Live Updates

عام انتخابات 2024ئ: ملک بھر میں پولنگ پرامن رہی ، ملک کے چوٹی کے سیاسی رہنمائوں نے اپنے اپنے حلقوں میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا

جمعرات 8 فروری 2024 22:07

اسلام آباد، لاہور ، کراچی، پشاور ، کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2024ء) عام انتخابات2024ء کے لیے ملک بھر میں پولنگ پرامن رہی ، ملک کے چوٹی کے سیاسی رہنمائوں نے اپنے اپنے حلقوں میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے صبح 8 بجے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

عوام الناس کے ساتھ سیاسی رہنما اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، خاتون اول ثمینہ علوی کے ہمراہ کراچی میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹائون کے حلقے این اے 128 میں جب کہ سابق صدر آصف زرداری نے نواب شاہ نے اپنے آبائی حلقے ایل بی او ڈی پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے این اے 128 لاہور ماڈل ٹائون میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے این اے 127 لاہور میں اپنا جمہوری حق استعمال کیا۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈی آئی خان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 44 کے لیے حق رائے دہی استعمال کیا۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما آصفہ بھٹو نے نوابشاہ میں جب کہ ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے این اے 51 مری میں اپنا ووٹ ڈالا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما فاروق ستار نے کراچی کے علاقے پی آئی بی میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ہے۔ ایم کیو ایم امیدوار آسیہ اسحاق نے این اے 232 کراچی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے این اے 46 کے لیے اسلام ااباد کے ماڈل اسکول ڈروہ میں قائم پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ ڈالا۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 129 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے اہلیہ کے ہمراہ کوئٹہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ن لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے این اے 71 سیالکوٹ، احسن اقبال نے این اے 76 نارووال، کیپٹن (ر) صفدر نے این اے 15، راجا ریاض نے فیصل آباد این اے 104، حنیف عباسی نے راولپنڈی، ڈاکٹر طارق فضل نے این اے 47 اسلام آباد اور قیصر احمد شیخ نے این اے 94 چنیوٹ میں اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نثار کھوڑو نے لاڑکانہ، نفیسہ شاہ نے این اے 202 خیرپور، شازیہ مری نے این اے 209 سانگھڑ میں اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے این اے 19 صوابی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ تیمور سلیم جھگڑا نے پشاور، بابر اعوان نے این اے 51 کہوٹہ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ آزاد امیدوار میاں محمد سومرو نے این اے 190 جیکب آباد میں ووٹ ڈالا۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے سوات سے این اے 4 اور پی کے 10 کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے این اے 250 نارتھ ناظم آباد میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا جب کہ آئی پی پی کے رہنما محمد ہاشم ڈوگر نے پنجاب سے صوبائی اسمبلی کے حلقے 180 کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے گورنمنٹ گرلز کیمونٹی ماڈل اسکول پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا۔

اے این پی رہنما ایمل ولی خان نے چارسدہ این اے 25 جبکہ سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے روڑیا قدیم پولنگ اسٹیشن مردان میں ووٹ کاسٹ کیا۔پی پی امیدوار اعجاز جکھرانی نے این اے 190 جیکب آباد سے، پی پی امیدوار سہیل انور سیال نے لاڑکانہ سے سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 12، آغا سراج درانی نے پی ایس 9 شکارپور سے ووٹ کاسٹ کیا۔سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خیرپور اور جے یو آئی رہنما راشد محمود سومرو نے این اے 194 لاڑکانہ سے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پی پی رہنما شرجیل میمن نے ٹنڈوجام، قمر زماں کائرہ نے لالہ موسیٰ، جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے لودھراں،سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے ملتان کے حلقہ این اے 139 میں، سابق سینیٹر اور آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے این اے 47 اسلام آباد سے جب کہ جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری نے این اے 261 قلات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات