Syed Ali Abbas Jalalpuri

سید علی عباس جلالپوری تحریر : پروفیسر لالہ رخ بخاری

Syed Ali Abbas Jalalpuri

1986میں پاکستان پنجابی ادابی بورڈ لاہور کی جانب سے انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کی دو کتابیں پنجابی ادبی بورڈ نے شائع کی تھیں“وحدت الوجودتے پنجابی شاعری” اور“ساڈے وڈکیاں دی سوجھ”۔ 1989میں انہیں تحریک خرد افروزی کے لئے اعلیٰ پائے کی تصانیف تحریر کرنے پر ایوارڈ سے نوازا کیا۔ یہ ایوارڈ وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے دیا۔

سید علی عباس جلالپوری
تحریر: پروفیسر لالہ رخ بخاری
(ایسوسی ایٹ پروفیسر، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار وومن، سیٹلائٹ ٹاؤن، گوجرانوالہ)

سید علی عباس جلالپوری(پیدائش:19 اکتوبر1914 تا 6 دسمبر 1998) پاکستان میں تحریک خرد افروزی کے بانی تھے۔

اُن کا تعلق ننھیال ڈنگہ ضلع گجرات اور ددھیا ل جلالپور شریف ضلع جہلم سے تھا،جلالپور شریف کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس شہر کوسکندر اعظم نے بسایا تھا۔سید علی عباس کا چشتیہ سلسلہ سے نسبت رکھنے والے خانوادہ (پیر سید حیدر شاہ) سے تعلق تھا جس کا شجرہ نسب 30 واسطوں سے حضرت علی ابن ابی طالب سے منسلک بتایا جاتا ہے۔
والد کا نام سید سیدن شاہ جو ڈنگہ کی عدالت میں منصف کے عہدے پر فائز تھے، ان کا ذاتی کتب خانہ تھا، عربی و فارسی میں مہارت رکھتے تھے، موسم گرما و سرما میں مستحق افرادکو موسم کے مطابق پارچہ جات تقسیم کیا کرتے تھے، سنجیدہ اور کم گو انسان تھے۔
سید علی عباس جلالپوری کی والدہ کا نام فضل بیگم، تھا، نہایت مدبر، محنتی اور کم گو خاتون تھیں جس کی وجہ سے گھر کا ماحول پرامن رہتا تھا۔ جلالپوری اپنے گھر کے ماحول کے بارے میں کہتے تھے:
“خوش قسمتی سے میں ایک ایسے گھرانے میں پیدا ہوا جہاں علم و حکمت کا چرچا تھا۔
ہمارے ہاں کم وبیش تمام ادبی رسائل آتے تھے۔ میں ساتویں جماعت میں تھا کہ بچوں کے رسالے ” پھول“ کے ساتھ ساتھ ” ہمایوںِِ“” زمانہ“ وغیرہ میں چھپے ہوئے افسانے بھی پڑھنے لگا تھا۔ ان کے علاوہ خواجہ حسن نظامی، راشد الخیری اور نذیر احمد دہلوی کی کتابیں بھی میری نظر سے گزرنے لگی تھی۔
اس زمانے میں ایک دن اپنے کتب خانے کو کھنگالتے ہوئے دو نایاب کتب مرے ہاتھ لگیں جن کے مطالعے نے مجھے دنیا و مافیہا سے بے خبر کردیا۔ ان میں، ایک “داستان امیر حمزہ” اور دوسری “الف لیلیٰ” تھی”
1931میں سندر داس ہائی اسکول ڈنگہ سے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور گورنمنٹ انٹر کالج گجرات میں پڑھنے لگے، ان کے مضامین میں فلسفہ، انگریزی تاریخ اور فارسی شامل تھے۔
1934میں1 انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہورمیں بی اے میں داخلہ لیا۔ ان کے اساتذہ میں مسٹر گیرٹ، مسٹر کھنہ، مسٹر ڈکنسن، مسٹر ھیچ اور جناب احمد شاہ پطرس بخاری شامل تھے۔ ” راوی“ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہتے ہیں
“مسٹر ھیچ میرے ٹٹوریل گروپ کے انچارج تھے۔
انہوں نے مجھے دنیا کی سو بہترین کتابوں کی فہرست دی جس میں ہر موضوع پر کتابیں شامل تھیں، مجھے عام اور کلاسکی کتاب کا فرق یہاں سے معلوم ہوا”

