عمران خان نے ایوان صدر کے بجائے عوام کے درمیان حلف اٹھانے کی خواہش کا اظہار کردیا

عمران خان کے حلف اٹھانے کا معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا ،ْحتمی فیصلہ ایک دو روز میں متوقع

اتوار 29 جولائی 2018 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان نے ایوان صدر کے بجائے عوام کے درمیان حلف اٹھانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔25جولائی کوہونیوالے عام انتخابات کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 115 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی اورمرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی جس کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پاکستان کے اگلے وزیر اعظم ہوں گے۔

وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں لیاجاتا ہے اور صدر مملکت نومنتخب وزیر اعظم سے ان کے عہدے کاحلف لیتے ہیں تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نئی مثال قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں نہیں بلکہ عوام کے درمیان اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عمران خان کی اس تجویز کی حمایت کی ہے، تاہم عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف کہاں اٹھائیں گے اس بات کا تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اسلام آباد کے مشہور ڈی چوک پر حلف اٹھاسکتے ہیں ،ْ پریڈ گراؤنڈ سمیت دیگر آپشنز بھی زیرغور ہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان کے حلف اٹھانے کا معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگاجب کہ حلف برداری کی تقریب کہاں ہوگی اس کا حتمی فیصلہ بھی ایک سے دو روز میں ہوگا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ذوالفقارعلی بھٹو بھی عوامی انداز میں حلف اٹھاچکے ہیں۔