بھارت میں مقبولیت کے بعد عام آدمی پارٹی پاکستان میں بھی رجسٹرڈ ہوگئی، ڈاکٹر عبدالقدیر کی پارٹی تحفظ پاکستان کو تحلیل کردیا گیا ، الیکشن کمیشن نے 6سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کردئیے

جمعرات 2 جنوری 2014 04:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء) بھارت میں مقبولیت کے بعد مہاجر لیگ نے عام آدمی پارٹی کے نام سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرا دی جبکہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی پارٹی تحفظ پاکستان کو تحلیل کردیا گیا اور الیکشن کمیشن نے 6سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کردئیے،ملک میں مجموعی طور پر 281سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔

بدھ کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دو جماعتیں رجسٹرڈ کی گئی ہیں،جن میں سوشل ڈیموکریٹک موومنٹ پاکستان جس کے چےئرمین محمد امین تبسم اور متحدہ امن پارٹی کے چےئرمین جہانزیب بابر ہیں جبکہ تحلیل ہونے والی جماعت تحریک تحفظ پاکستان کے چےئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ ان کی جماعت کو چھ سال کیلئے تحلیل کیا جائے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان مہاجر لیگ پارٹی کے چےئرمین ارسلان الملک نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا نام تبدیل کرکے عام آدمی پارٹی رکھا جائے،واضح رہے کہ بھارتی نئی دہلی کے نومنتخب وزیراعلیٰ اروند کیجروال عام آدمی پارٹی کے سربراہ ہیں اور انہوں نے حال ہی میں صوبے کی عوام کو 400یونٹ بجلی کے استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کا آدھا ریٹ اور 700لیٹر پانی استعمال کرنے والوں کو مفت پانی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اس سے زیادہ بجلی اور پانی اور استعمال کرنے والوں کو قواعد وضوابط کے مطابق بل ادا کرنا ہوں گے،مہاجر لیگ کے چےئرمین ارسلان الملک نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ ان کی پارٹی کا نام تبدیل کرکے عام آدمی پارٹی رکھا جائے،الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے انتخابی نشانات کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست کی تھی کہ انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں تاکہ آئندہ انتخابات میں ان کی پارٹی کے ورکر بھی ان کے نشانات پر الیکشن لڑ سکیں،صدائے پاکستان کو ”جنریٹر“ پاکستان راہ حق پارٹی کو ”استری“،تعلیم یافتہ پاکستان پارٹی ”ٹوکری“،لاء آف قرآن نظام مصطفیٰ پارٹی ”بیڈ“،نظریہ پاکستان پارٹی کو”زرافہ“ اور موو ان پاکستان کو”شترمرغ“ الاٹ کردئیے گئے۔