ملازمت
ابھی بی اے میں زیر تعلیم تھے کہ والد صاحب انتقال فرماگئے، بی اے کے بعد تعلیم جاری نہ رکھ سکے، مزید برآں ان کے سوتیلے رشتہ داروں کا ان کے ساتھ سلوک ناگفتہ بہ تھا۔
جلالپوری آبائی وطن جلالپور شریف سدھار گئے۔ خاندان میں اعلیٰ عہدوں پر فائز عزیز و اقارب کی کمی نہ تھی مگر جلالپوری دیر تک وعدہ فروا پر بہلائے جاتے رہے، غالباً ان کی لیاقت اور خودداری حسد اور بغض کی بڑی وجہ تھی۔ دریں اثنا ان کے بچپن کے استاد خدا بخش کشمیری نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بی ٹی کا کورس کرکے مدرس کے عہدے پر کام کریں اور سلسلہ حصول علم بھی جاری رکھیں۔
اس مخلصانہ مشورے کو پسند کرتے ہوئے جلالپوری نے1944-45 میں گورنمنٹ سنٹرل ٹریننگ کالج لاہور سے بی ٹی کا کورس کیا۔ دوران تعلیم اپنے مہربان بزرگ سید کرم شاہ کے ہاں مقیم رہے، یہاں موسیقی کی محافل بپا رہتی تھیں۔ ایک پنڈت جی سے وائلن بجانا بھی سیکھا ۔
راگ ایمن، بھیرویں اور درباری خاص طور پر پسند کرتے تھے۔ ملکہ ترنم نور جہاں اگرچہ اس وقت کم سن تھیں مگر گائیکی میں توجہ جذب کر لیا کرتی تھیں ۔ ان کا ذکر انہوں نے اپنے مضمون“یادوں کے چراغ” میں کیا ہے جو کہ “ فنون” کے ایک شمارے میں اشاعت پذیر ہوا۔
خواجہ خورشیدانور ان کے ہم جماعت تھے۔ جلالپوری کہا کرتے تھے
“اگر میں فلسفی نہ ہوتا تو موسیقار ہوتا”

