تیر و ترکش

ہفتہ 30 جنوری 2021

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#تحریکِ عدم اعتماد، پیپلزپارٹی نے حکمت عملی بنالی۔
یقین کریں اس کام کا حکمت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، 1973ء کے آئین کے تناظر میں!
#ہم نفرتیں ختم کرنے کی بات کرتے ہیں، نورالحق قادری
اپنے آپ کو عزت سے ”ہم“ کہہ رہے ہیں قادری صاحب، ورنہ قوم وزیراعظم سمیت ہر وزیر مشیر کے بیانات سنتی اور پڑھتی ہے۔


#قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور کمیشن لایا جارہا ہے، فواد چودھری، شہزاد اکبر
زور کس پر ہوا؟ ”کمیشن“پر!
#پاکستان میں کرپشن چار درجے بڑھ گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ
تیل، گیس، بجلی، آٹا،چاول، دال، سبزی ہر چیز کی قیمت بڑھ گئی تو کرپشن کیوں پیچھے رہتی۔

(جاری ہے)


#لگتا ہے الیکشن کمیشن آئین سے نہیں کہیں اور سے ہدایات لے رہا ہے، سپریم کورٹ
آپ کو صرف لگتا ہے؟
#سینیٹ میں اوپن بیلٹ بل قائمہ کمیٹی سے منظور، ن لیگی ارکان غیرحاضر۔


پھر کہتے ہیں ……آہو!
#حکومت کے سیاسی ڈھانچے پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، فواد چودھری
ذرا صبر کریں، آپ کی یہ حسرت بھی پوری کردیں گے کرنے والے۔
#سندھ حکومت عالمی بینک کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
جس ”کام“ کا تجربہ آپ کو ہے وہ صرف ملکی بینکوں کے ساتھ ہوسکتا ہے وہ بھی اس وقت جب وفاق میں بھی آپ کی حکومت ہو۔


#عمران خان کی کوئی صنعت ہے نہ کاروبار، شبلی فراز
کرکٹ سے ریٹائر ہوئے 28 برس ہوگئے، سرکاری تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا، پھر خرچے کہاں سے پورے ہوتے ہیں؟اس سوال کا جواب تیار رکھیں ہوسکتا ہے کبھی دینا پڑ جائے۔ ہیں جی!
#پاکستان بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے ثالثی کی پیشکش کردی
یہ لولی پاپ کس کے کہنے پر دے رہے ہیں سیکریٹری صاحب!
#کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے، وزیراعظم
کراچی کے حوالے سے صوبائی کیا مرکزی حکومت میں بھی رحم ہے نہ کرم!
#وزیراعظم کے بیان سے اندازہ ہوتا ہے انہیں عوامی مسائل سے دلچسپی نہیں، ترجمان سندھ حکومت
اور آپ کی مسلسل ساڑھے بارہ سالہ حکومتی کارکردگی سے یقین ہوتا ہے کہ آپ کا حال بھی ایسا ہی ہے۔


#پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، سلیم صافی
آپ کو یہ بات مولانا نے بتائی ہے ناں!؟
#والدہ شہادت سے قبل سالگرہ کا تحفہ چھوڑ گئی تھیں، بختاور بھٹو زرداری
کبھی ”وصیت“ والے تحفے کے متعلق بھی بتائیں ناں!
#اپوزیشن میں کوئی دراڑ نہیں، پی ڈی ایم متحد ہے، مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو
خبر کا متن پڑھ کر پتا چلا کہ یہ الفاظ مولانا کے ہیں۔

ہیں جی!
#چیئرمین نیب پورے سسٹم کو ڈسٹرب کررہے ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
آپ کیا چاہتے ہیں کہ ایسا نہ کرکے خود ڈسٹرب ہوجائیں چیئرمین نیب؟
#ریلوے کو گزشتہ چھ ماہ میں 20 ارب 30 کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے، اعظم سواتی
اس 20 ارب 30 کروڑسے فائدہ کس بلکہ کس کس نے اٹھایا، یہ کب بتائیں گے آپ؟
#براڈ شیٹ کمیٹی کا اعلان ایک اور مذاق ہے، اسفند یار ولی
پروفیسر عنایت علی خان مرحوم کی روح سے معذرت کے ساتھ #
چل رہی ہے پوری حکومت مذاق ہی مذاق میں
ہوتا ہے روز اک نیا اعلان مذاق ہی مذاق میں
#جہانگیر ترین کو پارٹی عہدہ دینے کی راجا ریاض کی تجویز وزیراعظم نے مسکراکر نظرانداز کردی۔


وہ کیا ہے کہ #
ہم ہنس دیے ہم چپ رہے منظور تھا پردہ تیرا
#وزیراعظم جو کہتے ہیں کرکے بھی دکھاتے ہیں، گورنر پنجاب
وزیراعظم کا کہا ہوا دیکھنے کے لیے بندے کا گورنر ہونا ضروری ہے ناں!
#امن وامان کے لیے آخری حد تک جا سکتے ہیں، شیخ رشید احمد
آپ کی کوئی حد بھی ہے!
#پی ڈی ایم کی سربراہی چھوڑنے کی خبر بے بنیاد ہے، مولانا فضل الرحمن
لگتا ہے پی ڈی ایم کے پاس بنیاد والی بس یہی خبر ہے۔


#عظمت سعید عزت سے الگ ہوجائیں ورنہ حقائق سامنے لائیں گے، مریم نواز
آپ جو حقائق سامنے لائیں گی اس سے اور عزت بڑھ جائے گی عظمت صاحب کی، ان کو لانے والوں کی نظر میں۔
#چیف الیکشن کمشنر آئین کے تحت کام نہیں کررہے۔
یہ بات اپوزیشن نے نہیں سپریم کورٹ نے بتائی ہے۔
#آیندہ سال ارکان پارلیمان کو 50 کروڑ کے ترقیاتی فنڈ دیں گے، عمران خان
اسے ٹرک کی بتی بھی کہہ سکتے ہیں؟
#نیب نے خورشیدشاہ کے فرنٹ مین اور دیگر کو کلین چٹ دے دی۔


کرلو جو کرنا ہے!
#میری بیوی کو بتا دیں واقعی خواتین کی بہت عزت کرتا ہوں، وزیرریلوے کا خواتین بزنس فورم سے خطاب
حالانکہ یہ بات آپ کی بیوی کو بتانا چاہیے تھی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :