امریکی صدر کا پہلا غیرملکی دورہ ، 23 مئی کو سعودی عرب آئیں گے

ْڈونلڈ ٹرمپ سعودی دورے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئی بنیاد استوار کریں گے،وائٹ ہائوس

جمعہ 5 مئی 2017 11:54

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مئی ء)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ 23 مئی کو اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب آئیں گے۔امریکی ٹی وی کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں امریکی صدر کے سعودی عرب کے دورے اور اس کی تاریخ کا اعلان کیا ۔ وہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل اور ویٹی کن بھی جائیں گے۔بیان میں ٹرمپ نے کہاکہ وہ اس دورے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک نئی بنیاد استوار کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ اس ماہ کے چوتھے ہفتے میں برسلز میں معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم (نیٹو) کے سربراہ اجلاس اور سسلی میں گروپ سات کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ان کے اس دورے کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا تھا اور اب اس میں تین اور ممالک شامل کر لیے گئے ہیں۔صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے صدر کی حیثیت سے میرا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا ہوگا۔اس کے بعد اسرائیل جاؤں گا اور پھر اپنے اسقفوں کے پیارے دیس روم جاؤں گا۔