محمد نواز شریف کو طبی وجوہات کے باعث پمز منتقل کیا جا رہا ہے، نگراں وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

اتوار 29 جولائی 2018 20:30

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء) نگراں وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد نواز شریف جو اڈیالہ جیل میں قید ہیں ان کو طبی وجوہات کے باعث پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو یہاں ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پمز ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کے ڈاکٹرز ڈاکٹر ندیم ملک اور ڈاکٹر ذوالفقار غوری کی تجویز پر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ نواز شریف کے خون کے ٹیسٹ اور ای سی جی میں بعض مسائل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کی درخواست پر ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کیانی کو بھی ہسپتال میں ان کے معائنے کی اجازت دی گئی ہے کیونکہ نواز شریف نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جیل حکام کو نواز شریف کی پمز ہسپتال میں منتقلی کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