کرپٹ ٹولہ احتساب سے بچ نکلا تو قوم اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے سومنات کو پاش پاش کر ے گی،سینیٹر سراج الحق

پولیو سے بچائو کی طرح حکمرانوں کو بھی کرپشن سے بچائو کے ٹیکے لگانے چاہئیں،عدالتو ں نے وزیراعظم کا احتساب کیا تو قوم احسان مند ہوگی ، لٹیروں کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں ، اڈیالہ جیل ہے ، قوم لٹیروں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیا دیکھنا چاہتی ہے،چمن بارڈر پر حملہ بھارت کی سازش ہے،اقتدار میں آ کر ایسی خارجہ پالیسی دیں گے کہ کسی دشمن کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ ہوگی امیر جماعت اسلامی پاکستان کا ٹانک میں شمولیتی جلسہ سے خطاب

جمعہ 5 مئی 2017 23:29

ٹانک (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مئی ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عدالتو ں نے وزیراعظم کا احتساب کیا تو قوم احسان مند ہوگی اور شاباش دے گی لیکن اگر کرپٹ ٹولہ احتساب سے بچ نکلا تو قوم اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے سومنات کو پاش پاش کر ے گی ۔ کرپشن کا علاج صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ، پولیو سے بچائو کی طرح حکمرانوں کو بھی کرپشن سے بچائو کے ٹیکے لگانے چاہئیں، لٹیروں کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں ، اڈیالہ جیل ہے ۔

قوم لٹیروں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیا دیکھنا چاہتی ہے۔ تمام مسائل کا حل شریعت کے نفاذ میں ہے ۔ چمن بارڈر پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ بھارت کی سازش ہے کیونکہ بھارت نہیں چاہتاکہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی ہو اور دونوں ملکوں کی سرحدوں پر امن رہے ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج افغانستان جو ہمارا دوست تھا ، دشمنی پر اتر آیاہے ۔

ہم اقتدار میں آ کر ایسی خارجہ پالیسی دیں گے کہ کسی دشمن کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ ہوگی ۔ و ہ جمعہ کو ٹانک میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں نے قوم کو اسلامی انقلاب کی منزل سے دور کیا۔ حکمران یہود ہنود اور مغرب سے دوستیاں پالتے رہے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خود حکمران ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف پاکستا ن دشمن بھارتی وزیراعظم مودی کو آم بھیجتے ہیں جبکہ سید علی گیلانی سے سلام لینے کے بھی روادا ر نہیں ۔ حکمرانوں کا رویہ اپنے عوام سے ہمیشہ بیگانوں والا اور دشمن سے اپنوں والا ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک بھر کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے پسماندہ اضلاع اور فاٹا کے حقوق کی بات کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ ان اضلاع کے عوام جو ق درجوق جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ حکمران اللہ سے بغاوت کا رویہ چھوڑدیں ، سو د اللہ اور رسول ؐ کے خلاف اعلان جنگ ہے اور وزیراعظم نے سود کے خلاف شریعت کورٹ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا اور سپریم کورٹ میں التواء کی رٹ دائر کرادی ۔ انہوں کہاکہ ہم ملک میں اللہ کی حاکمیت اور خلافت راشدہ ؓ کا نظام چاہتے ہیں جس میں عوام اور حکمران برابر ہوں اور عام آدمی کو بھی تعلیم ، صحت ، روزگار اور چھت جیسی بنیادی سہولتیں مل سکیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم امریکہ اور لندن کی نہیں مدینہ منورہ کی طرز پر حکومت چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سراج الحق ذاتی اقتدار کی نہیں ، عام آدمی کے اختیار کی بات کرتاہے تاکہ پسماندہ طبقہ بھی زندگی کی خوشیوں سے لطف اٹھا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض اسٹیٹس کو کی حامی قوتوں نے قومی یکجہتی اور اتحاد کو شدید نقصان پہنچایا ہے اس وقت امن اور وحدت کی سخت ضرورت ہے مگر حکمران خود کو قانون کے شکنجے سے بچانے کے لیے قوم میں نفرتیں پیدا کر رہے ہیں ۔ سراج الحق نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں مظلوم اور محکوم عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے تاکہ ستر سال سے جاری ظلم و جبر کے نظام کا بت توڑا جاسکے ۔