سپریم کورٹ نے میرٹ کے برعکس تعیناتی پر لاہور کالج فار ویمن کی وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹادیا

تیس روز میں میرٹ پر تعیناتی کرنے کی ہدایت، سفارش کرنیوالے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈین سے متعلق بھی رپورٹ طلب

اتوار 29 جولائی 2018 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے میرٹ کے برعکس تعیناتی پر لاہور کالج فار ویمن کی وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کر دئیے ، سفارش کرنے والے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈین سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی گئی ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کی ۔

چیف جسٹس نے لاہور کالج فار ویمن کی وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی سے کہا کہ انکوائری رپورٹ کے مطابق آپ کی تقرری میرٹ کے مطابق نہیں ہوئی اس پر وضاحت پیش کریں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کے ساتھ ناجائز نہیں کریں گے ۔دوران سماعت چیف جسٹس نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈین کی جانب سے سفارش کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے آپ کی تعیناتی کیسے ہوئی ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ کالج کے کسی سینئر پروفیسر کو قائمقام وائس چانسلر کا چارج دیا جائے جبکہ تیس روز میں میرٹ کے مطابق تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔چیف جسٹس نے سفارش کرنے والے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈین سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی۔