بی ٹی کا کورس کرکے بطور مدرس ملازمت کا آغاز کیا۔ پنڈ دادن خان، چکوال، بھوچھال کلاں اور پنڈی گھیب میں خدمات انجام دیں۔
ان کے خطوط میں وہاں کے حالات کا تذکرہ ملتا ہے۔ یہ خطوط ” مکاتب علی عباس جلالپوری“ کے عنوان سے کتابی صورت میں چھپ چکے ہیں، مرتبہ ان کی صاحبزادی پروفیسر لالہ رخ بخاری (مصنفہ مضمون)ہیں جو گوجرانوالہ کے گورنمنٹ کالج میں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
جلالپوری کچھ عرصہ انسپکٹر اسکولز (ADI) بھی رہے1945میں شہزادی بیگم سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ جلالپوری نے دوران ملازمت 1950میں اردو میں ایم اے کیا اور بطور لیکچرار ایمرسن کالج ملتان میں تعینات ہوئے۔ یہاں ایک وسیع لائبریری دامن دل کشا کئے ان کو خوش آمدید کہہ رہی تھی۔
فارسی میں پہلے ہی مہارت حاصل تھی چنانچہ ایم اے فارسی کرنے کا ارادہ کیا اور1954میں ایم اے فارسی میں قابل رشک کامیابی حاصل کی جس پر گولڈ میڈل کے حقدار ٹھہرائے گئے لیکن ان کا اصل موضوع فلسفہ تھا، مشہور زمانہ فلسفی ول ڈیوران کے ساتھ ان کی خط و کتابت بھی رہی۔
اس کی تاریخ کی کتاب شائع ہوئی تو جلالپوری نے ان میں اغلاط کی نشان دہی کی، ول ڈیوران نے ان اغلاط کا جائزہ لیا اور اقرار کیا کہ وہ اگلے ایڈیشن میں ان اغلاط کو درست کردیں گے۔ اس خط کا عکس“ مکاتب علی عباس جلالپوری” میں دیا گیا ہے۔
1958میں جلالپوری نے فلسفے کا امتحان امتیازی حیثیت سے پاس کیا۔ ان کے ایک امتحانی پرچے کو ہندوستان کے پروفیسروں نے چیک کیا کیونکہ پاکستان میں اس کا کوئی استاد موجود نہ تھا۔ اب وہ ایم اے فلسفہ گولڈ میڈلسٹ تھے۔ میونخ یونیورسٹی جرمنی سے انہیں پی ایچ ڈی کے وظیفے کی دعوت آئی۔
شہزادی بیگم نے بھرپور انداز میں انہیں جانے کے لئے مجبور کیا مگر بیوہ ماں اور بیوہ بہن کے چار بچوں کی کفالت ان کے راستے کی بڑی رکاوٹ تھی۔ انہوں نے وطن میں رہ کر اپنا موقف پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ 1956میں ان کا تبادلہ گورنمنٹ کالج فار بوائز سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ میں ہوگیا۔
اس ادارے کا ادبی مجلہ ” مہک“ انہوں نے اولین سطح پر جاری کیا۔ اپنے تصنیف کردہ ڈرامے سٹیج کروائے۔ ” یادوں کے سائے“ نامی ڈراما محفوظ رہ گیا ہے۔ منور سعید اور دلدار پرویز بھٹی ان کے طلبہ میں سے تھے۔
تصنیف و تالیف
تصنیف و تالیف کا رجحان ان کے ذوق مطالعہ کا مرہون منت تھا۔
دسویں جماعت میں پہلا افسانہ“ہمایوں” میں چھپا جسے ادبی مجلے کا اعزازحاصل تھا۔ 1936میں جب وہ گورنمنٹ کالج سے بی اے کرچکے تو ان کے افسانے اور مضامین“ہمایوں” میں چھپنے لگے، بطورطالب علم کچھ عرصے کے لئے شعرو شاعری کا شوق بھی چرایا لیکن ان کے استاد پطرس بخاری نے انہیں عملی کام کرنے کی تلقین کی غالباً اسی لئے ان کے افسانے اور شاعری سنبھالے نہ جاسکے۔
ادبی دنیا کے مدیر مولانا صلاح الدین نے انہیں علمی کام کرنے کا مشورہ دیا۔ترقی پسند تحریک کے بانی سجاد ظہیر، رشیدہ جہاں، ڈاکٹر تاثیر، فیض احمد فیض جیسی شخصیات افتخار الدین کے گھر اکٹھی ہوتیں تو جلالپوری بھی ان کی محفلوں میں شرکت کرتے۔
سب کی فرمائش پر انہوں نے مارکسزم پر اپنا ہمدردانہ مقالہ بھی پڑھا۔ تحقیق اور مسلسل اقتباس لکھنے اور تصنیف و تالیف کرنے کا کام زندگی مانگتا ہے جس کی وجہ سے جلالپوری کی زندگی میں مجلس کے تکلفات ختم ہوتے چلے گئے۔ ان کے اقتباسات پر مبنی 60نوٹ بکس موجود ہیں جو سینکڑوں کتابوں کا نچوڑہیں۔
ان نوٹس بکس کے تقریباً15000 صفحات ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لیونارڈو ڈاونچی کے نوٹس “ تحریری و تصویری صفحات” بھی اتنے ہی ہیں۔
اقبال کے بارے میں
گوجرانوالہ میں رہائش کے دوران انہوں نے اقبال کو فلسفی کی بجائے متکلم ثابت کیا۔
یہ مضمون “ادبی دنیا” اور “فنون”میں شائع ہوئے تو اہل قبہ و جبہ کی مخالفت کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔ کفر و زندقہ کے فتوے لگے مگر صاحبزادہ فیض الحسن شاہ نے یہ فتوے واپس کرائے اور جلالپوری کے ایک کزن ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سید حسنات احمد نے ان کی ٹرانسفر24اگست 1967کو سنٹرل ٹریننگ کالج لاہور کروادی۔
“اقبال کا علم الکلام” جیسی معرکہ آرا تصنیف لاہور میں شائع ہوئی جس پر ان کا مناظرہ بشیر احمد ڈار سے ہوا مگر عارضہ قلب کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔ یہ مناظرہ کتابی صورت میں ترتیب دیا جارہا ہے۔ 1972میں وہ ریٹائرڈ ہوگئے۔
1973میں نجم حسین سید (CSP) آصف خان، راجہ رسالو، سید ضیغم الحسن باقری اور جلالپوری نے پنجاب یونیورسٹی لاہور میں پنجابی شعبے کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا۔
جلالپور واپسی
1978-79 میں وہ جلالپور واپس تشریف لے گئے۔1984تک کائنات اور انسان، خرد نامہ جلالپوری، رسوم اقوام، میرا بچپن اور لڑکپن،پریم کا پنچھی پنکھ پسارے(ناولٹ)، پنجابی محاورے اور سبد گل چیں مکمل کیں۔
پریم کا پنچھی پنکھ پسارے دوبارہ ایک نوٹ بک میں صاف کرکے لکھا جو ایک ناولٹ ہے۔ یہ ناولٹ جنوری2011میں راقمہ نے شائع کیا ہے۔
بیماری
14جون1984میں ان پر فالج کا موذی مرض حملہ آور ہوا۔ جہلم اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں زیر علاج رہے مگر محدود وسائل کی بناء پر اس معیار کا علاج نہ ہوسکا کہ مکمل صحت یابی ہوجاتی۔
داہنے ہاتھ میں رعشہ ہوگیا تو تصنیف و تالیف سے ناطہ ٹوٹ کیا
ایوارڈ و اعزازت
1986میں پاکستان پنجابی ادابی بورڈ لاہور کی جانب سے انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کی دو کتابیں پنجابی ادبی بورڈ نے شائع کی تھیں“وحدت الوجودتے پنجابی شاعری” اور“ساڈے وڈکیاں دی سوجھ”۔
1989میں انہیں تحریک خرد افروزی کے لئے اعلیٰ پائے کی تصانیف تحریر کرنے پر ایوارڈ سے نوازا کیا۔ یہ ایوارڈ وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے دیا تھا۔ دونوں ایوارڈ وصول کرنے کے لئے ان کے بڑے صاحبزادے پرنسپل“ ریٹائرڈ” سید حامد رضا تشریف لے گئے۔
اس سے قبل لاہور میں جب “مقامات وارث شاہ” منظر عام پر آئی تو انہیں آدم جی پرائز کے لئے نامزدکیا گیا۔ کئی ادبی شخصیات نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی مگر جلالپوری صاحب نے سرمایہ دار نمائندہ سے انعام وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
اپنے بارے میں وہ کہتے تھے“دنیا میں ایک چیز ایسی ہے جس کے لئے میں جان بھی دے سکتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ مجھے کوئی دبا نہیں سکتا۔ نہ نظریئے سے، نہ باتوں میں، نہ کسی قسم کے رعب سے، جب سے ہوش سنبھالا ہے میں باغی ہوں”۔
کتابیں
روح عصر
یہ کتاب1969میں شائع ہوئی، اب اس کا پانچواں ایڈیشن شائع ہوچکا ہے، انسانی ذہن کے ارتقاء، سائنسی طریقہ تحقیق، ادہام اور اساطیری قصوں کے پس منظر کے تاریخی حالات کا جائزہ، مسلسل بدلتی کائنات اور شعور کی ترقی کے ساتھ عصر حاضر میں انسانی مقام کا جائزہ بند دریچوں کو کھول کر تازہ ہوا کے جھونکوں سے فضا کو پاکیزہ کردیتا ہے۔

