بد ترین دھاندلی کے باوجود بھی اتنی نشستیں ملنا معجزے سے کم نہیں‘ حمزہ شہباز

جہاز پر گھومتا نا اہل ترین شخص منتخب نمائندوںکی بولی لگاتا بھر رہا ہے،ذمہ دار ادارے چشم پوشی کی بجائے نوٹس لیں پنجاب میں حکومت بنانے کا حق قوم نے ہمیں دیا ہے‘ ملاقات کیلئے آنیوالے نو منتخب اراکین اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں سے گفتگو

اتوار 29 جولائی 2018 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ بد ترین دھاندلی کے باوجود بھی اتنی نشستیں ملنا معجزے سے کم نہیں،الیکشن کمیشن اور ذمہ دار ادارے پی ٹی آئی کے کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں، پوری قومی حق خود ارادیت پر ڈاکے کے خلاف سراپا احتجاج ہے،جہاں دوبارہ گنتی ہوتی ہے (ن )لیگ جیت رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ماڈل ٹائون میں ملاقات کے لئے آنے والے نو منتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات کے لئے آنے والوں نے کامیابی پر حمزہ شہباز شریف کو مبارکبا اور پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوری روایات کی پاسداری کی ہے ، ہم بھرپور سیاسی جنگ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت بنانے کا حق قوم نے ہمیں دیا ہے، اپنے قومی مینڈیٹ پر پورا پہرہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاز پر گھومتا نا اہل ترین شخص منتخب نمائندوںکی بولی لگاتا بھر رہا ہے،ذمہ دار ادارے چشم پوشی کی بجائے نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ آراوز ہمارے جیتے ہوئے حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں منظور جبکہ ہماری جانب سے دی جانے والی درخواستیں مستر د کر رہے ہیں ۔