عثمان ڈار کا درخواست کے باوجود ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہ کرنے کا الزام

دوبارہ گنتی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں ،ْ فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی ہے ،ْ ویڈیو پیغام

اتوار 29 جولائی 2018 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے الزام عائد کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 میں درخواست کے باوجود ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں کی جارہی ،ْ ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں عثمان ڈار نے کہا کہ میں اپنے تمام میڈیا کے دوستوں کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ این اے 73 سیالکوٹ میں کوئی بھی پولنگ بیگ کھول کر اس کی دوبارہ گنتی نہیں ہورہی۔

انہوںنے کہاکہ میں نے ریٹرنگ افسر (آر او) کو دوبارہ گنتی کے حوالے سے درخواست دی تھی جس پر انہوں نے فیصلہ سنایا تھا کہ حلقے کے 15 پولنگ بیگز کھولے جائیں۔عثمان ڈار نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ انہوں نے اس فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں پٹیشن دائر کردی ہے۔

(جاری ہے)

ای سی پی میں دائر پٹیشن میں عثمان ڈار نے موقف اختیار کیا کہ ان کے انتخابی حلقے میں تمام پولنگ بیگز کھولے جائیں اور ان کی دوبارہ گنتی کرائی جائے۔انہوں نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ٹی وی چیلنز پر ان کے حلقے میں دوبارہ گنتی کے حوالے سے چلنے والی خبریں بالکل من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر اس حوالے سے کسی نے ان سے کچھ پوچھنا ہے تو وہ پوچھ سکتا ہے۔