مقامات وارث شاہ
یہ تحقیقی تصنیف جون 1972 میں وجود میں آئی، وارث شاہ کی ادبی حیثیت ، پنجاب کے رسوم و رواج، سماج میں پھیلی کدورتیں، استحصال، کسانوں کی امنگوں، تمناؤں اور ارمانوں کی آئینہ دار ہے۔ اس کتاب کا انتساب بھی “ جیالے کسانوں کے نام” ہے۔


روایات فلسفہ
1969میں اشاعت پذیر ہوئی۔ فلسفے کو عام قاری کے لئے آسان ترین انداز میں پیش کیا ۔ وجودیت، جلالی مادیت، نوفلاطونیت، موجودیت، تجربت، مثالیت پسندی، ارتقایت، روایات فلسفہ کے اہم موضوعات ہیں۔
اقبال کا علم کلام
1972میں ” ادبی دنیا“ میں چھپنے والے مضامین کو کتابی صورت میں مرتب کیا۔
مسلمان معاشرے کے جمود کی بڑی وجہ شخصیت پرستی کو اہم سبب بیان کیا ہے۔ اقبال خود کو فلسفی کہلوانا پسند نہیں کرتے تھے مگر احباب تھے کہ بزور منوانے پر تلے رہتے تھے۔ جلالپوری نے ان کے اشعار، افکار، خطوط، خطبات، احیائے العلوم ( غزالی کی تصنیف،) سے دلائل دے کر ثابت کیا ۔
مگر کفر کا فتویٰ لگاکر طوفان برپا کردیا گیاالیکن آج تک اس کتاب کا جواب نہیں لکھا جاسکا۔

