سعید غنی پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کی صدارت سے مستعفی،پارٹی چیئرمین کی جانب سے کام جاری رکھنے کی ہدایت

پیپلز پارٹی کی شکست کا ذمہ دار خود کو سمجھتا ہوں،جہاں جہاں دھاندلی ہوئی،ان حلقوں میں دھاندلی روکنا بھی ہمارا کام تھا، سعید غنی

اتوار 29 جولائی 2018 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے پارٹی کی شکست کے بعد کراچی ڈویژن کی صدارت سے استعفی دے دیاہے تاہم پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی کے اجلاس میں سعید غنی نے اپنااستعفی پیش کیا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہاکہ کراچی میں تنظیمی کارکردگی بہتر نہیں بناسکا،جس کی وجہ سے مستعفی ہورہاہوں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی،پیپلز پارٹی کی شکست کا ذمہ دار خود کو سمجھتا ہوں۔سعید غنی نے کہاکہ جہاں جہاں دھاندلی ہوئی،ان حلقوں میں دھاندلی روکنا بھی ہمارا کام تھا۔ انھوں نے تسلیم کیاکہ دھاندلی روکنے میں ناکام ہوئے۔

سعید غنی نے مزید تسلیم کیاکہ بلاول بھٹو سمیت دیگر پارٹی امیدواروں کی شکست اپنی شکست سمجھتا ہوں اوراس وجہ سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونا چاہتا ہوں۔سی ای سی اجلاس میں کے پی اور پنجاب سمیت دیگر علاقوں کے رہنمائوں نے بھی استعفی کی پیشکش کی۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے فی الوقت کسی کا استعفی منظور نہیں کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو نے تمام پارٹی عہدیداروں کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