھی نوٹس لے لیا

اتوار 29 جولائی 2018 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر ہوائی فائرنگ اور پولیس پر تشدد کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو چوبیس گھنٹوں میں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کا نام فوری طور پر ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے ۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے دوران ازخود نوٹس لیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب سید کلیم امام اور دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 50 افراد کے خلاف انسداد دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے مزید بتایا کہ تھانہ ہنجر وال میں درج کئے گئے مقدمے میں28 ملزمان نامزد ہیںجن میں سے 21 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جو قانون کی عزت نہیں کریں گے ہم انہیںنہیں چھوڑیں گے ،انہیں قانون کی عزت کرنا سکھائیں گے اور انہیں قانون کی گرفت میں لائیں گے۔چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن اسمبلی ندیم عباس بارا کو چوبیس گھنٹوں میں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی فعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور مرکزی ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سرگودھا میں ریٹرننگ آفیسر کے ساتھ بد تمیزی کا بھی نوٹس لے لیا اور ریمارکس دئیے کہ ہم نے عدلیہ سے افسران اس لیے دئیے تھے کہ تاکہ صاف شفاف الیکشن ہوسکیں۔چیف جسٹس پاکستان نے آئی جی پنجاب کو 24 گھنٹے میں رپورٹ دینے کا حکم دیا اور کہا کہ معاملے کی تہہ تک جائیں گے، ذمہ داران کے خلاف کارروائی بھی کریں گے اور کسی صورت بدتمیزی والا رویہ برداشت نہیں کریں گے۔