عام فکری مغالطے
نومبر1985 میں اس کتاب کی اشاعت ہوئی۔ یہ کتاب دانتے فکر و ادب میں اپنی نوعیت کی اولین کتاب ہے۔بقول محمد ارشاد
“اس بات کو تو معرض بحث میں نہیں لایا جاسکتا کہ اس انداز فکر کا جسے پروفیسر صاحب مغالطہ کہتے ہیں واضح طور پر تہذیب و علوم کے ارتقاء میں رکاوٹ ہے۔
اس لحاظ سے عام فکری مغالطے کی علمی حیثیت عیاں ہے اور غالباً اس موضوع پر پہلی کتاب ہے جو دنیا کی کسی زبان میں لکھی گئی ہے۔“
عام فکری مغالطہ میں یہ مغالطے ہیں۔ایک یہ کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ دو یہ کہ بے راہ روی کا نام آزادی ہے۔
تین یہ کہ ماضی کیسا اچھا زمانہ تھا۔چار یہ کہ فلسفہ جاں بلب ہے۔پانچ یہ کہ انسانی فطرت ناقابل تغیر ہے۔چھٹا یہ کہ وجدان کو عقل پر برتری حاصل ہے۔ساتواں یہ کہ دولت مسرت کا باعث ہوتی ہے۔آٹھواں یہ کہ تصوف مذہب کا جز ہے۔نواں یہ کہ عشق ایک مرض ہے۔
دسواں یہ کہ اخلاقی قدریں ادبی و ابدی ہیں۔گیارہواں یہ کہ عورت مرد سے کہتر ہے۔بارہواں یہ کہ فن برائے فن کار ہے۔تیرہواں یہ کہ انسان فطرتاً خود غرض ہے۔ چودہواں یہ کہ ریاست اور مذہب لازم و ملزوم ہیں۔

مقالات جلالپوری
1969میں لاہور سے شائع ہوئی جس میں13 مضامین ہیں۔
تین مقالے مرزا اسد اللہ خان غالب کے فکروفن، جمالیات، کلام منقبت کے حوالے سے تحریر کئے ہیں۔ فرائڈ، ژنگ کے نظریات کے حوالے سے بھی مقالے درج ہیں۔ اس کے علاوہ خواجہ فرید کی عشقیہ شاعری، کافکا اور فن و فلسفہ سے متعلق تحقیقی،ً و منطقی انداز میں جامع مقالہ جات درج ہیں۔


تاریخ کا نایاب موڑ
1984 میں شائع ہوئی۔ پروفیسر ظفر علی خان کی تعیناتی گورنمنٹ انٹر کالج فار بوائز میں ہوئی تو وہ جلالپور شریف آپ سے ملاقات کے لئے تشریف لے گئے، اتنے دن تک قیام پذیر رہے، کہتے ہیں کہ“وہ علم کا سمندر ہیں اور میں پیاسا”معلوم ہی نہ ہوا کہ تین دن اور تین راتیں کیسے گذر گئیں۔
سید علی عباس جلالپوری نے انہیں کتابوں کے مسودے دکھائے اور پبلشروں کی زیادتیوں کی شکایت کی۔ پروفیسر ظفر علی خان نے پیسے اکٹھے کئے اور ان مسودوں کو کتب کا روپ دے دیا۔ فالج کے مرض کے دوران “تاریخ کا نایاب موڑ” چھپ کر ہاتھ میں آئی تو زرد چہرے پر سرخی دوڑ گئی۔
دیر تک کتاب پر ہاتھ پھیرتے رہے جیسے اولاد کو پیار سے سہلایا جاتا ہے۔ اس تصنیف میں انسان کی ابتدا اور بتدریج ترقی کو جامعیت سے بیان کیا گیا ہے کہ کس طرح انسان حالات و حادثات کا جبر توڑتے ہوئے مختلف ادوار سے گزر کر موجودہ سائنس کے دور میں داخل ہوا ہے۔


کائنات اور انسان
پروفیسرظفر علی خان کے مشورے پر جلالپوری کے دونوں بیٹوں سید حامد رضا اور سید جعفر رضا نے مکتبہ خرد افروز قائم کیا اور خود کتابیں چھاپنے لگے، سید جعفر رضا نے اس مقصد کے لئے نہایت لگن اور مستقل مزاجی سے کتابت سیکھی اور بقیہ مسودوں کی خود کتابت کی۔

