پنجاب میں حکومت سازی کیلئے کوششیں آخری مراحل میں داخل ،پی ٹی آئی کانشستوں کی تعداد131تک پہنچنے کا دعویٰ

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی 9آزاد اراکین کی حمایت کا دعویٰ سامنے آ گیا ،حکمت عملی کے تحت نام سامنے نہیں لائے گئے ‘ ذرائع سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان بھی متحرک ہو گئے ،پی ٹی آئی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے نام کا اعلان آج متوقع ہے چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت(ق) لیگ کا مشاورتی اجلاس ،(ن) کی بجائے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا

اتوار 29 جولائی 2018 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)پنجاب میں حکومت سازی کے لیے کوششیں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں ،تحریک انصاف نے مزید تین آزاد اراکین کی حمایت کیساتھ نشستوں کی تعداد131تک پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی 9آزاد اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم ان کے نام سامنے نہیں لائے گئے ،سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان بھی متحرک ہو گئے ،پی ٹی آئی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نام کا اعلان آج ( پیر) کے روز متوقع ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کیلئے آزاد کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی کے اراکین بھی اہمیت اختیار کر گئے ہیں ۔تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ (ق) سے رابطے تقریباً مکمل کر لئے گئے ہیں اور اتحادیوں کے درمیان حکومت سازی کے فارمولے پر جلد حتمی رابطہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف پیپلز پارٹی سے اپنے رابطے بڑھائے ہیں بلکہ مسلم لیگ (ق) سے بھی رابطہ کر کے حمایت مانگی گئی ہے ۔

تاہم مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پی ٹی آئی مرکز اور صوبے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دے گی ۔ ذرائع کے مطابق (ق) لیگ کی قیادت کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے رابطہ کیا ۔ پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں مرکز اور صوبے میں اس کا ساتھ دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے مزید تین آزاد اراکین کی حمایت حاصل کر لی ہے جس سے اس کے اراکین کی تعداد 131ہو گئی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی تعداد 129ہے تاہم اس کی جانب سے بھی 9آزاد اراکین کی حمایت کا دعویٰ سامنے آیا ہے ۔ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی جانب سے حکمت عملی کے تحت یہ نام سامنے نہیں لائے جارہے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان بھی متحرک ہو گئے ہیں اور انہوںنے آزاد اراکین اسمبلی سے رابطے کر کے انہیں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس نمبرز پورے ہیں اور اکثریتی پارٹی ہونے کی حیثیت سے پی ٹی آئی پنجاب میں حکومت بنائے گی ۔ا نہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیلئے نام کا اعلان آج پیر کے روز متوقع ہے ۔