سال نو کا آغاز، پاکستان بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ،دونوں ملکوں کے ہائی کمشنر ز نے دوسرے ملک کے دفتر خارجہ کو فہرستیں حوالے کیں،396پاکستانی بھارت اور 281بھارتی پاکستان میں قید ہیں، ذرائع

جمعرات 2 جنوری 2014 04:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان سال نو کے آغاز پر جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا‘ بھارتی ہائی کمشنر سی آر رگھوناتھ نے پاکستان میں جبکہ پاکستانی ہائی کمشنرسلمان بشیر نے نئی دہلی میں تنصیبات کی فہرست دوسرے ملک کے دفتر خارجہ میں حوالے کی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ہر سال یکم جنوری کو 1988ء کے معاہدے کے تحت کیا جاتا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں ملک سالانہ فہرستوں کے تبادلے کے پابند ہیں۔ بدھ کو پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر نے بھارت میں قید 396 پاکستانی قیدیوں کی فہرست بھی دفتر خارجہ کے حوالے کی۔ قیدیوں میں 257 عام شہری اور 139 ماہی گیر ہیں جبکہ بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر نے پاکستان میں قید 281 بھارتی قیدیوں کی فہرست دفتر خارجہ کے حوالے کی جن میں 232 ماہی گیر اور 49 عام شہری ہیں۔