1989 میں کائنات اور انسان کتابی شکل میں آئی۔ ایک بار پھر چہرے پر شگفتگی آگئی۔ پروفیسرظفر علی خان کہتے ہیں کہ “کتاب ہاتھ میں لے کر ان کے چہرے پر جو رونق کھل اٹھتی تھی اسے دیکھ کر میری محنت وصول ہوجاتی”۔اس کتاب میں انسانی سوچ کا ارتقا فلسفیانہ اندازمیں پیش کیا ہے۔
روحوں کا مت کیا ہے، جادو ٹونے کیسے وجود میں آئے، دیومالائی قصے کہانیوں کے اثرات، مذہب اور فلسفے کے مختلف پہلو، منطقی انداز میں یوں سمجھائے کہ ذہن نشین ہوجاتے ہیں۔ اس کتاب میں پیری فقیری کے دلچسپ واقعات اور ادب و فن سے دلائل دے کر ثابت کیا ہے کہ ابھی مقام خرد تک رسائی کے لئے ہماری قوم کو اپنا سفر جاری رکھنے کی کس قدر ضرورت ہے۔


روایات تمدن قدیم
1991میں شائع ہوئی۔ سید جعفر رضا نے اس کی کتابت اپنے ہاتھ سے کی تھی۔ اس کتاب میں نمایاں تہذیبوں کا جائزہ جڑوں تک کھود کر پیش کیا گیا ہے۔ عراق، مصر، کنعان، بنی اسرائیل، یونان، ایران، ہند، چین، اس میں شامل ہیں، ان تہذیبوں کا آغاز، رسوم، طبقات، تفریحات، مذاہب، نظریات، انکشافات، جنگیں، اشتمالیت کے تصورات، خیر و شر کی آویزش، توہمات، جادو ٹونے وغیرہ کے باہمی تعلق اور انسانی زندگی پر ان کے اثرات کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔


جنسیاتی مطالعہ
1991میں شائع ہوئی، جنس ہمارے معاشرے میں طبو (TABU) ہے، اس پر بات کرنا ممنوع ہے بلکہ گناہ ہے، جلالپوری سے ان کے نوجوان شاگرد مشورے لیا کرتے تھے۔ اس پر انہیں خیال آیا کہ بلوغت کے وقت لڑکوں اور لڑکیوں کو صحت مندانہ رہنمائی کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
والدین اس موضوع پر بات کرنا باعث ننگ و عار سمجھتے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ نوجوان عمر کے اس پر آشوب دور میں لاعلمی کی بنا پر غلط راستوں پر چل نکلتے ہیں اور عمر بھر پچھتاوے میں مبتلا رہتے ہیں۔ اس کتاب میں جلالپوری نے سائنسی طرز تحقیق سے والدین اور نوجوانوں کو اہم معلومات بہم پہنچائی ہیں۔


رسوم اقوام
مئی 1993 میں اشاعت پذیر ہوئی۔ اس کتاب میں مصری، یونانی، ہندی، عراقی، چینی اور دیگر اقوام کی رسوم کا جائزہ لیا گیا ہے۔ مثلاً بچے کی پیدائش ، موت، شادی، موسموں، مذہبی تہواروں، اجداد پرستی اور تفریحات وغیرہ کی رسومات کے بارے میں کثیر، معلومات کے ساتھ انسانی نفسیات کا بتدریج اتار چڑھاؤ بھی قرطاس پر ابھر آتا ہے۔
خوف، نفسیاتی الجھنیں، احساس کمتری، چڑچڑا پن، عدم برداشت و عدم توازن کے رویے نمایاں ہوتےہیں۔

خردنامہ جلالپوری
1993میں شائع ہوئی، اس کتاب کے بارے میں سید علی عباس جلالپوری کہتے ہیں
“” راقم نے bayleکی طرح علمی اور تحقیقی نکتہ نظر سے اس لغات کی تدوین کی ہے۔
اس کتاب کا مقصد یہ ہے کہ پڑھے لکھے لوگوں کے ذہن و دماغ کو روشن کیا جائے اور انہیں تنگ دلی و تنگ نظری سے نجات دلاکر ایسی معلومات بہم پہنچائی جائیں جن سے قاری کی نگاہیں وسعت اور ذہن و قلب میں کشادگی پیدا کی جائے اور وہ انفرادی و اجتماعی مسائل کا جدید سائنس اور جدید فلسفے کی روشنی میں سامنا کرسکیں”

