اسلام آباد، نواز شریف کی پمز ہسپتال منتقلی ڈیل کا نتیجہ ہے ، اعتزازاحسن

متوقع الیکشن جیتنے والے عمران خان پھنس گئے ،حکومت تو بنا لیں گے اقتدار اور طاقت ان کے پاس نہیں ہو گی،سینیٹ میں قانون سازی کرنے کی پوزیشن میںنہیں، اتحادیوں کے مطالبات سے مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ ے گا، رہنما پیپلزپارٹی کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 29 جولائی 2018 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عمران خان کا الیکشن جیت جانا متوقع تھا لیکن وہ پھنس چکے ہیں کیونکہ انہیں کمزور حکومت ملے گی جو قانون سازی نہیں کر پائے گی جبکہ نواز شریف کی پمز ہسپتال منتقلی بھی ڈیل کا نتیجہ لگتی ہے وہ بین الاقوامی اسٹبلیشمنٹ کی گارنٹی پر ہی واپس آئے تھے اور وہ کاروباری ہونے کے ناطے کبھی گھاٹے کا سودا نہیں کرتے تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما اعتزازاحسن نے کہا کہ انتخابات میں عمرا ن خان کی جماعت کی فتح متوقع تھی لیکن کم نشستوں والی ادھوری فتح کے نتیجے میں عمران خان پھنس چکے ہیں کیونکہ وہ حکومت میں تو آرہے ہیں لیکن اقتدار اور طاقت ان کے پاس نہیں ہو گی سینیٹ میں اکثریت نہ ہونے کے باعث وہ کسی قسم کی قانون سازی کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور انہیں اپنے اتحادیوں کے مطالبات سے بھی خاصی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ ے گا انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا ہے لیکن ہماری جماعت کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف کو پتہ ہے کہ ان کا کیس بہت کمزور ہے اس کے باوجود پاکستان واپس آنے کا خطرہ مول لیا۔ وہ ایک بزنس مین کبھی خسارے کا سودا نہیں کرتے اور وہ انٹرنیشنل اسٹبلیشمنٹ کے ساتھ ڈیل کر کے ہی آئے ہوں گے اور ضرورت ان کو کچھ دے کر آئے ہوں گے وہ اس سے قبل بھی معاہدہ کر کے ملک سے باہر چلے گئے تھے اور ان کی حالیہ پمز ہسپتال منتقلی بھی ڈیل کا نتیجہ ہی لگتا ہے کیونک نواز شریف میں جیل کاٹنے کی ہمت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا وطیرہ رہاہے کہ جب مفاد ہوتا ہے تو وہ پاؤں پکڑتے ہیں اور جیسے ہی مفاد ختم ہوتا ہے تو ہو گریبان پکڑتے ہیں۔