وحدت الوجود تے پنجابی شاعری
لاہورمیں قیام کے دوران یہ کتاب پنجابی ادبی بورڈ نے شائع کی تھی۔
اس کتاب میں تصوف کے آغاز، سفر، شخصیات، موضوعات، مشہور صوفی شعرا اور ان کے کلام سے بحث کی گئی ہے۔ مشرقی پنجاب میں اس کا ترجمہ گورمکھی میں کیا گیا ہے۔

ساڈے وڈکیاں دی سوجھ
یہ کتاب ایک چھوٹے سے پمفلٹ کی مانند ہے جو سید ضیغم الحسن باقری کی فرمائش پر لکھا تھا۔
اس کتاب میں دنیا کی اعلیٰ علمی شخصیات اور ان کی تخلیقات میں سے چیدہ چیدہ اقتباسات کو پنجابی میں ترجمہ کیا گیا تھا۔ شاید اس کا دوسرا ایڈیشن نہیں چھپا جس کی وجہ سے یہ کتابچہ عموماً دستیاب نہیں۔
پریم کا پنچھی پنکھ پسارے
جنوری2011 میں اس مختصر ناولٹ کو میں (راقمہ)نے اپنے ناول خواب ہوئے مہتاب کے ساتھ شائع کیا ، جلالپوری کا یہ ناولٹ محبت کی ایک ایسی کہانی ہے جو ذات پات، قوم و مذہب، اونچ نیچ، کی تمام جکڑ بندیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔
حسن و عشق کی شگفتگی اور دلنشین مکالمات، دیہات کا پس منظر اور تحریر کا گداز من موہ لیتا ہے۔ جلالپوری نے ثابت کیا کہ فلسفہ خشک مضمون نہیں بلکہ ادب کو بھی اپنے رنگ میں رنگ سکتا ہے۔
مکاتیب سیدعلی عباس جلالپوری
ان کے پرانے خطوط میرے پاس محفوظ تھے۔
مرض کے ایام میں زیادہ تر میں ہی ان کے خطوط املا کرتی تھی۔ اصلاح شدہ خط سپرد ڈاک کرتی تھی اور رف میرے پاس ہی رہتے۔ سوچا ان خطوط کو مرتب کردوں۔ سوائے محبت کے اور کوئی جذبہ کار فرما نہ تھا۔ ان خطوط سے ان کی نجی زندگی بھی مجلسی زندگی جیسی جھلکتی ہے۔

یہ کتاب جون 2013 میں شائع ہوئی۔ اس کتاب میں اُن کے وہ خطوط شامل ہیں۔جو انہوں نے دوران ملازمت دور دراز مقامات سے اپنی بیگم اور بچوں کو تحریر کیے تھے۔اس میں دیگر افراد کےنام بھی شامل ہیں۔مثلاً جگتار سنگھ، احمد ندیم قاسمی، سید سبط الحسن ضیغم، مشتاق احمد، پروفیسر ظفر علی خان، سید محمد کاظم اور ول ڈیورانٹ شامل ہیں۔

ابھی مزید مسودے سید حامد رضا کے پاس موجود ہیں، امید ہے کہ جلد ہی ان کی اشاعت کا کام بھی مکمل ہوجائے گا۔
چند اشعار
وقت کے جبر اور فالج کے مرض کی شدت کے باوجود ان کی شگفتگی اور فلسفیانہ فکر میں کمی نہیں آئی تھی۔
زیادہ پڑھ بھی نہیں سکتے تھے۔ بائیں ہاتھ سے لکھنے کی مشق کی، بیٹی کو دوران ملازمت گھر سے دور جانا پڑتا تو بائیں ہاتھ سے خط لکھ کر پوسٹ کروایا کرتے تھے۔اس زمانے میں ہلکی پھلکی شاعری بھی کیا کرتے تھے۔ چند اشعار منیر نیازی کی ایک غزل کی زمین میں کہے۔

آنکھوں کے ستاروں کو چمکائے ہوئے رہنا
رخسار کے پھولوں کو مہکائے ہوئے رہنا
دزدیدہ نگاہوں سے رہ رہ کہ تکے جانا
کینائے ہوئے رہنا، گھبرائے ہوئے رہنا
اظہار محبت کی جرات نہ کبھی کرنا
سید تیری قسمت ہے پچھتائے ہوئے رہنا
وفات
آپ نے چودہ برس نہایت پامردی سے فالج جیسے مرض کا مقابلہ کیا تھا اور اپنی زندگی، اپنے چنے ہوئے راستے، اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے سلسلے میں ہمیشہ اطمینان کا اظہار کیا۔
بیماری کے ایام میں وہ جہلم میں سید حامد رضا کے پاس مقیم تھے اور جلالپور شریف جانے کی خواہش کا اظہار کثرت سے کیا کرتے تھے۔
6دسمبر1998کی ملجی شام کو عقل و خرد کا یہ چراغ بجھ گیا۔ مگر نوجوان اس کا اجالا پھیلانے میں مصروف ہیں۔ ان کی علمی و عقلی تحقیق سے معمور کتب چراغ سے چراغ جلارہی ہیں۔ وہ جلالپور شریف میں اپنے آباؤ اجداد کی“سادات کی خانقاہ” میں سپرد خاک کیے گئے۔

(390) ووٹ وصول ہوئے

مزید مضامین

Aor Dhang Se Khawb Likhnay Wala Shaair ...Daniyal Tareer

اور ڈھنگ سے خواب لکھنے والا شاعر ۔۔۔۔۔ دانیال طریر

Aor dhang se khawb likhnay wala shaair ...Daniyal Tareer

BesveN Sadi Ka Ehd Saz Shair .... Munir Niazi

بیسویں صدی کا عہد ساز شاعر ۔۔۔۔ منیر نیازی

BesveN sadi ka ehd saz shair .... Munir Niazi

Wasee Canvas Ka Shaair, Shaheen Abbas

وسیع کینوس کا شاعر ۔۔ شاہین عباس

Wasee canvas ka shaair, Shaheen Abbas

Sarsari Dil Ki Wardat

سرسری دل کی واردات نہیں ( نوید صادق )

sarsari dil ki wardat

Adnan Basheer Ki Shaairi Me Se

عدنان بشیر کی شاعری میں سے انتخاب

Adnan Basheer ki shaairi me se

BhaensaiN Palnay Wala Shaer

بھینسیں پالنے والا شاعر

BhaensaiN palnay wala shaer

Zulfiqar Adil Ki Shaeri (Naveed Sadiq)

ذوالفقار عادل کی شاعری (ںوید صادق)

Zulfiqar Adil ki shaeri (Naveed Sadiq)

Shaheen Abbas Ki Shaairi Se Intekhab

شاہین عباس کی شاعری میں سے انتخاب

Shaheen Abbas ki shaairi se intekhab

Raastoon Ka Dil Daada

راستوں کا دل دادہ ۔۔۔۔۔ کاشف حسین غائر

Raastoon ka dil daada

Fehmida Riaz Sahiba Se Aik Mulaqat

فہمیدہ ریاض سے ملاقات ( بشکریہ: بی بی سی اردو منظرنامہ)

Fehmida Riaz sahiba se aik mulaqat

Qamar Raza Shahzad Sb K Muntakhib Ashaar

ممتاز شاعر قمر رضا شہزاد صاحب کیے مجموعہء کلام یاددہانی کے بعد کہے گئے " تازہ کلام سے منتخب اشعار انتخاب : عتیق الرحمن صفی

Qamar Raza Shahzad sb k muntakhib ashaar

Guftgu Ka Muanviayati Tajzia

گفتگو کا معنویاتی تجزیہ

guftgu ka muanviayati tajzia

Sameena Raja

ثمینہ راجا ۔۔۔ ایک سچی شاعرہ

Sameena Raja

Zia Turk Ki Shairi Me Se Intekhab By Hammad Niazi

ضیا المصطفی ترک کی شاعری میں سے انتخاب

Zia turk ki shairi me se intekhab by Hammad Niazi

Qais K Qabeelay Ka Fard

قیس کے قبیلے کا فرد ۔۔ مبشر سعید

qais k qabeelay ka fard

Zeeshan Haider Ki Shaeri Se Intikhab

ادب نامہ کی طرف سے ذیشان حیدر کی شاعری سے انتخاب

Zeeshan Haider ki shaeri se intikhab

Your Thoughts and Comments

Syed Ali Abbas Jalalpuri. Read Special Urdu Poetry related articles, Latest Poetic Columns & Tributes on Urdu poets. Read article Syed Ali Abbas Jalalpuri and other Urdu shaiyre mazameen in Urdu. Read Urdu poets profiles, new poetry and mazameen like Syed Ali Abbas Jalalpuri only on UrduPoint.